کتاب 27: باب أُحُدٌ يُحِبُّنَا وَنُحِبُّهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4083
نصر بن علی نے مجھ سے بیان کیا، کہتے تھے: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے قُرّہ بن خالد سے، قُرّہ نے قتادہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔
صحیح بخاری 4084
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مطلب کے غلام عمرو (بن ابی عمرو) سے، عمرو نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ کو اُحد دکھائی دیا تو آپؐ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ اے اللہ! ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور میں اس کے دو پتھریلے میدانوں کے درمیان کی جگہ کو حرم قرار دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 4085
عمرو بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے یزید بن ابی حبیب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ یزید نے ابوالخیر (مرثد) سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہؓ (بن عامر) سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن باہر آئے اور اُحد والوں کی نماز جنازہ اسی طرح پڑھی جس طرح کہ میت کی پڑھا کرتے تھے، پھر آپؐ منبر پر تشریف لائے اور فرمایا کہ میں تمہارا پیش رَو ہوں اور میں تمہارے لئے گواہی دوں گا اور میں اس وقت اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں دی گئی ہیں یا (فرمایا:) زمین کی چابیاں اور (فرمایا:) اللہ کی قسم! تمہارے متعلق مجھے یہ خوف نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے بلکہ تمہارے متعلق اس بات کا ڈر ہے کہ کہیں تم دنیا میں ایک دوسرے سے بڑھ کر حرص نہ کرنے لگو۔