کتاب 46: باب غَزْوَةِ الْفَتْحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4274
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حسن بن محمد (بن علی) نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے عبیداللہ بن ابی رافع سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے زبیرؓ اور مقدادؓ کو بھیجا۔ آپؐ نے فرمایا: تم چلے جاؤ، یہاں تک کہ جب روضہ خاخ میں پہنچو تو وہاں ایک عورت ہودہ میں سوار ہوگی اس کے پاس ایک خط ہے وہ اس سے لے لو۔ کہتے تھے: ہم چل پڑے۔ ہمارے گھوڑے سر پٹ دوڑتے ہوئے ہمیں لے گئے۔ یہاں تک کہ ہم اس روضہ (باغ) میں پہنچے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں ایک سوار عورت ہے۔ ہم نے اسے کہا کہ خط نکالو۔ کہنے لگی: میرے پاس تو کوئی خط نہیں۔ ہم نے کہا: خط نکالنا ہوگا ورنہ ہم کپڑے اُتاریں گے۔ (حضرت علیؓ) نے کہا: (یہ سن کر) اس نے اپنے جُوڑے میں سے اسے نکالا۔ ہم وہ خط لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ اس خط میں یہ مضمون تھا: حاطب بن ابی بلتعہ کی طرف سے مکہ کے چند مشرکوں کے نام۔ رسول اللہ ﷺ کے بعض ارادوں کے متعلق انہیں اطلاع دی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: حاطبؓ یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے خلاف جلدی نہ فرمائیں۔ میں ایسا شخص ہوں جو باہر سے آکر قریش میں مل گیا تھا۔ ان کی مراد یہ تھی کہ میں ان کا حلیف تھا، اُن میں سے نہ تھا۔ اور جو آپؐ کے ساتھ مہاجر ہیں ان کے رشتہ دار مکہ میں موجود ہیں جو اُن کے گھر بار اور مال و متاع کو بچاتے ہیں۔ مجھے یہ بات حاصل نہیں۔ یعنی میرا اُن کے ساتھ رشتہ داری کا تعلق نہیں۔ تو میں نے چاہا کہ ان پر کوئی احسان کروں، جس کے ذریعہ سے وہ میرے رشتہ داروں کی حمایت کریں۔ دین سے مرتد ہوکر میں نے یہ بات نہیں کی۔ اسلام کے بعد کفر پسند نہیں کیا۔ (یہ سن کر) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو اس نے تم سے سچ بیان کیا ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اس منافق کی گردن اڑانے دیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو وہ غزوہ بدر میں شریک ہوا ہے اور تمہیں کیا علم کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں جھانک کر دیکھا جو بدر میں شریک ہوئے اور فرمایا: جو چاہو کرو۔ میں نے تمہارے گناہوں سے پردہ پوشی کرکے تم سے درگذر کردیا ہے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے سورۂ (ممتحنہ کی یہ آیت) نازل کی: اے مومنو! میرے اور اپنے دشمنوں کو گہرا دوست نہ بنایا کرو۔ تم تو اُن کی طرف محبت کے پیغام بھیجتے ہو۔ حالانکہ وہ اس حق کے منکر ہیں جو تمہاری طرف آیا ہے۔ وہ تم کو بھی اور رسول کو بھی صرف اس لئے کہ تم سب اللہ پر جو تمہارا ربّ ہے ایمان لائے ہو، (لڑنے کے لئے گھروں سے) نکالتے ہیں۔ اگر تم میرے رستہ میں کوشش کرنے اور میری رضاجوئی کے لئے نکلو تو تم میں سے بعض چوری چوری ان کی طرف محبت کا پیغام بھیجتے ہیں اور میں خوب جانتا ہوں اس کو جو تم چھپاتے ہو اور جو ظاہر کرتے ہو اور جو کوئی تم میں سے ایسا کام کرے وہ سمجھ لے کہ وہ سیدھے رستہ سے بھٹک گیا۔