کتاب 62: باب غَزْوَةُ ذِي الْخَلَصَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4355
مسدد نے ہمیں بتایا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہم سے بیان کیا کہ بیان (بن بشر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس (بن ابی حازم) سے, قیس نے حضرت جریرؓ (بن عبداللہ بجلی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: زمانہ جاہلیت میں ایک بت خانہ تھا جسے ذوالخلصہ، کعبہ یمانی اور کعبہ شامی کہتے تھے۔ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ کیا ذوالخلصہ کو ختم کرکے تم مجھے اس کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ یہ سن کر میں (اپنی قوم کے) ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا۔ ہم نے وہ (بت خانہ) توڑ دیا اور جن کو اُس کے پاس پایا انہیں قتل کردیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو اس کی خبر دی تو آپؐ نے ہمارے لئے اور احمس قبیلہ کے لئے دعا کی۔
صحیح بخاری 4356
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں خبر دی کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہمیں بتایا کہ قیس (بن ابی حازم) نے ہم سے بیان کیا۔ کہتے تھے: مجھ سے حضرت جریر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم مجھے ذوالخلصہ کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ اور یہ خثعم قبیلہ میں بت خانہ تھا جسے کعبہ یمانی کہتے تھے۔ میں احمس قبیلہ کے ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا اور یہ سب شہسوار تھے اور میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھا کرتا تھا۔ آپؐ نے میرے سینہ میں (اتنے زور سے) ہاتھ مارا کہ میں نے اپنے سینہ میں آپؐ کی انگلیوں کے نشان دیکھے۔ آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کو (گھوڑے پر) مضبوطی سے بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہادی اور مہدی بنا۔ چنانچہ حضرت جریرؓ ذوالخلصہ کی طرف چلے گئے اور اسے توڑ پھوڑ دیا اور جلا دیا۔ پھر انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی طرف ایک آدمی بھیجا۔ حضرت جریرؓ کے ایلچی نے کہا: اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق دے کر بھیجا ہے! میں آپؐ کے پاس نہیں آیا جب تک کہ میں نے اس کو ایسے حال میں نہیں چھوڑا کہ جیسے خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: یہ سن کر آپؐ نے احمس کے گھوڑوں اور اُس کے لوگوں کو پانچ بار برکت کی دعا دی۔
صحیح بخاری 4357
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے, قیس نے حضرت جریرؓ (بن عبداللہ بجلی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: کیا تم مجھے ذوالخلصہ کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ میں نے کہا: کیوں نہیں (یا رسول اللہ!) یہ کہہ کر میں احمس قبیلہ کے ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا۔ یہ سب شہسوار تھے اور میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا تھا۔ میں نے نبی ﷺ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے میرے سینہ پر ہاتھ (اس زور سے) مارا کہ میں نے آپؐ کے ہاتھ کا نشان اپنے سینہ میں لگا دیکھا اور آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کو (گھوڑے پر) مضبوطی سے بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہادی اور مہدی بنا۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: اس کے بعد میں کبھی گھوڑے سے نہیں گرا۔ انہوں نے کہا: اور ذوالخلصہ یمن میں خثعم اور بجلیہ قبیلوں کا ایک معبد تھا جس میں بت رکھے ہوئے تھے، جنہیں پوجا جاتا تھا۔ لوگ اس کو کعبہ کہتے تھے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: وہ وہاں آئے اور آگ سے اُسے جلا دیا اور توڑ پھوڑ دیا۔ قیس کہتے تھے: جب حضرت جریرؓ یمن میں پہنچے وہاں ایک شخص تھا جو تیروں سے فال لیا کرتا تھا۔ اسے کہا گیا کہ رسول اللہ ﷺ کا پیامبر یہاں ہے۔ اگر اُس نے تم پر قابو پا لیا، تمہاری گردن اڑا دے گا۔ کہتے تھے: اسی اثناء میں کہ وہ تیروں سے فال نکال رہا تھا کہ حضرت جریرؓ اس کے پاس آ کر کھڑے ہوئے اور کہا: تمہیں ان کو توڑنا اور یہ اقرار کرنا ہوگا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، ورنہ میں تمہاری گردن اڑا دوں گا۔ کہتے تھے: یہ سن کر اُس نے ان کو توڑ دیا اور (اللہ کی واحدانیت کا) اقرار کیا۔ پھر حضرت جریرؓ نے احمس قبیلہ کے ایک شخص کو جس کی کنیت ابوارطاہ تھی، رسول اللہ ﷺ کے پاس بھیجا کہ آپؐ کو ذوالخلصہ کے گرائے جانے کی بشارت دے۔ جب وہ شخص نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آیا, کہنے لگا: یا رسول اللہ! اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق دے کر بھیجا، میں نہیں آیا جب تک کہ اُس کو اس طرح نہیں چھوڑا جس طرح کہ خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ کہتے تھے: یہ سن کر نبی ﷺ نے احمس کے گھوڑوں اور اس کے آدمیوں کے لئے پانچ بار دعا کی۔