کتاب 32: باب غَزْوَةُ بَنِي الْمُصْطَلِقِ مِنْ خُزَاعَةَ وَهْىَ غَزْوَةُ الْمُرَيْسِيعِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 4138

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ رَبِيعَةَ بْنِ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ يَحْيَى بْنِ حَبَّانَ عَنِ ابْنِ مُحَيْرِيزٍ أَنَّهُ قَالَ دَخَلْتُ الْمَسْجِدَ فَرَأَيْتُ أَبَا سَعِيدٍ الْخُدْرِيَّ فَجَلَسْتُ إِلَيْهِ فَسَأَلْتُهُ عَنِ الْعَزْلِ قَالَ أَبُو سَعِيدٍ خَرَجْنَا مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي غَزْوَةِ بَنِي الْمُصْطَلِقِ فَأَصَبْنَا سَبْيًا مِنْ سَبْىِ الْعَرَبِ فَاشْتَهَيْنَا النِّسَاءَ وَاشْتَدَّتْ عَلَيْنَا الْعُزْبَةُ وَأَحْبَبْنَا الْعَزْلَ فَأَرَدْنَا أَنْ نَعْزِلَ وَقُلْنَا نَعْزِلُ وَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بَيْنَ أَظْهُرِنَا قَبْلَ أَنْ نَسْأَلَهُ فَسَأَلْنَاهُ عَنْ ذَلِكَ فَقَالَ " مَا عَلَيْكُمْ أَنْ لاَ تَفْعَلُوا مَا مِنْ نَسَمَةٍ كَائِنَةٍ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ إِلاَّ وَهْىَ كَائِنَةٌ ".

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے، ربیعہ نے محمد بن یحيٰ بن حبان سے، انہوں نے ابن محیریز سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں مسجد نبوی میں گیا اور وہاں حضرت ابوسعید خدریؓ کو دیکھا۔ میں ان کے پاس جاکر بیٹھ گیا اور اُن سے عزل کے متعلق مسئلہ پوچھا۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ غزوہ بنی مصطلق میں نکلے۔ عربوں کے قیدیوں میں سے کچھ قیدی ہمیں غنیمت میں ملے۔ عورتوں کی ہم نے خواہش کی اور عورتوں سے علیحدگی ہمارے لئے مشکل ہوگئی اور ہم نے یہ پسند کیا کہ عزل کریں چنانچہ ہم نے عزل کرنا چاہا اور ہم نے کہا کہ یہ نامناسب ہے کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے درمیان ہوں اور آپؐ سے پوچھے بغیر ہم عزل کریں۔ چنانچہ ہم نے اس کے متعلق آپؐ سے پوچھا۔ آپ نے فرمایا: تمہیں کیا حرج ہے کہ تم ایسا نہ کرو۔ جو بھی جان قیامت تک ہونے والی ہے وہ تو ضرور ہی ہوکر رہے گی۔

صحیح بخاری 4139

حَدَّثَنَا مَحْمُودٌ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ غَزَوْنَا مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم غَزْوَةَ نَجْدٍ فَلَمَّا أَدْرَكَتْهُ الْقَائِلَةُ وَهْوَ فِي وَادٍ كَثِيرِ الْعِضَاهِ فَنَزَلَ تَحْتَ شَجَرَةٍ وَاسْتَظَلَّ بِهَا وَعَلَّقَ سَيْفَهُ فَتَفَرَّقَ النَّاسُ فِي الشَّجَرِ يَسْتَظِلُّونَ وَبَيْنَا نَحْنُ كَذَلِكَ إِذْ دَعَانَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَجِئْنَا فَإِذَا أَعْرَابِيٌّ قَاعِدٌ بَيْنَ يَدَيْهِ فَقَالَ " إِنَّ هَذَا أَتَانِي وَأَنَا نَائِمٌ فَاخْتَرَطَ سَيْفِي فَاسْتَيْقَظْتُ وَهْوَ قَائِمٌ عَلَى رَأْسِي مُخْتَرِطٌ صَلْتًا قَالَ مَنْ يَمْنَعُكَ مِنِّي قُلْتُ اللَّهُ. فَشَامَهُ ثُمَّ قَعَدَ فَهْوَ هَذَا ". قَالَ وَلَمْ يُعَاقِبْهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

محمود (بن غیلان) نے ہمیں بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نجد کی طرف جہاد کے لئے نکلے۔ جب ظہر کا وقت ہوا تو آپؐ وادی میں گئے جہاں کانٹے دار درخت بہت تھے۔ آپؐ ایک درخت کے نیچے اُترے اور اس کے سایہ میں ٹھہرے اور اپنی تلوار لٹکائی اور لوگ بھی اِدھر اُدھر آرام کرنے کے لئے منتشر ہوگئے۔ ہم سایہ میں آرام ہی کر رہے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں بلایا۔ ہم آئے، کیا دیکھتے ہیں کہ ایک بدوی آپؐ کے سامنے بیٹھا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ میرے پاس آیا اور میں سو رہا تھا، اس نے میری تلوار سونت لی۔ میں جاگ پڑا۔ یہ میرے سر پر ننگی تلوار سونتے کھڑا تھا۔ کہنے لگا: کون مجھ سے تمہیں بچائے گا؟ میں نے کہا: اللہ۔ اس نے تلوار نیام میں کر لی، پھر بیٹھ گیا۔ سو وہ یہ ہے۔ حضرت جابرؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اسے سزا نہ دی۔

10 von 10 heute frei