کتاب 78: باب غَزْوَةُ تَبُوكَ، وَهْىَ غَزْوَةُ الْعُسْرَةِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 4415

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلاَءِ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ بُرَيْدِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي بُرْدَةَ عَنْ أَبِي بُرْدَةَ عَنْ أَبِي مُوسَى ـ رضى الله عنه ـ قَالَ أَرْسَلَنِي أَصْحَابِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَسْأَلُهُ الْحُمْلاَنَ لَهُمْ إِذْ هُمْ مَعَهُ فِي جَيْشِ الْعُسْرَةِ وَهْىَ غَزْوَةُ تَبُوكَ فَقُلْتُ يَا نَبِيَّ اللَّهِ إِنَّ أَصْحَابِي أَرْسَلُونِي إِلَيْكَ لِتَحْمِلَهُمْ. فَقَالَ " وَاللَّهِ لاَ أَحْمِلُكُمْ عَلَى شَىْءٍ ". وَوَافَقْتُهُ وَهْوَ غَضْبَانُ وَلاَ أَشْعُرُ وَرَجَعْتُ حَزِينًا مِنْ مَنْعِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَمِنْ مَخَافَةِ أَنْ يَكُونَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَجَدَ فِي نَفْسِهِ عَلَىَّ فَرَجَعْتُ إِلَى أَصْحَابِي فَأَخْبَرْتُهُمُ الَّذِي قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَلَمْ أَلْبَثْ إِلاَّ سُوَيْعَةً إِذْ سَمِعْتُ بِلاَلاً يُنَادِي أَىْ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ قَيْسٍ. فَأَجَبْتُهُ فَقَالَ أَجِبْ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَدْعُوكَ فَلَمَّا أَتَيْتُهُ قَالَ " خُذْ هَذَيْنِ الْقَرِينَيْنِ ـ وَهَذَيْنِ الْقَرِينَيْنِ لِسِتَّةِ أَبْعِرَةٍ ابْتَاعَهُنَّ حِينَئِذٍ مِنْ سَعْدٍ ـ فَانْطَلِقْ بِهِنَّ إِلَى أَصْحَابِكَ فَقُلْ إِنَّ اللَّهَ ـ أَوْ قَالَ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ـ يَحْمِلُكُمْ عَلَى هَؤُلاَءِ فَارْكَبُوهُنَّ ". فَانْطَلَقْتُ إِلَيْهِمْ بِهِنَّ فَقُلْتُ إِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَحْمِلُكُمْ عَلَى هَؤُلاَءِ وَلَكِنِّي وَاللَّهِ لاَ أَدَعُكُمْ حَتَّى يَنْطَلِقَ مَعِي بَعْضُكُمْ إِلَى مَنْ سَمِعَ مَقَالَةَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لاَ تَظُنُّوا أَنِّي حَدَّثْتُكُمْ شَيْئًا لَمْ يَقُلْهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالُوا لِي إِنَّكَ عِنْدَنَا لَمُصَدَّقٌ وَلَنَفْعَلَنَّ مَا أَحْبَبْتَ. فَانْطَلَقَ أَبُو مُوسَى بِنَفَرٍ مِنْهُمْ حَتَّى أَتَوُا الَّذِينَ سَمِعُوا قَوْلَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مَنْعَهُ إِيَّاهُمْ ثُمَّ إِعْطَاءَهُمْ بَعْدُ فَحَدَّثُوهُمْ بِمِثْلِ مَا حَدَّثَهُمْ بِهِ أَبُو مُوسَى.

محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید بن عبداللہ بن ابی بردہ سے, انہوں نے ابو بردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰ (اشعری) ؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میرے ساتھیوں نے مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس بھیجا کہ میں آپؐ سے ان کے لئے سواریاں مانگوں کیونکہ وہ بھی آپؐ کے ساتھ جیش عسرہ میں ہیں اور یہی غزوۂ تبوک ہے۔ میں نے کہا: یا نبی اللہ! میرے ساتھیوں نے مجھے آپؐ کے پاس بھیجا ہے کہ آپؐ انہیں سواریاں دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! کوئی سواری نہیں کہ تمہیں دوں۔ اور میں نے اتفاقاً آپؐ سے ایسے وقت میں مطالبہ کیا کہ جب آپؐ غصہ میں تھے اور میں نہیں جانتا تھا۔ میں نبی ﷺ کے اس انکار سے نیز اس خوف سے کہ کہیں نبی ﷺ اپنے دل میں مجھ پر ناراض نہ ہوگئے ہوں, غمگین ہوکر لوٹ آیا۔ میں اپنے ساتھیوں کے پاس واپس آگیا اور جو نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا تھا میں نے اُن کو بتایا۔ بہت تھوڑی دیر گزری تھی کہ میں نے بلالؓ کو سنا کہ وہ پکار رہے ہیں: عبداللہ بن قیس! میں نے ان کو جواب دیا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس جاؤ، تمہیں بلا رہے ہیں۔ جب میں آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ دو اونٹوں کا جوڑا لے لو اور یہ (دو) جوڑے یعنی چھ اونٹ۔ آپؐ نے ان کو حضرت سعدؓ سے اسی وقت خریدا تھا۔ (فرمایا:) جاؤ اپنے ساتھیوں کے پاس لے جاؤ اور انہیں کہو کہ اللہ یا فرمایا: رسول اللہ ﷺ تمہیں یہ سوار ہونے کے لئے دیتے ہیں۔ ان پر سوار ہوجاؤ۔ چنانچہ میں وہ اونٹ لے کر ان کے پاس چلا گیا۔ میں نے کہا: نبی ﷺ یہ اونٹ تمہیں سواری کے لئے دیتے ہیں مگر میں اللہ کی قسم تمہیں سوار ہونے نہیں دوں گا تا وقتیکہ تم میں سے کوئی میرے ساتھ اس شخص کے پاس نہ جائے جس نے رسول اللہ ﷺ سے وہ بات سنی تھی۔ یہ نہ سمجھو کہ میں نے خود تم سے کوئی بات بیان کی تھی جو رسول اللہ ﷺ نے نہیں فرمائی۔ وہ کہنے لگے: ہم تو آپؐ کو اپنے نزدیک سچا سمجھتے ہیں اور ہم ضرور وہی کریں گے جو آپؐ پسند کریں گے۔ حضرت ابو موسیٰؓ ان میں سے چند آدمی لے کر چلے گئے یہاں تک کہ ان لوگوں کے پاس آئے، جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کی بات سنی تھی یعنی رسول اللہ ﷺ کا اُن کو (دینے سے) انکار کرنا, پھر اس کے بعد ان کو دینا۔ تو انہوں نے ان سے وہی بیان کیا جو حضرت ابو موسیٰؓ نے اُن سے بیان کیا تھا۔

صحیح بخاری 4416

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ شُعْبَةَ عَنِ الْحَكَمِ عَنْ مُصْعَبِ بْنِ سَعْدٍ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم خَرَجَ إِلَى تَبُوكَ وَاسْتَخْلَفَ عَلِيًّا فَقَالَ أَتُخَلِّفُنِي فِي الصِّبْيَانِ وَالنِّسَاءِ قَالَ " أَلاَ تَرْضَى أَنْ تَكُونَ مِنِّي بِمَنْزِلَةِ هَارُونَ مِنْ مُوسَى إِلاَّ أَنَّهُ لَيْسَ نَبِيٌّ بَعْدِي ". وَقَالَ أَبُو دَاوُدَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنِ الْحَكَمِ سَمِعْتُ مُصْعَبًا.

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے, شعبہ نے حکم (بن عتیبہ) سے, حکم نے مصعب بن سعد سے, انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ تبوک جانے کے لئے نکلے اور حضرت علیؓ کو (مدینہ میں) اپنا قائمقام مقرر کیا۔ حضرت علیؓ نے کہا: کیا آپؐ مجھے بچوں اور عورتوں میں پیچھے چھوڑ کر جاتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کیا آپؓ خوش نہیں ہوتے کہ آپؓ کا مقام مجھ سے وہی ہے جو ہارونؑ کا موسیٰؑ سے تھا۔ مگر یہ بات ہے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ اور ابوداؤد (طیالسی) نے کہا: شعبہ نے حاکم (بن عتیبہ) سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مصعب سے سنا۔

صحیح بخاری 4417

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَكْرٍ أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ قَالَ سَمِعْتُ عَطَاءً يُخْبِرُ قَالَ أَخْبَرَنِي صَفْوَانُ بْنُ يَعْلَى بْنِ أُمَيَّةَ عَنْ أَبِيهِ قَالَ غَزَوْتُ مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم الْعُسْرَةَ قَالَ كَانَ يَعْلَى يَقُولُ تِلْكَ الْغَزْوَةُ أَوْثَقُ أَعْمَالِي عِنْدِي. قَالَ عَطَاءٌ فَقَالَ صَفْوَانُ قَالَ يَعْلَى فَكَانَ لِي أَجِيرٌ فَقَاتَلَ إِنْسَانًا فَعَضَّ أَحَدُهُمَا يَدَ الآخَرِ قَالَ عَطَاءٌ فَلَقَدْ أَخْبَرَنِي صَفْوَانُ أَيُّهُمَا عَضَّ الآخَرَ فَنَسِيتُهُ قَالَ فَانْتَزَعَ الْمَعْضُوضُ يَدَهُ مِنْ فِي الْعَاضِّ فَانْتَزَعَ إِحْدَى ثَنِيَّتَيْهِ فَأَتَيَا النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَأَهْدَرَ ثَنِيَّتَهُ. قَالَ عَطَاءٌ وَحَسِبْتُ أَنَّهُ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " أَفَيَدَعُ يَدَهُ فِي فِيكَ تَقْضَمُهَا كَأَنَّهَا فِي فِي فَحْلٍ يَقْضَمُهَا ".

عبیداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بکر نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے عطاء (بن ابی رباح) سے سنا۔ وہ بتایا کرتے تھے، کہتے تھے: صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا, کہا کہ میں عسرہ کی جنگ میں نبی ﷺ کے ساتھ غزوہ میں نکلا۔ صفوان نے کہا: حضرت یعلیٰؓ کہتے تھے کہ وہ جنگ میرے نزدیک میرے تمام اعمال کی نسبت زیادہ قابل اعتماد ہے۔ عطاء نے کہا کہ صفوان نے بتایا۔ حضرت یعلیٰؓ کہتے تھے: میرا ایک نوکر بھی تھا جو ایک شخص سے لڑ پڑا تو اُن میں سے ایک نے دوسرے کے ہاتھ کو دانتوں سے کاٹا۔ عطاء نے کہا: صفوان نے یہ بھی مجھے بتایا تھا کہ ان دونوں میں سے کس نے دوسرے کو کاٹا، مگر میں یہ بھول گیا۔ کہتے تھے : جس کا ہاتھ کاٹا گیا تھا اس نے اپنے ہاتھ کو کاٹنے والے کے منہ سے جھٹکا دے کر جو چھوڑایا تو اس نے اس کے اگلے دو دانتوں میں سے ایک دانت نکال دیا۔ اس پر وہ دونوں نبی ﷺ کے پاس آئے تو آپؐ نے اس کے دانت کی کوئی دیت نہ دلوائی۔ عطاء نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ صفوان نے یہ بھی کہا تھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا وہ اپنے ہاتھ کو تمہارے منہ میں رہنے دیتا کہ تم اس کو چباتے؛ گویا وہ سانڈ کے منہ میں ہے جو چبا ڈالتا۔

10 von 10 heute frei