کتاب 59: بَابُ سَرِيَّةُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ حُذَافَةَ السَّهْمِيِّ وَعَلْقَمَةَ بْنِ مُجَزِّزٍ الْمُدْلِجِيِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4340
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سعد بن عبیدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوعبدالرحمٰن (سلمی) سے, انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ایک دستہ فوج بھیجا اور انصار میں سے ایک شخص کو سردار مقرر کیا اور آپؐ نے ان لوگوں کو حکم دیا کہ اس کی فرمانبرداری کریں۔ ایک دفعہ وہ (انصاری امیر) ناراض ہوا اور کہنے لگا: کیا نبی ﷺ نے تم کو حکم نہیں دیا کہ تم نے میری فرمانبرداری کرنی ہے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں, بے شک دیا ہے۔ تب اس نے کہا: میرے لئے جلانے کی لکڑیاں اکٹھی کرو۔ انہوں نے اکٹھی کیں۔ پھر اس نے کہا: آگ جلاؤ اور انہوں نے آگ جلائی۔ پھر کہا: اس میں داخل ہو جاؤ۔ انہوں نے ارادہ کیا مگر وہ ایک دوسرے کو روکنے لگے اور کہنے لگے: ہم آگ سے بھاگ کر نبی ﷺ کے پاس آئے تھے (کہ قیامت کے دن آگ سے بچیں۔) خیر وہ یہی کہتے رہے یہاں تک کہ آگ بجھ گئی اور انصاری امیر کا غصہ بھی فرو ہو گیا۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی۔ آپؐ نے فرمایا: اگر اس میں داخل ہوتے تو قیامت تک نہ نکلتے؛ اور (فرمایا:) اطاعت تو معروف بات میں ہوتی ہے۔