کتاب 25: باب {الَّذِينَ اسْتَجَابُوا لِلَّهِ وَالرَّسُولِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4077
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ (عروہ) سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ آیت اَلَّذِيْنَ اسْتَجَابُوْا لِلّٰهِ وَ الرَّسُوْلِ … (صحابہ سے متعلق ہے) یعنی جن لوگوں نے اللہ اور رسولؐ کی بات مانی بعد اس کے کہ اُن کو زخم پہنچے، ان میں جنہوں نے نیک کام کئے اور تقویٰ اختیار کیا، اُن کے لئے بہت بڑا اَجر ہوگا۔ حضرت عائشہؓ نے عروہ سے کہا: اے میرے بھانجے! تیرے آباء زبیرؓ اور حضرت ابوبکرؓ بھی انہی لوگوں میں سے تھے کہ جب جنگ اُحد میں رسول اللہ ﷺ زخمی ہوئے اور مشرکین پلٹ گئے تو آپؐ کو خوف ہوا کہ کہیں وہ پھر نہ لَوٹ آئیں۔ آپؐ نے فرمایا: ان کا تعاقب کون کرے گا؟ تو اُن میں سے ستر آدمیوں نے اپنے آپ کو پیش کیا۔ عروہ کہتے تھے: ان میں حضرت ابوبکرؓ اور حضرت زبیرؓ بھی تھے۔