کتاب 51: باب

صحیح بخاری

صحیح بخاری 4293

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ أَبِي الضُّحَى عَنْ مَسْرُوقٍ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ فِي رُكُوعِهِ وَسُجُودِهِ " سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي ".

محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، انہوں نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ اپنے رکوع اور سجدے میں یہ کہا کرتے تھے: پاک ذات ہے تو اے اللہ جو کہ ہمارا ربّ ہے اور اپنی حمد کے ساتھ ہے۔ اے اللہ! میری کمزوریوں پر پردہ پوشی فرما۔

صحیح بخاری 4294

حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ أَبِي بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ كَانَ عُمَرُ يُدْخِلُنِي مَعَ أَشْيَاخِ بَدْرٍ فَقَالَ بَعْضُهُمْ لِمَ تُدْخِلُ هَذَا الْفَتَى مَعَنَا وَلَنَا أَبْنَاءٌ مِثْلُهُ فَقَالَ إِنَّهُ مِمَّنْ قَدْ عَلِمْتُمْ. قَالَ فَدَعَاهُمْ ذَاتَ يَوْمٍ وَدَعَانِي مَعَهُمْ قَالَ وَمَا رُئِيتُهُ دَعَانِي يَوْمَئِذٍ إِلاَّ لِيُرِيَهُمْ مِنِّي فَقَالَ مَا تَقُولُونَ {إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ }-{ وَرَأَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُونَ} حَتَّى خَتَمَ السُّورَةَ فَقَالَ بَعْضُهُمْ أُمِرْنَا أَنْ نَحْمَدَ اللَّهَ وَنَسْتَغْفِرَهُ إِذَا نُصِرْنَا وَفُتِحَ عَلَيْنَا. وَقَالَ بَعْضُهُمْ لاَ نَدْرِي. أَوْ لَمْ يَقُلْ بَعْضُهُمْ شَيْئًا. فَقَالَ لِي يَا ابْنَ عَبَّاسٍ أَكَذَاكَ تَقُولُ قُلْتُ لاَ. قَالَ فَمَا تَقُولُ قُلْتُ هُوَ أَجَلُ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَعْلَمَهُ اللَّهُ لَهُ {إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ} فَتْحُ مَكَّةَ فَذَاكَ عَلاَمَةُ أَجَلِكَ {فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا} قَالَ عُمَرُ مَا أَعْلَمُ مِنْهَا إِلاَّ مَا تَعْلَمُ.

ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے, انہوں نے سعید بن جبیر سے, سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ مجھے بھی ان بزرگ صحابہ کے ساتھ جو بدر کی جنگ میں شریک تھے اپنے پاس بلایا کرتے تھے۔ ان میں سے کسی نے کہا: آپؓ اس نوجوان کو ہمارے ساتھ کیوں اندر بلا لیتے ہیں حالانکہ اس کے برابر تو ہمارے بیٹے ہیں انہوں نے فرمایا: وہ تو اُن لوگوں میں سے ہے جن کا علم و فضل تم جانتے ہو۔ (کہتے تھے:) ایک دن حضرت عمر ؓ نے اُن (بزرگ صحابہ) کو بلایا اور مجھے بھی ان کے ساتھ بلا لیا۔ انہوں نے کہا: اور میں سمجھتا تھا کہ انہوں نے مجھے اُس دن محض اس لئے بلایا تھا کہ وہ میرے علم کو انہیں دکھائیں (کہ اللہ نے مجھے کیا سمجھ دی ہے۔) حضرت عمر نے اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ…… اوّل سے آخر سورة تک پڑھ کر (بزرگ صحابہ سے) پوچھا: تم اس سے کیا سمجھتے ہو؟ ان میں سے بعض نے کہا کہ ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم اللہ کی حمد کریں اور اس سے مغفرت طلب کریں، جب نصرت ملے اور ہمیں فتح ہو۔ اور اُن میں سے بعض نے کہا: ہمیں علم نہیں۔ یا اُن میں سے بعض نے کچھ بھی نہ کہا۔ حضرت عمرؓ نے مجھے کہا: ابن عباسؓ! کیا تم بھی یہی کہتے ہو؟ میں نے کہا: نہیں حضرت عمرؓ نے کہا: تم کیا سمجھتے ہو؟ میں نے کہا: اس میں رسول اللہ ﷺ کی وفات کی خبر ہے جو اللہ نے آپؐ کو بتائی۔ اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ سے یہ مراد ہے کہ جب اللہ کی مدد آجائے گی اور مکہ فتح ہوگا تو یہ تیری اجل مقدر کی علامت ہے۔ اس لئے تو اپنے ربّ کی حمد کے ساتھ تسبیح کر اور اپنے لئے مغفرت طلب کر۔ یقیناً وہ رحمت کے بعد رحمت کرنے والا ہے۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: میں بھی اس کے متعلق یہی جانتا ہوں جو تم جانتے ہو۔

صحیح بخاری 4295

حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ شُرَحْبِيلَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنِ الْمَقْبُرِيِّ عَنْ أَبِي شُرَيْحٍ الْعَدَوِيِّ أَنَّهُ قَالَ لِعَمْرِو بْنِ سَعِيدٍ وَهْوَ يَبْعَثُ الْبُعُوثَ إِلَى مَكَّةَ ائْذَنْ لِي أَيُّهَا الأَمِيرُ أُحَدِّثْكَ قَوْلاً قَامَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم الْغَدَ يَوْمَ الْفَتْحِ سَمِعَتْهُ أُذُنَاىَ وَوَعَاهُ قَلْبِي وَأَبْصَرَتْهُ عَيْنَاىَ حِينَ تَكَلَّمَ بِهِ حَمِدَ اللَّهَ وَأَثْنَى عَلَيْهِ ثُمَّ قَالَ " إِنَّ مَكَّةَ حَرَّمَهَا اللَّهُ وَلَمْ يُحَرِّمْهَا النَّاسُ لاَ يَحِلُّ لاِمْرِئٍ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ أَنْ يَسْفِكَ بِهَا دَمًا وَلاَ يَعْضِدَ بِهَا شَجَرًا فَإِنْ أَحَدٌ تَرَخَّصَ لِقِتَالِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِيهَا فَقُولُوا لَهُ إِنَّ اللَّهَ أَذِنَ لِرَسُولِهِ وَلَمْ يَأْذَنْ لَكُمْ. وَإِنَّمَا أَذِنَ لِي فِيهَا سَاعَةً مِنْ نَهَارٍ وَقَدْ عَادَتْ حُرْمَتُهَا الْيَوْمَ كَحُرْمَتِهَا بِالأَمْسِ وَلْيُبَلِّغِ الشَّاهِدُ الْغَائِبَ ". فَقِيلَ لأَبِي شُرَيْحٍ مَاذَا قَالَ لَكَ عَمْرٌو قَالَ قَالَ أَنَا أَعْلَمُ بِذَلِكَ مِنْكَ يَا أَبَا شُرَيْحٍ إِنَّ الْحَرَمَ لاَ يُعِيذُ عَاصِيًا وَلاَ فَارًّا بِدَمٍ وَلاَ فَارًّا بِخَرْبَةٍ.

سعید بن شرحبیل نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سعید) مقبری سے, سعید نے حضرت ابو شریح عدویؓ سے روایت کی کہ انہوں نے عمرو بن سعید سے کہا (جو اس وقت یزید کی طرف سے مدینہ کا حاکم تھا) اور وہ اس وقت مکہ کی طرف فوج بھیج رہا تھا۔ اے امیر! مجھے اجازت دیں کہ میں آپ سے ایک ایسی بات بیان کروں جس کو رسول اللہ ﷺ نے فتح مکہ کے دوسرے دن صبح کو بیان کیا۔ اس کو میرے کانوں نے سنا اور میرے دل نے یاد رکھا اور جب آپؐ وہ بات بیان فرما رہے تھے میری دونوں آنکھیں آپؐ کو دیکھ رہی تھیں۔ آپؐ نے اللہ کی حمد اور ثناء بیان کی۔ پھر فرمایا: اللہ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے اور لوگوں نے اس کو حرم قرار نہیں دیا۔ کسی بھی شخص کے لئے جائز نہ ہوگا جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو کہ اس میں خون بہائے اور نہ وہاں کوئی درخت کاٹے اور اگر کسی نے اس میں رسول اللہ ﷺ کے لڑنے کی وجہ سے لڑائی کی اجازت سمجھی تو تم اسے یہ کہنا کہ اللہ نے صرف اپنے رسول(ﷺ) کو اجازت دی تھی اور اس نے تمہیں اجازت نہیں دی اور مجھے بھی اس کے متعلق دن کی ایک گھڑی بھر کے لئے اجازت دی گئی تھی اور اب اس کی حرمت ویسی کی ویسی پھر قائم ہوگئی ہے جیسے کہ کل تھی اور چاہیے کہ جو حاضر ہے وہ غیر حاضر کو یہ بات پہنچا دے۔ حضرت ابو شریح ؓ سے پوچھا گیا: عمرو نے آپؓ کو کیا جواب دیا؟ انہوں نے کہا کہ عمرو کہنے لگے: ابو شریح! میں آپؓ سے بڑھ کر یہ جانتا ہوں کہ حرم کسی مجرم کو پناہ نہیں دیتا اور نہ ایسے شخص کو جو خون کرکے بھاگ گیا ہو اور نہ اُسے جو کوئی خرابی کرکے بھاگ جائے۔ ابو عبداللہ (امام بخاری) نے کہا کہ اس حدیث میں جو خَرْبَة کا لفظ ہے اس سے مراد شرارت و نقصان ہے۔

صحیح بخاری 4296

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي حَبِيبٍ عَنْ عَطَاءِ بْنِ أَبِي رَبَاحٍ عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ عَامَ الْفَتْحِ وَهْوَ بِمَكَّةَ " إِنَّ اللَّهَ وَرَسُولَهُ حَرَّمَ بَيْعَ الْخَمْرِ ".

قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے, انہوں نے عطاء بن ابی رباح سے, عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو جس سال مکہ فتح ہوا، یہ فرماتے سنا اور آپؐ اس وقت مکہ ہی میں تھے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ نے شراب کی فروخت حرام کی ہے۔

10 von 10 heute frei