کتاب 72: باب قِصَّةُ أَهْلِ نَجْرَانَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4380
عباس بن حسین نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے, اسرائیل نے ابواسحاق سے, ابواسحاق نے صلہ بن زُفر سے, صلہ نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عاقب (عبدالمسیح) اور سید (ایہم) جو نجران کے عیسائیوں کے دو رئیس تھے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ وہ چاہتے تھے کہ آپؐ سے مباہلہ کریں۔ حضرت حذیفہؓ کہتے تھے: ان میں سے ایک نے اپنے ساتھی سے کہا: مباہلہ نہ کریں۔ کیونکہ اللہ کی قسم! اگر وہ نبی ہوئے اور ہمارے لئے لعنت کی دعا کی تو ہم کبھی کامیاب نہ ہوں گے اور نہ ہماری اولاد ہمارے بعد۔ ان دونوں نے کہا: ہم آپؐ کو جو بھی آپؐ ہم سے مانگیں گے, دیں گے۔ آپؐ ہمارے ساتھ ایک امین شخص بھیجیں اور آپؐ ہمارے ساتھ سوائے امین کے کسی کو نہ بھیجیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہارے ساتھ ایک امین شخص ہی بھیجوں گا جو بڑا ہی امین ہوگا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ سر اُٹھا کر آپؐ کی طرف دیکھنے لگے۔ آپؐ نے فرمایا: ابوعبیدہ بن جراحؓ! اُٹھو کھڑے ہو جاؤ۔ جب وہ کھڑے ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ اس امت کا امین ہے۔
صحیح بخاری 4381
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابواسحاق سے سنا۔ انہوں نے صلہ بن زفر سے, صلہ نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نجران والے نبی ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: ہمارے پاس ایک امین شخص بھیجیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہارے پاس ایک ایسا شخص بھیجوں گا جو پکا دیانت دار ہوگا۔ اس پر لوگ سر اُٹھا کر آپؐ کی طرف دیکھنے لگے اور آپؐ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بھیجا۔
صحیح بخاری 4382
ہم سے ابوالولید نے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں خالد (حذاء) سے, خالد نے ابوقلابہ سے, ابوقلابہ نے حضرت انسؓ سے, حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ آپؐ نے فرمایا: ہر ایک امت کا ایک امین ہوتا ہے اور اس امت کا امین ابوعبیدہ بن جراحؓ ہے۔