کتاب 77: باب حَجَّةُ الْوَدَاعِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4395
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے, ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے, عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، فرماتی تھیں: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع میں نکلے۔ ہم نے عمرہ کا احرام باندھا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی کا جانور ہو وہ عمرہ کے ساتھ حج کی بھی نیت کر لے۔ پھر جب تک ان دونوں سے فارغ نہ ہو جائے احرام نہ کھولے۔ میں آپؐ کے ساتھ مکہ پہنچی۔ اس وقت میں حائضہ تھی اور میں نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا اور نہ صفا و مروہ کا۔ پھر میں نے رسول اللہ ﷺ سے (اس کا) شکوہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم اپنے سر کو کھولو اور کنگھی کر لو اور حج کا احرام باندھو اور عمرہ کو رہنے دو۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ جب ہم حج ادا کر چکے تو رسول اللہ ﷺ نے مجھے عبدالرحمٰن بن ابی بکر صدیقؓ کے ساتھ تنعیم کی طرف بھیجا۔ میں نے وہاں سے عمرہ ادا کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ عمرہ تمہارے اس عمرہ کے بدلے میں ہے۔ کہتی تھیں: وہ لوگ جنہوں نے عمرہ کا احرام باندھا تھا انہوں نے بیت اللہ کے اردگرد بھی چکر لگائے اور صفا و مروہ کے درمیان بھی۔ پھر انہوں نے احرام کھول ڈالا۔ پھر اس کے بعد انہوں نے ایک اور طواف کیا جبکہ وہ منیٰ سے لَوٹے اور وہ لوگ جنہوں نے حج و عمرہ دونوں کی اکٹھی نیت کی تھی انہوں نے صرف ایک ہی طواف کیا۔
صحیح بخاری 4396
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا, کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ جب انہوں نے بیت اللہ کا طواف کر لیا تو وہ آزاد ہو گئے۔ (ابن جریج) کہتے ہیں: میں نے (عطاء سے) پوچھا: حضرت ابن عباسؓ نے یہ مسئلہ کہاں سے استنباط کیا ہے؟ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ کے اس قول سے: پھر ان کو حلال ہونے کی جگہ پر قدیم گھر کے پاس لے جانا ہوگا، اور نبی ﷺ کے اس حکم سے جو آپؐ نے اپنے صحابہؓ کو حجۃ الوداع میں دیا کہ وہ احرام کھول ڈالیں۔ (ابن جریج کہتے ہیں:) میں نے کہا: یہ تو اس وقت تھا جب عرفات میں ٹھہر چکے تھے۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ اس کو پہلے بھی اور بعد بھی جائز سمجھتے تھے۔
صحیح بخاری 4397
بیان (بن عمرو) نے مجھے بتایا کہ نضر (بن شمیل) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس (بن مسلم) سے, انہوں نے کہا: میں نے طارق سے سنا۔ وہ حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے کہا: میں بطحاء میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم نے حج کی نیت کی ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے احرام باندھتے ہوئے کیا پکارا تھا؟ میں نے کہا: رسول اللہﷺ کی پکار کی طرح ہی پکارتے ہوئے میں تیرے حضور حاضر ہو رہا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: بیت اللہ کا اور صفا و مروہ کا طواف کرنا پھر اس کے بعد احرام کھول ڈالنا۔ چنانچہ میں نے بیت اللہ کے ارد گرد اور صفا و مروہ میں چکر لگائے اور قیس کی ایک عورت کے پاس آیا اور اس نے میرے بال صاف کیے۔
صحیح بخاری 4398
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں خبر دی کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت ابن عمرؓ نے ان کو خبر دی۔ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت حفصہؓ نے ان کو بتایا کہ جس سال حجۃ الوداع ہوا نبی ﷺ نے اپنی ازواج سے فرمایا کہ وہ احرام کھول ڈالیں۔ حضرت حفصہؓ نے پوچھا: آپؐ کو احرام کھولنے سے کیا روک ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے اپنے سر کے بالوں کو جمالیا تھا اور اپنی قربانی کو ہار ڈال دیا تھا۔ اس لئے جب تک میں اپنی قربانی ذبح نہ کرلوں احرام نہیں کھول سکتا۔
صحیح بخاری 4399
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ اور محمد بن یوسف (فریابی) نے کہا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان بن یسار سے, سلیمان نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حجۃ الوداع میں خثعم قبیلہ کی ایک عورت نے رسول اللہ ﷺ سے فتویٰ پوچھا اور فضل بن عباسؓ رسول اللہ ﷺ کے پیچھے سوار تھے۔ وہ کہنے لگی: یا رسول اللہ! اللہ کا یہ فرض اپنے بندوں پر ایسے وقت میں ہوا کہ اس وقت میرا باپ بہت ہی بوڑھا تھا کہ وہ اونٹنی پر سیدھا ہو کر بیٹھ بھی نہیں سکتا تھا۔ کیا میں اس کی طرف سے حج کر لوں؟ تو کیا یہ اس فرض کو ادا کر دے گا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
صحیح بخاری 4400
محمد (بن رافع) نے مجھے بتایا کہ سریج بن نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے, نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس سال مکہ فتح ہوا نبی ﷺ (مکہ میں) آئے اور آپؐ نے اسامہؓ کو اپنے پیچھے قصواء اونٹنی پر بٹھایا ہوا تھا اور آپؐ کے ساتھ بلالؓ اور عثمانؓ بن طلحہ تھے۔ آپؐ آئے اور بیت اللہ کے پاس اونٹنی بٹھا دی۔ پھر عثمانؓ سے فرمایا: چابی ہمارے پاس لے آؤ اور وہ چابی لے آئے اور آپؐ کے لئے دروازہ کھول دیا۔ پھر نبی ﷺ اسامہؓ , بلالؓ اور عثمانؓ اندر گئے اور اندر سے دروازہ بند کر لیا۔ آپؐ دیر تک دن کے وقت وہاں ٹھہرے رہے۔ پھر اس کے بعد نکلے اور لوگ اندر جانے کے لئے لپکے۔ میں ان سے پہلے پہنچا اور حضرت بلالؓ کو دروازے کے پیچھے کھڑا پایا۔ میں نے ان سے پوچھا: رسول اللہ ﷺ نے کہاں نماز پڑھی؟ انہوں نے کہا: ان دو اگلے ستونوں کے درمیان آپؐ نے نماز پڑھی اور بیت اللہ چھ ستونوں پر بنا ہوا تھا جو دو قطاروں میں تھے۔ آپؐ نے اگلی قطار کے دو ستونوں کے درمیان نماز پڑھی اور بیت اللہ کا دروازہ اپنی پیٹھ کے پیچھے رکھا اور اپنا منہ اس جہت کی طرف کیا جو جہت تمہارے سامنے ہے, جب تم بیت اللہ میں داخل ہوتے ہو۔ آپؐ کے اور دیوار کے درمیان )تین ہاتھ کا) فاصلہ تھا۔ کہتے تھے: اور میں بلالؓ سے یہ پوچھنا بھول گیا کہ آپؐ نے کتنی رکعتیں پڑھیں؟ اور اس جگہ کے پاس کہ جس میں آپؐ نے نماز پڑھی سرخ سنگ مرمر تھا۔
صحیح بخاری 4401
ابو الیمان (حکم بن نافع) نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر اور ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن نے بتایا: نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے ان دونوں کو بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہؓ بنت حییّ حجۃ الوداع میں حائضہ ہوئیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا وہ ہمیں روک رکھیں گی؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ عرفات سے ہو آئی ہیں اور بیت اللہ کا طواف بھی کر لیا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: پھر تو وہ کوچ کریں۔
صحیح بخاری 4402
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عمر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے باپ (محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر) نے اُن کو بتایا کہ حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ہم حجۃ الوداع سے متعلق آپس میں باتیں کیا کرتے تھے اور اس وقت نبی ﷺ ہم میں موجود تھے اور ہم نہیں جانتے تھے کہ حجۃ الوداع کیا ہے؟ آپؐ نے اللہ کی حمد و ثنا بیان کی۔ پھر مسیح دجال کا ذکر کیا اور اس کا مفصل ذکر کیا اور فرمایا کہ اللہ نے کوئی بھی نبی ایسا نہیں بھیجا کہ جس نے اپنی امت کو (دجال کے خطرے سے) نہ ڈرایا ہو۔ نوحؑ نے بھی اس کے خطرے سے ڈرایا اور ان کے بعد دوسرے نبیوں نے بھی اور وہ تم میں ضرور آئے گا اور اگر تم سے اس کی حالت پوشیدہ رہے تو تم سے یہ (صفات) تو پوشیدہ نہیں ہیں یعنی تمہارا ربّ تو تم سے پوشیدہ نہیں ہے۔ تین بار یہ کہہ کر آپؐ نے فرمایا: تمہارا ربّ کانا نہیں ہے اور وہ دجال دائیں آنکھ سے کانا ہوگا۔ اس کی آنکھ ایسی ہوگی جیسے پھولا ہوا انگور۔
صحیح بخاری 4403
دیکھو آگاہ رہو! اللہ نے تمہارے خون اور تمہارے مال ایسے ہی معزز قرار دئیے ہیں جیسے تمہارا یہ دن تمہارے اس شہر میں تمہارے اس مہینے میں معزز قرار دیا ہے۔ سنو! میں نے پہنچا دیا ہے؟ لوگوں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے تین بار فرمایا: اے اللہ گواہ رہیو۔ (فرمایا:) اپنی بربادی کا خیال رکھنا یا فرمایا: سنبھلنا, دیکھنا میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم میں سے ایک دوسرے کی گردن اڑانے لگ جائے۔
صحیح بخاری 4404
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا۔ زُہیر (بن معاویہ) نے ہمیں خبر دی۔ ابواسحاق (سبیعی) نے ہم سے بیان کیا, کہا: زید بن ارقم نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ نے انیس غزوات کئے اور یہ کہ آپؐ نے ہجرت کرنے کے بعد ایک ہی حج کیا۔ جس کے بعد آپؐ نے کوئی حج نہیں کیا یعنی حجۃ الوداع۔ ابواسحاق نے کہا کہ آپؐ نے ایک اور بھی حج کیا جبکہ آپؐ مکہ میں تھے۔ (ہجرت نہیں کی تھی۔)
صحیح بخاری 4405
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علی بن مدرک سے، علی نے ابو زُرعہ بن عمرو بن جریر سے، انہوں نے حضرت جریرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حجۃ الوداع میں حضرت جریرؓ سے فرمایا کہ لوگوں کو چپ کراؤ (کہ میری باتیں سنیں۔) آپؐ نے فرمایا: میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردنیں اڑاتے پھرو۔
صحیح بخاری 4406
محمد بن مثنیٰ نے مجھے بتایا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے (عبدالرحمٰن) بن ابی بکرہ سے، انہوں نے حضرت ابوبکرہؓ سے، حضرت ابوبکرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: زمانہ پھر گھوم کر ہو بہو اس حالت پر آگیا ہے کہ جس پر وہ اس دن تھا کہ جس دن اللہ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا۔ سال بارہ مہینہ کا ہے۔ ان میں سے چار مہینے معزز ہیں، تین یکے بعد دیگرے ذوالقعدہ، ذوالحج اور محرم اور چوتھا مضر کا رجب جو کہ جمادی اور شعبان کے درمیان ہے۔ (فرمایا:) یہ کونسا مہینہ ہے ؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے، ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اس ماہ کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ ذوالحج نہیں ہے؟ ہم نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کونسا شہر ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے، ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اس شہر کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا وہی شہر نہیں؟ ہم نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کونسا دن ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے، یہاں تک کہ ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اس کا کوئی اور نام رکھیں گے آپؐ نے فرمایا کہ کیا یہ قربانی کرنے کا دن نہیں؟ ہم نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر تمہارے خون اور تمہارے مال… محمد (بن سیرین) نے کہا: اور میں سمجھتا ہوں آپؐ نے یہ بھی فرمایا: تمہاری آبروئیں، تمہارے لئے اسی طرح معزز ہیں جس طرح یہ تمہارا دن تمہارے اس شہر میں تمہارے اس مہینہ میں معزز ہے۔ تم اپنے ربّ سے ضرور ملو گے اور وہ تم سے تمہارے اعمال کے متعلق بازپرس کرے گا۔ دیکھو کہیں میرے بعد گمراہ نہ ہو جانا کہ تم میں سے ایک دوسرے کی گردن زنی کرتا رہے۔ دیکھو سنو! جو حاضر ہے وہ غیر حاضر کو پہنچا دے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ جن کو پہنچایا جائے، ان میں سے کوئی سننے والے سے اس بات کو زیادہ سمجھنے والا اور یاد رکھنے والا ہو۔ محمد (بن سیرین) جب اس حدیث کا ذکر کرتے تو کہتے: حضرت محمدﷺ نے سچ فرمایا۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے دو دفعہ فرمایا: دیکھو سنو! کیا میں نے (تمہیں) پہنچا دیا ہے؟
صحیح بخاری 4407
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان ثوری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس بن مسلم سے, قیس نے طارق بن شہاب سے روایت کی کہ یہودیوں میں سے کچھ لوگوں نے کہا: اگر یہ آیت ہم میں نازل ہوتی تو ہم اس دن کو عید مناتے۔ حضرت عمر ؓ نے پوچھا: کونسی آیت ہے؟ انہوں نے کہا: آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین کامل کردیا ہے اور میں نے اپنی نعمت تم پر پورے طور پر کی ہے اور تمہارے لیے دین کے طور پر اسلام کو پسند کیا ہے۔ حضرت عمر ؓ نے (یہ سن کر) کہا: میں خوب جانتا ہوں کہ کس جگہ یہ آیت نازل کی گئی۔ یہ آیت اس وقت نازل کی گئی کہ جب رسول اللہ ﷺ عرفات میں کھڑے تھے۔
صحیح بخاری 4408
عبد اللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک سے روایت ہے۔ انہوں نے ابو الاسود محمد بن عبد الرحمن بن نوفل سے, انہوں نے عروہ سے, عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکلے۔ ہم میں سے بعض وہ تھے جنہوں نے عمرہ کا نام لے کر لبیک پکارا۔ اور بعض وہ تھے جنہوں نے حج کا اور ہم میں سے وہ بھی تھے جنہوں نے حج و عمرہ دونوں کا نام لے کر لبیک پکارا۔ اور رسول اللہ ﷺ نے حج کا۔ سو جنہوں نے حج یا حج و عمرہ دونوں کا تلبیہ کیا تھا تو انہوں نے اس وقت تک احرام نہیں کھولا جب تک کہ قربانی کا دن نہیں آ گیا۔ عبد اللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں یہ بات بتائی اور انہوں نے اس میں یوں کہا کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع میں نکلے۔ اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں اسی طرح بتایا۔
صحیح بخاری 4409
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم نے جو کہ سعد کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر بن سعد سے, عامر نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ حجۃ الوداع میں میری عیادت اس بیماری میں کرنے آئے کہ جس سے مَیں قریب المرگ ہوگیا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! بیماری نے میری وہ حالت کردی ہے جو آپؐ دیکھ رہے ہیں اور میں مال دار ہوں اور میرا کوئی وارث نہیں, سوائے میری ایک بیٹی کے۔ کیا میں اپنے مال کا دو تہائی صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: کیا میں اس کا آدھا صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: تہائی؟ آپؐ نے فرمایا: تہائی بھی بہت ہے۔ دیکھو یہ کہ تم اپنے وارثوں کو غنی چھوڑ جاؤ، یہ بات بہتر ہے اس سے کہ تم اُن کو محتاج چھوڑ جاؤ کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں۔ اور تم جو بھی ایسا خرچ کرتے ہو کہ جس سے تم اللہ کی رضامندی چاہتے ہو تو ضرور اس کا تم کو بدلہ دیا جائے گا, یہاں تک کہ اس لقمہ کا بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں اپنے ساتھیوں کے چلے جانے کے بعد پیچھے رہنے دیا جاؤں گا؟ آپؐ نے فرمایا: تمہیں پیچھے ہرگز نہیں رہنے دیا جائے گا۔ اگر رہیں بھی تو جو کام بھی تم ایسا کرو گے کہ جس سے تم اللہ کی رضامندی چاہو گے تو ضرور اس کام سے درجہ اور بلندی میں بڑھو گے اور شاید کہ تم دنیا میں کچھ دیر اور رہو کہ تمہارے ذریعہ بعض لوگ نفع حاصل کریں اور بعض کو تمہارے ذریعہ نقصان پہنچایا جائے۔ اے اللہ! میرے ساتھیوں کے لئے ان کی ہجرت کو آخر تک پورا کر اور ان کو ان کی ایڑھیوں کے بَل واپس نہ کر لیکن مسکین سعد بن خولہ۔ رسول اللہ ﷺ ان کے لئے افسوس کیا کرتے تھے کہ وہ مکہ میں فوت ہوگئے۔
صحیح بخاری 4410
ابراہیم بن منذر (حزمی) نے مجھے بتایا کہ ابو ضمرہ (انس بن عیاض) نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ان کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع میں اپنا سر منڈوایا۔
صحیح بخاری 4411
عبیداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بکر نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے مجھے بتایا کہ نافع سے روایت ہے۔ ان کو حضرت ابن عمرؓ نے خبر دی کہ نبی ﷺ نے حجۃ الوداع میں سر منڈوایا اور ایسا ہی آپؐ کے اصحاب میں سے بعض نے بھی۔ اور ان میں سے بعض نے بال کتروائے۔
صحیح بخاری 4412
یحیٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ نیز لیث نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ عبیداللہ بن عبداللہ (بن عتبہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے اُن کو بتایا کہ وہ ایک گدھے پر سوار چلے آرہے تھے اور رسول اللہ ﷺ حجۃ الوداع میں منیٰ مقام پر کھڑے لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے۔ ان کا گدھا صف کے کچھ آگے سے گزرا۔ پھر وہ اس سے اُتر پڑے اور لوگوں کے ساتھ صف میں کھڑے ہوگئے۔
صحیح بخاری 4413
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا کہ ہشام (بن عروہ) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا, کہا: حضرت اسامہؓ سے جبکہ میں موجود تھا پوچھا گیا کہ نبی ﷺ اپنے حج کو جاتے ہوئے سواری کیسے چلاتے تھے؟ انہوں نے کہا: رواں چال سے اور جب کشادہ جگہ پاتے تو دوڑاتے۔
صحیح بخاری 4414
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے, مالک نے یحيٰ بن سعید سے, یحيٰ نے عدی بن ثابت سے, عدی نے عبداللہ بن یزید خطمی سے روایت کی کہ حضرت ابوایوب ؓ (خالد بن زید انصاری) نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے حجۃ الوداع میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مغرب و عشاء کی نمازیں جمع کیں۔