کتاب 43: باب عُمْرَةُ الْقَضَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4251
عبیداللہ بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، انہوں نے حضرت براء (بن عازب) ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ نے ذی القعدہ میں عمرہ کرنے کا ارادہ کیا تو اہل مکہ نے اس بات سے انکار کیا کہ آپؐ کو مکہ میں داخل ہونے دیں۔ آخر آپؐ نے ان سے اس شرط پر صلح کی کہ آپؐ (آئندہ سال عمرہ کو آئیں گے اور) یہاں (مکہ میں) تین دن تک ٹھہریں گے۔ جب صلح نامہ لکھنے لگے تو یوں لکھا کہ یہ وہ شرطیں ہیں جن پر محمد رسول اللہ (ﷺ) نے صلح کی۔ (مکہ والے) کہنے لگے: ہم اس (مقام) کو نہیں مانتے۔ اگر ہم جانتے کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں، آپؐ کو کبھی نہ روکتے۔ بلکہ آپؐ محمد بن عبداللہ ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں اللہ کا رسول بھی ہوں اور محمد بن عبداللہ بھی۔ آپؐ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: ’’رسول اللہ‘‘ کا لفظ مٹا دو۔ حضرت علیؓ نے کہا: ہرگز نہیں، اللہ کی قسم! میں آپؐ (کے خطاب) کو کبھی نہیں مٹاؤں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے لکھا ہوا کاغذ لے لیا اور آپؐ اچھی طرح لکھنا نہیں جانتے تھے۔ آپؐ نے یوں لکھا: یہ وہ شرطیں ہیں جو محمد بن عبداللہ نے ٹھہرائیں۔ مکہ میں کوئی ہتھیار نہیں لائیں گے، سوائے تلواروں کے جو نیاموں میں ہوں گی اور مکہ والوں میں سے کسی کو بھی ساتھ نہیں لے جائیں گے۔ اگر چہ وہ ان کے ساتھ جانا چاہے اور اپنے ساتھیوں میں سے کسی کو بھی نہیں روکیں گے اگر وہ مکہ ٹھہرنا چاہے۔ (خیر جب اس معاہدہ کے مطابق) آپؐ (آئندہ سال) مکہ میں داخل ہوئے اور (تین دن کی) مدت ختم ہوگئی تو قریش حضرت علیؓ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اپنے ساتھی (محمد ﷺ) سے کہو کہ اب یہاں سے چلے جائیں۔ کیونکہ مقررہ مدت گزر چکی ہے۔ چنانچہ نبی ﷺ وہاں سے روانہ ہوگئے۔ حضرت حمزہؓ کی بیٹی آپؐ کے پیچھے آئی جو پکار رہی تھی کہ اے چچا! اے چچا! حضرت علیؓ نے جاکر اسے لے لیا۔ اس کا ہاتھ پکڑا اور حضرت فاطمہ علیہا السلام سے کہا: اپنے چچا کی بیٹی کو لے لیں۔ انہوں نے اس کو سوار کر لیا۔ اب حضرت علیؓ، حضرت زیدؓ اور حضرت جعفرؓ (حضرت حمزہؓ کی) لڑکی کی بابت جھگڑنے لگے۔ حضرت علیؓ کہنے لگے: میں نے اس کو لیا ہے اور میرے چچا کی بیٹی ہے اور حضرت جعفرؓ نے کہا: میرے چچا کی بیٹی ہے اور اس کی خالہ میری بیوی ہے اور حضرت زیدؓ نے کہا: میرے بھائی کی بیٹی ہے۔ پھر نبی ﷺ نے اس کے متعلق فیصلہ کیا کہ وہ اپنی خالہ کے پاس رہے اور فرمایا: خالہ بمنزلہ ماں ہے اور حضرت علیؓ سے کہا: تم میرے ہو اور میں تمہارا ہوں اور حضرت جعفرؓ سے کہا: تم صورت اور سیرت میں مجھ سے ملتے جلتے ہو اور حضرت زیدؓ سے کہا: تم ہمارے بھائی ہو اور دوست ہو۔ حضرت علیؓ نے کہا: کیا آپؐ حمزہؓ کی بیٹی سے شادی نہیں کرلیتے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے دودھ بھائی کی بیٹی ہے۔ (میں اس کا چچا ہوں۔)
صحیح بخاری 4252
محمد بن رافع نے مجھ سے بیان کیا کہ سُریج (بن نعمان) نے ہمیں بتایا کہ فلیح (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا۔ (دوسری سند) اور محمد بن حسین بن ابراہیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ فُلَیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ عمرہ کی نیت کرکے (مدینہ سے) نکلے۔ مگر کفار قریش آپؐ کے اور بیت اللہ کے درمیان روک بنے۔ آپؐ نے حدیبیہ میں اپنی قربانی ذبح کر دی اور اپنا سر مُنڈایا اور اُن سے یہ ٹھہرایا کہ آپؐ آئندہ سال عمرہ کریں گے اور سوائے تلواروں کے اور کوئی ہتھیار لے کر نہیں آئیں گے اور آپؐ مکہ میں صرف اتنا عرصہ ٹھہریں گے جتنا وہ چاہیں گے۔ چنانچہ آپ آئندہ سال عمرہ کی نیت سے آئے اور مکہ میں اسی طرح داخل ہوئے جس طرح کہ آپؐ نے ان سے صلح کی تھی۔ جب آپ نے اس میں تین دن قیام فرمایا تو قریش نے آپؐ کو (مکہ سے) جانے کے لئے کہا اور آپؐ (مکہ سے) واپس چلے گئے۔
صحیح بخاری 4253
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اور عروہ بن زبیر مسجد (نبوی) میں گئے۔ کیا دیکھا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما حضرت عائشہؓ کے گھر کے پاس بیٹھے ہیں اور عروہ نے (اُن سے) پوچھا: نبی ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے جواب دیا: چار، ان میں سے ایک رجب میں تھا۔
صحیح بخاری 4254
پھر ہم نے حضرت عائشہؓ کے مسواک کرنے کی آواز سنی۔ عروہ نے کہا: امّ المؤمنین! کیا آپؓ نہیں سنتیں کہ ابو عبدالرحمٰن کیا کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے چار عمرے کئے، ان میں سے ایک رجب میں تھا۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: نبی ﷺ نے کوئی عمرہ نہیں کیا مگر ابن عمرؓ اس میں موجود تھے اور آنحضرت ﷺ نے رجب میں کبھی عمرہ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 4255
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے روایت کی۔ انہوں نے (عبداللہ) بن ابی اوفیٰ سے سنا۔ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ نے عمرہ کیا تو ہم آنحضرت ﷺ کو اپنی آڑ میں لئے ہوئے مشرکوں اور اُن کے جوشیلے نوجوانوں سے بچا رہے تھے کہ کہیں رسول اللہ ﷺ کو تکلیف نہ دیں۔
صحیح بخاری 4256
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے جو زید کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ (مکہ میں عمرہ کے لئے) آئے تو مشرک کہنے لگے: کچھ نمائندے تمہارے پاس آرہے ہیں جن کو یثرب کے بخار نے ناتواں کردیا ہے اور نبی ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا کہ وہ تین دوڑیں تو دوگام رفتار سے طے کریں اور دونوں رکنوں (رکن یمانی اور حجر اسود) کے درمیان معمولی چال سے چلیں اور تمام دوڑیں آپ نے دوگام رفتار سے چلنے کا حکم نہیں دیا تو محض ان پر شفقت کی وجہ سے، (مبادا انہیں تکلیف ہو۔) اور (حماد) بن سلمہ نے ایوب سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے یہ (بات) مزید بیان کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ اس سال کہ جس میں آپؐ نے امن کا عہد کیا تھا۔ (مکہ میں) آئے۔ آپؐ نے فرمایا: دوگام رفتار سے چلو کہ مشرک تمہاری قوت دیکھیں اور مشرک اس وقت قعیقعان پہاڑ کی سمت تھے۔
صحیح بخاری 4257
محمد (بن سلام) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سفیان بن عیینہ سے، سفیان نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بیت اللہ اور صفا و مروہ کے درمیان محض اس لئے دوڑے تھے کہ آپؐ مشرکوں کو اپنی قوت دکھائیں۔
صحیح بخاری 4258
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ وُہَیب نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت میمونہ ؓ سے نکاح کیا اور آپؐ اس وقت احرام کی حالت میں تھے اور رخصتانہ جو اُن سے ہوا تو اُس وقت آپؐ احرام کھول چکے تھے اور حضرت میمونہ (٥١ ھ میں) سرف مقام میں ہی فوت ہوئیں۔
صحیح بخاری 4259
اور ابن اسحاق نے اتنا اور بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ابی نجیح اور ابان بن صالح نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء اور مجاہد سے، ان دونوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے عمرۂ قضاء میں حضرت میمونہؓ سے شادی کی تھی۔