کتاب 53: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4300
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت عبداللہ بن ثعلبہ بن صُعَیرؓ نے مجھے بتایا: جس سال مکہ فتح ہوا نبی ﷺ نے (محبت سے) ان کے چہرے پر ہاتھ پھیرا۔
صحیح بخاری 4301
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، انہوں نے حضرت سُنین ابوجمیلہؓ سے روایت کی۔ زُہری نے کہا: حضرت ابوجمیلہؓ نے ہمیں یہ حدیث بتائی اور ہم اس وقت (سعید) بن مسیب کے پاس تھے۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوجمیلہؓ کہا کرتے تھے کہ انہوں نے نبی ﷺ کا زمانہ پایا اور وہ آپؐ کے ساتھ جس سال مکہ فتح ہوا تھا، گئے تھے۔
صحیح بخاری 4302
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے, ایوب نے ابوقلابہ سے, ابوقلابہ نے حضرت عمرو بن سلمہؓ سے روایت کی۔ ایوب کہتے تھے: مجھ سے ابوقلابہ نے کہا: کیا تم حضرت عمرو بن سلمہؓ سے نہیں ملو گے؟ ان سے مل کر یہ مسئلہ پوچھو۔ ایوب کہتے تھے: چنانچہ میں حضرت عمرو بن سلمہؓ سے ملا اور ان سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: ہم ایک ایسے پانی کے پاس رہتے تھے کہ جہاں سے لوگوں کا گزر تھا اور ہمارے پاس سے سوار گزرا کرتے تھے اور ہم ان سے پوچھا کرتے تھے: لوگوں کا کیا حال ہے اور ان کی کیسے گزر رہی ہے؟ یہ (مدعی نبوت) شخص کیسا ہے؟ وہ کہتے تھے: وہ دعویٰ کرتا ہے کہ اللہ نے اس کو مبعوث فرمایا ہے اور اس نے اس کو وحی کی ہے یا (کہا:) اور اللہ نے اس کو یہ یہ وحی کی ہے۔ میں یہ باتیں یاد کرلیا کرتا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ سب باتیں میرے سینے میں گڑ جاتی ہیں اور عرب لوگ مسلمان ہونے کے لئے فتح مکہ کا انتظار کرتے تھے۔ کہتے تھے: اس (مدعی نبوت) کو اپنی قوم سے نپٹ لینے دو۔ اگر غالب آگیا تو سچا نبی ہے۔ جب فتح مکہ کا موقع ہوا تو ہر ایک قوم مسلمان ہونے کے لئے لپکی اور میرے والد اپنی قوم کے مسلمان ہونے سے پہلے جلدی سے مسلمان ہوگئے تھے۔ جب وہ (اپنی قوم کے پاس) آئے, کہنے لگے: میں تمہارے پاس اللہ کی قسم اس نبی کی طرف سے ہوکر آیا ہوں جو سچا نبی ہے اور اس نبی نے یہ کہا ہے کہ تم فلاں نماز فلاں وقت میں اور فلاں نماز فلاں وقت پر پڑھو اور جب نماز کا وقت آئے تو تم میں سے ایک اذان دے اور تمہارے آگے ہوکر تم کو وہ نماز پڑھائے جو تم میں سے زیادہ قرآن جانتا ہو۔ انہوں نے دیکھا تو مجھ سے بڑھ کر کوئی قرآن جاننے والا نہ تھا۔ اس لئے کہ میں سواروں سے سُن کر آیتیں یاد کرلیا کرتا تھا۔ اس لئے انہوں نے مجھے ہی (امامت کیلئے) اپنے آگے کیا اور میں اس وقت چھ یا سات سال کا تھا اور میرے تن پر صرف ایک چادر تھی۔ جب میں سجدہ کرتا تو وہ سمٹ جاتی اور میں ننگا ہوجاتا۔ قبیلہ کی ایک عورت بولی: کیا تم اپنے قاری کے سُرین ہم سے ڈھانکو گے نہیں؟ تو انہوں نے ایک کپڑا خریدا اور (جسم کے مطابق) میرے لیے ایک قمیص بنائی۔ میں کسی بات سے بھی اتنا خوش نہیں ہوا تھا جتنا کہ میں اس قمیص سے ہوا۔
صحیح بخاری 4303
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (امام) مالک سے, مالک نے ابن شہاب سے, انہوں نے عروہ بن زبیر سے, انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے, حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعدؓ (بن ابی وقاص) کو یہ وصیت کی تھی کہ وہ زمعہ کی لونڈی کا بیٹا لے لے اور عتبہ نے کہا کہ وہ میرا بیٹا ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے وقت مکہ میں آئے، سعد بن ابی وقاصؓ زمعہ کی لونڈی کے بیٹے کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آگئے اور ان کے ساتھ عبد بن زمعہؓ بھی آگئے۔ سعد بن ابی وقاصؓ نے کہا: یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ اس نے مجھے وصیت کی تھی کہ وہ میرا بیٹا ہے۔ عبد بن زمعہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرا بھائی ہے، یہ زمعہ کا بیٹا ہے جو (اُن کی لونڈی کے پیٹ سے) اُن کے بستر پر پیدا ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے زمعہ کی لونڈی کے اس بچے کو دیکھا تو سب لوگوں میں اس کی صورت عتبہ بن ابی وقاص سے بہت ملتی ہوئی پائی۔ مگر رسول اللہﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہ! تم اس بچے کو لے لو، یہ تمہارا بھائی ہے کیونکہ تمہارے باپ کی لونڈی سے پیدا ہوا ہے اور رسول اللہ ﷺ نے (امّ المؤمنین حضرت سودہ بنت زمعہؓ سے) فرمایا: سودہؓ! اس سے پردہ کریں کیونکہ آپؐ نے عتبہ بن ابی وقاص کی مشابہت اس میں دیکھی۔ ابن شہاب نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بچہ اس بستر (کے مالک) کا ہوتا ہے (جس پر وہ بچہ پیدا ہو) اور بدکار کو پتھراؤ کیا جائے گا۔ اور ابن شہاب نے کہا کہ حضرت ابوہریرہؓ یہ حدیث اعلانیہ بیان کرتے تھے۔
صحیح بخاری 4304
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ یونس نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ ایک عورت نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں غزوہ فتح مکہ کے دوران چوری کی۔ اس کی قوم کے لوگ گھبرا کر حضرت اسامہ بن زیدؓ کی طرف گئے کہ وہ اُن سے آنحضرتﷺ کے پاس سفارش کرائیں۔ عروہ کہتے تھے: جب حضرت اسامہ نے آپؐ سے اُس عورت کے متعلق بات کی تو رسول اللہ ﷺ کے چہرے کا رنگ بدل گیا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم مجھ سے اللہ کی مقرر کردہ سزاؤں میں سے ایک سزا کے بارے میں سفارش کرتے ہو؟ حضرت اسامہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرے لئے مغفرت کی دعا فرمائیں۔ جب شام ہوئی رسول اللہ ﷺ (لوگوں کے درمیان) تقریر کے لئے کھڑے ہوئے۔ پہلے آپؐ نے اللہ کی وہ تعریف کی جو اُس کے شایانِ شان ہے۔ پھر اس کے بعد فرمایا: تم سے پہلے لوگوں کو اس بات نے تباہ کیا کہ جب ان میں سے کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اس کو چھوڑ دیتے اور جب کوئی چھوٹا آدمی چوری کرتا تو اس کو سزا دیتے۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمد(ﷺ) کی جان ہے، اگر محمد (ﷺ) کی بیٹی فاطمہؓ بھی چوری کرے تو میں اس کا بھی ہاتھ ضرور کاٹوں گا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس چوری کرنے والی عورت کی بابت حکم دیا اور اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا۔ اس کے بعد اس کی توبہ اچھی ہوئی اور اس نے شادی بھی کی۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: وہ اس کے بعد میرے پاس آیا کرتی تھی اور جو اُس کی حاجت ہوتی، میں رسول اللہ ﷺ کے سامنے پیش کرتی۔
صحیح بخاری 4305
عمرو بن خالد نے ہمیں بتایا کہ زُہَیر (بن معاویہ) نے ہم سے بیان کیا, کہا: عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ ابوعثمان (نہدی) سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت مجاشعؓ (بن مسعود) نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: میں فتح مکہ کے بعد اپنے بھائی (مجالدؓ ) کو لے کر نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اپنے بھائی کو لایا ہوں تا آپؐ اس سے ہجرت کی بیعت لیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت کا ثواب ہجرت کرنے والے لے چکے۔ میں نے پوچھا: آپؐ کس بات کی اس سے بیعت لیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: میں اس سے اسلام, ایمان اور جہاد کی بیعت لوں گا۔ (ابوعثمان نہدی کہتے تھے:) پھر میں حضرت ابومعبد (مجالدؓ ) سے ملا اور وہ دونوں بھائیوں میں سے بڑے تھے اور ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: مجاشعؓ نے سچ کہا ہے۔
صحیح بخاری 4306
عمرو بن خالد نے ہمیں بتایا کہ زُہَیر (بن معاویہ) نے ہم سے بیان کیا, کہا: عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ ابوعثمان (نہدی) سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت مجاشعؓ (بن مسعود) نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: میں فتح مکہ کے بعد اپنے بھائی (مجالدؓ) کو لے کر نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یارسول اللہ! میں اپنے بھائی کو لایا ہوں تا آپؐ اس سے ہجرت کی بیعت لیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت کا ثواب ہجرت کرنے والے لے چکے۔ میں نے پوچھا: آپؐ کس بات کی اس سے بیعت لیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: میں اس سے اسلام, ایمان اور جہاد کی بیعت لوں گا۔ (ابوعثمان نہدی کہتے تھے:) پھر میں حضرت ابومعبد (مجالدؓ) سے ملا اور وہ دونوں بھائیوں میں سے بڑے تھے اور ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: مجاشعؓ نے سچ کہا ہے۔
صحیح بخاری 4307
محمد بن ابی بکر نے ہمیں بتایا کہ فُضَیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان نہدی سے, انہوں نے حضرت مجاشع بن مسعودؓ سے روایت کی کہ میں ابومعبدؓ کو لے کر نبی ﷺ کے پاس گیا کہ آپؐ اس سے ہجرت کرنے کی بیعت لیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت تو اُن لوگوں کے لئے گزر گئی جو اس کے حق دار تھے۔ میں اس سے اسلام اور جہاد کی بیعت لیتا ہوں۔ (ابوعثمان کہتے تھے:) پھر میں حضرت ابومعبدؓ سے ملا اور اُن سے پوچھا تو انہوں نے کہا: مجاشعؓ نے سچ کہا ہے۔ اور خالد (حذاء) نے ابوعثمان سے بروایت حضرت مجاشعؓ یوں نقل کیا کہ وہ اپنے بھائی حضرت مجالدؓ کو لے کر آئے۔
صحیح بخاری 4308
محمد بن ابی بکر نے ہمیں بتایا کہ فُضَیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان نہدی سے, انہوں نے حضرت مجاشع بن مسعود ؓ سے روایت کی کہ میں ابومعبدؓ کو لے کر نبی ﷺ کے پاس گیا کہ آپؐ اس سے ہجرت کرنے کی بیعت لیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت تو اُن لوگوں کے لئے گزر گئی جو اس کے حق دار تھے۔ میں اس سے اسلام اور جہاد کی بیعت لیتا ہوں۔ (ابوعثمان کہتے تھے:) پھر میں حضرت ابومعبد ؓ سے ملا اور اُن سے پوچھا تو انہوں نے کہا: مجاشعؓ نے سچ کہا ہے۔ اور خالد (حذاء) نے ابوعثمان سے بروایت حضرت مجاشع ؓ یوں نقل کیا کہ وہ اپنے بھائی حضرت مجالدؓ کو لے کر آئے۔
صحیح بخاری 4309
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے, ابو بشر نے مجاہد سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ میں نے (حضرت عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا کہ میں ملک شام کو ہجرت کرکے جانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا: اب کوئی ہجرت نہیں مگر جہاد ہے اس لئے چلے جاؤ۔ اپنے آپ کو پیش کر دو۔ اگر کچھ مل گیا تو بہتر ورنہ لوٹ آؤ۔
صحیح بخاری 4310
اور نضر (بن شمیل) نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابوبشر نے ہم کو خبر دی (کہتے تھے:) میں نے مجاہد سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عمرؓ سے کہا تو انہوں نے جواب دیا: آج یا کہا: رسول اللہ ﷺ کے بعد کوئی ہجرت نہیں۔ پھر وہی روایت بیان کی (جو اوپر گزر چکی ہے۔)
صحیح بخاری 4311
اسحاق بن یزید نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعمرو اَوزاعی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدہ بن ابی لبابہ سے، عبدہ نے مجاہد بن جبر مکی سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: فتح کے بعد کوئی ہجرت نہیں۔
صحیح بخاری 4312
اسحاق بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اوزاعی نے مجھے بتایا کہ عطاء بن ابی رباح سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں عُبَید بن عُمَیر کے ساتھ حضرت عائشہؓ کو ملنے گیا۔ عُبَید نے ان سے ہجرت کی بابت پوچھا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: آج کوئی ہجرت نہیں۔ مومنوں میں سے ایک اپنے دین کو لے کر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے بھاگا پھرتا تھا، اس ڈر سے کہ کہیں اسے ابتلاء میں ڈال دیا جائے گا، مگر آج تو اللہ نے اسلام کو غالب کر دیا ہے اور مومن جہاں چاہے، اپنے ربّ کی عبادت کر سکتا ہے۔ البتہ جہاد اور نیت باقی ہے۔
صحیح بخاری 4313
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حسن بن مسلم نے مجھے بتایا کہ مجاہد (بن جبیر) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے دن کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: اللہ نے مکہ کو جب سے اس نے زمین و آسمان پیدا کیا حرمت والا قرار دیا۔ اس لئے وہ اللہ کی حرمت سے قیامت کے دن تک حرمت والا رہے گا۔ مجھ سے پہلے کسی کے لئے (اس میں لڑنا) جائز نہیں ہوا اور نہ کسی کے لیے میرے بعد جائز ہوگا۔ اور میرے لئے بھی ایک گھڑی کے لئے ہی (لڑائی) جائز ہوئی۔ اس کا شکار نہ بِدکایا جائے اور نہ اس کے کانٹے کاٹے جائیں اور نہ اس کا گھاس اُکھیڑا جائے اور نہ اس کی گری پڑی چیز کا اُٹھانا جائز ہے, سوائے اس شخص کے جو (اس کے مالک کو ڈھونڈ رہا ہو، یا اس کا) اعلان کر رہا ہو۔ حضرت عباس بن عبدالمطلبؓ نے یہ سن کر کہا: یا رسول اللہ! اذخر کو مستثنیٰ فرمائیں کیونکہ وہ لوہاروں اور گھروں کے لئے ضروری ہے۔ آپؐ کچھ دیر خاموش رہے، پھر فرمایا: سوائے اذخر کے۔ اس کا کاٹنا جائز ہوگا۔ اور (اسی روایت کی دوسری سند میں) ابن جریج سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) عبدالکریم (بن مالک) نے مجھے مجھے بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے اس طرح کہا، یا اس کے قریب قریب بتایا اور اسے حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔