کتاب 47: باب غَزْوَةِ الْفَتْحِ فِي رَمَضَانَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4275
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہمیں بتایا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عقیل (بن خالد) نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بتایا: رسول اللہ ﷺ نے رمضان میں غزوہ فتح (مکہ) کے لئے کوچ کیا۔ انہوں نے کہا: اور میں نے (سعید) ابن مسیب سے بھی سنا۔ وہ بھی اسی طرح کہتے تھے۔ اور عبید اللہ بن عبد اللہ سے مروی ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ روزہ دار تھے۔ جب آپؐ کَدِید میں پہنچے یعنی اس پانی پر جو قُدَید اور عسفان کے درمیان ہے تو آپؐ نے روزہ افطار کیا۔ پھر روزہ نہیں رکھا، یہاں تک کہ وہ مہینہ گزر گیا۔
صحیح بخاری 4276
محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی، (کہا:) زُہری نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے, عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ رمضان میں مدینہ سے نکلے اور آپؐ کے ساتھ دس ہزار آدمی تھے اور یہ کوچ مدینہ میں آپؐ کی آمد سے (پورے) ساڑھے آٹھ سال بعد ہوا اور جو مسلمان آپؐ کے ساتھ تھے، مکہ کو روانہ ہوئے۔ آپؐ بھی روزہ رکھتے اور وہ بھی۔ یہاں تک کہ جب آپؐ کَدِید میں پہنچے اور وہ ایک چشمہ ہے جو عسفان اور قُدَید کے درمیان ہے۔ وہاں آپؐ نے روزہ افطار کیا اور لوگوں نے بھی۔ زُہری نے کہا: نبی ﷺ کی اسی بات کو سنت بنایا جاتا ہے جو سب سے آخری ہو۔
صحیح بخاری 4277
عیاش بن ولید نے ہمیں بتایا کہ عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذاء ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ رمضان میں حُنین کی سمت نکلے اور لوگ مختلف حالت میں تھے۔ کوئی روزہ دار, کوئی بے روزہ۔ جب آپؐ اپنی سواری پر ٹھیک طرح بیٹھ گئے تو آپؐ نے دودھ یا پانی کا ایک برتن منگوایا اور اسے اپنی ہتھیلی پر یا (کہا:) سواری پر رکھا۔ پھر آپؐ نے لوگوں کی طرف دیکھا۔ جو بے روزہ تھے، وہ روزہ داروں سے کہنے لگے کہ اب تو روزہ کھول دو۔
صحیح بخاری 4278
اور عبدالرزاق نے کہا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے, ایوب نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (انہوں نے یوں کہا:) جس سال مکہ فتح ہوا نبی ﷺ نکلے۔ اور حماد بن زید نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے, انہوں نے نبی ﷺ سے بیان کیا۔
صحیح بخاری 4279
علی بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے, انہوں نے مجاہد سے, مجاہد نے طاؤس سے, طاؤس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے رمضان میں سفر کیا اور روزہ رکھا۔ جب آپؐ عسفان پہنچے تو آپؐ نے پانی کا ایک برتن منگوایا اور دن کے وقت پیا تا لوگ آپؐ کو دیکھیں کہ آپؐ روزہ دار نہیں ہیں۔ یہاں تک کہ آپؐ مکہ میں آئے۔ طاؤس نے کہا: حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے سفر میں روزہ بھی رکھا اور افطار بھی کیا۔ اس لئے جو چاہے روزہ رکھے اور جو چاہے نہ رکھے۔