کتاب 52: باب مَقَامُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِمَكَّةَ زَمَنَ الْفَتْحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4297
ابونُعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اور قبیصہ (بن عقبہ) نے بھی ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی اسحاق سے، انہوں نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم (مکہ میں) نبی ﷺ کے ساتھ دس دن ٹھہرے، نماز قصر کرتے رہے۔
صحیح بخاری 4298
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ عاصم (احول) نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں اُنیس دن ٹھہرے۔ (اس اثناء میں) دو دو رکعتیں پڑھتے تھے۔ (یعنی قصر کرتے رہے۔)
صحیح بخاری 4299
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوشہاب (عبد ربہ بن نافع) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (اَحوَل) سے, عاصم نے عکرمہ سے, انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر (فتح مکہ) میں انیس دن رہے۔ نماز قصر کرتے تھے اور حضرت ابن عباس ؓ نے کہا اور ہم انیس دن تک جو بھی سفر ہو، قصر ہی کرتے ہیں اور اگر اس سے زیادہ ٹھہریں تو پوری نماز پڑھتے ہیں۔