کتاب 74: باب قُدُومُ الأَشْعَرِيِّينَ وَأَهْلِ الْيَمَنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4384
عبداللہ بن محمد اور اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا۔ ان دونوں نے کہا: یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ (یحيٰ بن زکریا) بن ابی زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے, ان کے باپ نے ابواسحاق (عمرو بن عبداللہ سبیعی) سے, انہوں نے اَسوَد بن یزید سے, اَسوَد نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اور میرا بھائی یمن سے آئے اور ہم کچھ دیر ٹھہرے۔ ہم ابن مسعودؓ اور ان کی ماں کو بوجہ اس کے کہ وہ آنحضرت ﷺ کے گھر میں بہت آیا جایا کرتے تھے اور ہمیشہ آنحضرت ﷺ کے ساتھ رہتے تھے, ان کو اہل بیت میں سے ہی سمجھتے تھے۔
صحیح بخاری 4385
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالسلام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے, ایوب نے ابو قلابہ سے, ابو قلابہ نے زہدم (بن مضرب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت ابو موسیٰؓ (کوفہ میں) آئے تو انہوں نے جَرم کے قبیلہ کی بہت عزت کی اور ہم ان کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور وہ مرغی کا گوشت صبح ناشتہ میں کھا رہے تھے اور لوگوں میں ایک شخص بیٹھا تھا۔ آپؓ نے اس کو کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اس کو کچھ گندگی کھاتے ہوئے دیکھا تھا تو مجھے اس سے کراہت ہوگئی۔ یہ سن کر حضرت ابو موسیٰؓ نے اس سے کہا: آؤ بھی، کیونکہ میں نے نبی ﷺ کو مرغی کھاتے دیکھا ہے۔ اس نے کہا: میں نے قسم کھائی تھی کہ اسے نہیں کھاؤں گا۔ حضرت ابو موسیٰؓ نے کہا: ادھر آؤ، میں تمہاری قسم کی بابت بھی تمہیں بتاتا ہوں۔ ہم چند اشعری لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے ہمیں سواری دینے سے انکار کیا۔ پھر ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ میں سواری نہیں دوں گا۔ پھر نبی ﷺ تھوڑی دیر ہی ٹھہرے تھے کہ اتنے میں آپؐ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ لائے گئے۔ تو آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ دینے کا حکم دیا۔ جب ہم نے آپؐ سے وہ اونٹ لئے تو ہم نے خیال کیا، نبی ﷺ کو اپنی قسم کا دھیان نہیں رہا (ہم نے اس سے فائدہ اُٹھایا ہے) ہم تو اس کے بعد کبھی بھی کامیاب نہ ہوں گے۔ یہ خیال کرکے میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور اب آپؐ نے ہمیں سواری دی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں مگر میں کوئی قسم نہیں کھاتا کہ پھر اس سے بہتر اور بات دیکھتا ہوں تو ضرور ہی کرتا ہوں جو اس سے بہتر ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 4386
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو عاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو صخرہ جامع بن شداد نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) صفوان بن محرز مازنی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عمران بن حصینؓ نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: بنو تمیم رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنو تمیم تمہیں بشارت ہو۔ انہوں نے کہا: اب جبکہ آپؐ نے ہمیں بشارت دی ہے, کچھ ہمیں دیں بھی۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کا چہرہ متغیر ہوگیا۔ پھر اہل یمن میں سے کچھ لوگ آئے اور نبی ﷺ نے فرمایا: تم ہی بشارت قبول کرلو جبکہ بنو تمیم نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے قبول کی۔
صحیح بخاری 4387
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھے بتایا کہ وہب بن جریر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے, اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے, قیس نے حضرت ابومسعودؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ایمان اس طرف ہے اور آپؐ نے اپنے ہاتھ سے یمن کی طرف اشارہ کیا۔ اجڈ پن اور دلوں کی سختی ان لوگوں کے دلوں میں ہے جو اونٹوں کی دموں کے نیچے وقت بسر کرتے ہیں۔ جہاں شیطان کے دو سینگ پیدا ہوں گے یعنی ربیعہ اور مضر میں۔
صحیح بخاری 4388
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شعبہ سے, شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے, انہوں نے ذکوان سے, ذکوان نے حضرت ابوہریرہؓ سے, انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی, (کہا:) اہل یمن تمہارے پاس آئے ہیں۔ وہ رقیق القلب اور نرم دل لوگ ہیں۔ ایمان بھی یمانی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے۔ فخر اور اکڑ پن ان اونٹ والوں میں ہے اور اطمینان اور متانت بکری والوں میں ہے۔ اور غندر نے شعبہ سے, شعبہ نے سلیمان سے یوں روایت کی, کہا: میں نے ذکوان سے سنا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے, حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کی۔
صحیح بخاری 4389
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے, سلیمان نے ثور بن زید سے, ثور نے ابوالغیث سے, ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ ایمان یمانی ہے اور فتنہ اِدھر سے ہوگا، اِدھر جہاں سے شیطان کا سینگ نمودار ہوگا۔
صحیح بخاری 4390
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی کہ ابوزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے, اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے, انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اہل یمن تمہارے پاس آئے ہیں۔ دل کے نرم اور رقیق القلب ہیں۔ دین کی سمجھ یمانی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے۔
صحیح بخاری 4391
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے, ابو حمزہ نے اعمش سے, اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے, ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت (عبداللہ) بن مسعودؓ کے ساتھ بیٹھے تھے۔ اتنے میں حضرت خبابؓ (بن ارتّ) آئے۔ انہوں نے کہا: اے ابو عبدالرحمٰنؓ ! کیا یہ نوجوان قرآن پڑھ سکتے ہیں جیسا آپؓ پڑھتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں , اگر آپؓ چاہیں، ان میں سے کسی کو کہتا ہوں کہ وہ آپؓ کو پڑھ کر سنائے۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: علقمہؓ پڑھو۔ اس پر زید بن حُدَیر جو زیاد بن حُدَیر کے بھائی تھے، بولے: کیا آپؓ علقمہ سے کہتے ہیں کہ وہ قرآن پڑھے، حالانکہ وہ ہم سے بڑھ کر قاری نہیں ہیں۔ حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: دیکھو اگر تم چاہو تو مَیں تمہیں وہ بات بتاتا ہوں جو نبی ﷺ نے تمہاری قوم اور علقمہ کی قوم سے متعلق فرمائی ہے۔ علقمہ کہتے تھے: میں نے سورۂ مریم کی پچاس آیتیں پڑھیں۔ حضرت عبداللہؓ نے (حضرت خبابؓ سے) پوچھا: آپؓ کا کیا خیال ہے؟ انہوں نے کہا: عمدہ پڑھا ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: جو بھی میں پڑھتا ہوں, علقمہ بھی اسے ضرور پڑھ لیتا ہے۔ پھر انہوں نے مڑ کر حضرت خبابؓ کو دیکھا اور انہوں نے سونے کی انگوٹھی پہنی تھی۔ انہوں نے کہا: کیا ابھی اس انگوٹھی کے لئے وقت نہیں آیا کہ وہ اُتار ڈالی جائے؟ انہوں نے کہا: اچھا، اب اس کے بعد آپؓ مجھے یہ پہنے ہرگز نہ دیکھیں گے؛ اور انہوں نے وہ اُتار ڈالی۔ اسی طرح اس حدیث کو غندر نے شعبہ سے روایت کیا ہے۔