کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 12
صحیح بخاری 4694
سعید بن تلید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن قاسم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بکر بن مضر سے، بکر نے عمرو بن حارث سے، عمرو نے یونس بن یزید سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیّب اور ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن سے، انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ لوطؑ پر رحم کرے وہ کسی مضبوط سہارے کی پناہ لینا چاہتے تھے۔ اور اگر میں قید خانہ میں اتنا عرصہ رہتا جتنا کہ یوسف رہے تو جو بلانے والا شخص آیا تھا میں اس کی بات مان لیتا۔ اور ہم ابراہیمؑ سے زیادہ حقدار ہیں جب اس نے اس سے کہا: کیا تو ایمان نہیں لا چکا؟ (ابراہیم نے) کہا: کیوں نہیں۔ (ایمان تو بے شک حاصل ہو چکا ہے) لیکن اپنے اطمینان قلب کی خاطر (میں نے یہ سوال کیا ہے)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4695
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول کے متعلق پوچھا: یہاں تک کہ جب رسول نا اُمید ہو گئے۔ عروہ نے کہا: میں نے پوچھا کہ اس آیت میں كُذِبُوْا ہے یا كُذِّبُوْا؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: كُذِّبُوْا ہے یعنی انہیں جھٹلایا گیا۔ میں نے کہا: انہیں تو یقین تھا کہ ان کی قوم نے انہیں جھٹلایا ہے اور یہ صرف گمان نہیں تھا۔ انہوں نے فرمایا: بے شک انہیں اس کا یقین ہو چکا تھا۔ میں نے اُن سے کہا: شاید اس آیت میں كُذِبُوْا ہو۔ یعنی ان سے جھوٹے وعدے کئے گئے۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: معاذ اللہ! رسول ایسے نہیں ہوتے کہ اپنے ربّ پر یہ گمان کریں۔ میں نے کہا: پھر اس آیت کے کیا معنی ہیں؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: یہ (گمان کرنے والے) رسولوں کے پیرو ہیں جو اپنے ربّ پر ایمان لائے اور ان رسولوں کو سچا سمجھا اور ان کی آزمائش دیر تک ہوتی رہی اور اُن کو مدد پہنچنے میں دیر ہو گئی۔ یہاں تک کہ جب رسول اپنی قوم کے ان لوگوں سے بالکل نا اُمید ہو گئے جنہوں نے انہیں جھٹلایا تھا اَور رسولوں نے یہ خیال کیا کہ ان کے پیروؤں نے بھی انہیں جھوٹا قرار دے دیا ہے تو اس وقت اللہ کی مدد اُن کو پہنچی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4696
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے روایت کی، کہا: مجھے عروہ نے بتایا کہ (انہوں نے کہا:) میں نے (حضرت عائشہؓ سے) کہا کہ ہو سکتا ہے یہ كُذِبُوا ہو، تخفیف کے ساتھ۔ تو انہوں نے کہا: معاذ اللہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4697
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ معن نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں جنہیں کوئی نہیں جانتا مگر اللہ ہی۔ کوئی نہیں جانتا کہ کل کو کیا ہوگا مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ رحم کیا کچھ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب آئے گی مگر اللہ ہی، اور کوئی نفس نہیں جانتا کہ کس زمین میں مرے گا مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ گھڑی کب برپا ہوگی مگر اللہ ہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4698
عبید بن اسمٰعیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو اُسامہ سے، ابو اُسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے ایک ایسا درخت بتلاؤ جو مسلمان شخص کے مشابہ یا اس کی طرح ہے۔ اس کے پتے نہیں گرتے۔ اور نہ ایسا ہے اور نہ ایسا اور نہ ایسا۔ وہ اپنا پھل ہر وقت دیتا ہے۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میرے دل میں آیا کہ وہ کھجور ہے۔ اور میں نے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کو دیکھا کہ وہ نہیں بول رہے تو میں نے بُرا جانا کہ میں بات کروں۔ پس جب وہ کچھ نہ بولے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ کھجور ہے۔ پھر جب ہم کھڑے ہوئے تو میں نے حضرت عمرؓ سے کہا: ابا! بخدا میرے دل میں آیا تھا کہ وہ کھجور ہے، تو انہوں نے کہا: تمہیں (یہ بات) کہنے سے کس نے روکا؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: مجھے صرف اسی بات نے روکا کہ میں نے آپؓ کو (اور حضرت ابوبکرؓ کو) بات کرتے نہیں دیکھا اس لئے میں نے برا جانا کہ میں بولوں یا کچھ کہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اگر تم نے کہہ دیا ہوتا تو یہ مجھے ایسی ایسی بات سے زیادہ پسند تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4699
ابو الولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: علقمہ بن مرثد نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے سعد بن عبیدہ سے سنا۔ سعد نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان وہ ہے کہ جب اس سے قبر میں پوچھا جاتا ہے تو وہ یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمد اللہ کے رسول ہیں اور یہی مراد ہے جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: جو لوگ ایمان لائے ہیں انہیں اللہ اس قائم رہنے والی (اور پاک) بات کے ذریعہ سے (اس) ورلی زندگی میں (بھی) ثبات بخشتا ہے اور آخرت (کی زندگی) میں بھی (بخشے گا)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4700
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے عمرو سے، عمرو نے عطاء سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے آیت اَلَمْ تَرَ اِلَى الَّذِيْنَ … کے متعلق سنا۔ یعنی ’’(اے مخاطب!) کیا تو نے اُن لوگوں (کی حالت) کو (غور کی نظر سے) نہیں دیکھا جنہوں نے ناشکری سے اللہ کی نعمت کو بدل ڈالا۔‘‘ آپؓ نے فرمایا: یہ (ناشکرگذار لوگ) کفار اہل مکہ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4701
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس روایت کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے تو فرشتے اس کی بات سن کر عاجزی سے اپنے پروں کو پھڑپھڑاتے ہیں جس کی ایسی آواز ہوتی ہے جیسے زنجیر کو پتھر پر مارنے سے۔ علی (بن عبداللہ) کہتے تھے: سفیان کے علاوہ بعض نے کہا: اللہ اس (امر) کو اُن تک پہنچا دیتا ہے۔ جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کردی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا ہے؟ وہ کہتے ہیں: اس ذات کی قسم ہے جس نے حق کہا ہے۔ اور وہ بلند شان اور بڑے اختیارات والا ہے۔ تب چوری سے سننے والے سن لیتے ہیں اور چوری سے سننے والے اس طرح ایک دوسرے کے اُوپر ہوتے ہیں۔ اور سفیان نے اپنے ہاتھ کے اشارہ سے اسے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے دائیں ہاتھ کی انگلیوں کو اس طرح کھولا کہ ایک دوسرے کے اوپر تھی۔ کبھی تو سننے والے کے اپنے ساتھی کو پہنچانے سے پہلے شہاب اسے پکڑ لیتا ہے اور اسے جلا دیتا ہے۔ اور کبھی وہ اسے نہیں پکڑتا یہاں تک کہ وہ اسے اپنے سے نیچے والے ساتھی کو پہنچا دیتا ہے اور وہ اسے زمین تک پہنچا دیتا ہے۔ اور ایک مرتبہ سفیان نے کہا: یہاں تک کہ وہ زمین تک پہنچ جاتی ہے اور دھوکہ دینے والے کے منہ پر آجاتی ہے تو وہ سو جھوٹ اس کے ساتھ ملا کر بولتا ہے پھر اس کی تصدیق ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں: کیا اس نے ہمیں فلاں فلاں دن نہیں بتایا تھا کہ ایسا ایسا ہو گا؟ تو ہم اسے اس بات کی وجہ سے جو آسمان سے سنی گئی تھی سچا سمجھ لیتے ہیں۔ علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو نے ہمیں یہی بتلایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ جب اللہ کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے۔ اور انہوں نے (اس روایت میں یہ لفظ) زائد بیان کیا ہے یعنی اور کاہن…۔ اور سفیان نے ہم سے بیان کیا اور کہا: عمرو کہتے تھے: میں نے عکرمہ سے سنا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے ہمیں بتلایا، کہا: جب اللہ کسی بات کا فیصلہ کرتا ہے۔ اور کہا: دھوکہ دینے والے کے منہ پر۔ میں نے سفیان سے پوچھا: کیا آپ نے عمرو سے سنا ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے عکرمہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا؟ انہوں نے کہا: جی ہاں۔ میں نے سفیان سے کہا کہ ایک آدمی نے آپ سے یوں روایت کی ہے کہ آپ نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اور وہ اسے مرفوع بیان کرتے تھے کہ آنحضور ﷺ نے یوں پڑھا ہے کہ گھبراہٹ دور کردی گئی۔ سفیان نے کہا: عمرو نے اسی طرح پڑھا۔ اور میں نہیں جانتا کہ انہوں نے اسی طرح سنا تھا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: اور یہی ہماری قرأت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4702
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا۔ معن نے ہمیں بتایا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حجر والوں کی نسبت فرمایا: تم اس قوم (کے آثار) پر نہ جاؤ سوائے اس کے کہ تم گریہ و زاری کرنے والے ہو۔ پس اگر تم گریہ و زاری نہ کرو تو اُن کے پاس نہ جاؤ، مبادا تمہیں وہی عذاب پہنچے جو انہیں پہنچا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4703
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے خبیب بن عبدالرحمٰن سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابو سعید بن معلیٰؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ میرے پاس سے گزرے اور میں نماز پڑھ رہا تھا۔ آپؐ نے مجھے بلایا، لیکن میں آپؐ کے پاس نہ آیا۔ یہاں تک کہ میں نے نماز پڑھ لی پھر آیا۔ تو آپؐ نے فرمایا: تمہیں (میرے پاس) آنے سے کس بات نے روکا؟ میں نے عرض کیا کہ میں نماز پڑھ رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اللہ نے یہ نہیں فرمایا؟ اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی بات سنو۔ پھر آپؐ نے فرمایا: سنو ! میں مسجد سے نکلنے سے پہلے تمہیں قرآن کی سب سے بڑی سورة بتاؤں گا۔ پھر نبی ﷺ (مسجد سے) نکلنے لگے تو میں نے آپؐ کو یاد دلایا۔ آپؐ نے فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ یعنی ہر (قسم کی) تعریف کا اللہ (ہی) مستحق ہے (جو) تمام جہانوں کا ربّ (ہے۔) یہی سات دُہرائی جانے والی (آیات) اور قرآن عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4704
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ سعید مقبری نے ہمیں خبر دی کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُمّ القرآن ہی سبع مثانی (سات دُہرائی جانے والی آیات) ہے اور قرآن عظیم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4705
یعقوب بن ابراہیم سے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ ابو بِشر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے آیت) الَّذِيْنَ جَعَلُوا الْقُرْاٰنَ عِضِيْنَ (یعنی جنہوں نے قرآن کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے سے متعلق) کہا: وہ اہل کتاب تھے جنہوں نے اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ اس کی بعض باتیں مانیں اور بعض کا انکار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4706
عبیداللہ بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو ظبیان سے، ابو ظبیان نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے (آیت) کَمَاۤ اَنۡزَلۡنَا عَلَی الۡمُقۡتَسِمِیۡنَ کے متعلق روایت کی کہ انہوں نے کہا: یہود اور نصاریٰ نے بعض باتیں مانیں اور بعض کا انکار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4707
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہارون بن موسیٰ ابو عبداللہ اعور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعیب (بن حبحاب) سے، شعیب نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ یہ دعا کیا کرتے تھے: میں تیری پناہ لیتا ہوں بخل سے، سستی سے، نکمی عمر سے، عذاب قبر سے، فتنہ دجال سے نیز زندگی اور موت کے فتنے سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4708
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق (عمرو بن عبداللہ سبیعی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن یزید سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت عبداللہ) ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ سورة بنی اسرائیل، سورة الکہف اور سورة مریم سے متعلق کہتے تھے کہ یہ پہلی عمدہ سورتوں میں سے ہیں اور یہ میری پرانی یاد کی ہوئی ہیں۔ آیت فَسَيُنْغِضُوْنَ۠ اِلَيْكَ رُءُوْسَهُمْؐ کے متعلق حضرت ابن عباسؓ نے کہا: (فَسَيُنْغِضُوْنَ۠ کے معنی ہیں) وہ (اپنا سر) ہلائیں گے۔ اور ان کے سوا دوسروں نے کہا: نَغَضَتْ سِنُّكَ یعنی تیرا دانت ہل گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4709
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا کہ یونس نے ہمیں خبر دی۔ نیز احمد بن صالح نے ہمیں بتایا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ ابن مسیب نے کہا: حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس اس رات کو جس میں آپؐ بیت المقدس لے جائے گئے دو پیالے لائے گئے، ایک شراب کا اور ایک دودھ کا۔ آپؐ نے ان دونوں کو دیکھا اور پھر دودھ کو لے لیا۔ جبرائیل نے کہا: الحمد للہ جس نے آپؐ کو فطرت کی طرف راہنمائی کی ہے۔ اگر آپؐ شراب کو لیتے تو آپؐ کی امت گمراہ ہو جاتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4710
احمد بن صالح نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یونس نے مجھے خبر دی۔ ابن شہاب سے مروی ہے کہ ابوسلمہ نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا، آپؐ فرماتے تھے: جب قریش نے مجھے جھٹلایا میں حجر (مقام حطیم) میں کھڑا تھا تو اللہ نے بیت المقدس میرے سامنے لا کر مجھے صاف دکھایا اور میں بیت المقدس کی نشانیاں انہیں بتانے لگا۔ میں اسے دیکھ رہا تھا۔ یعقوب بن ابراہیم نے (اپنی سند میں) یہ (حصہ) زائد بیان کیا ہے۔ ابن شہاب کے بھتیجے نے اپنے چچا (زہری) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ جب قریش نے مجھے اس وقت جھٹلایا کہ جب میں بیت المقدس رات کے وقت لے جایا گیا۔ پھر انہوں نے اسی طرح پوری روایت بیان کی۔ قَاصِفًا کے معنی ہیں وہ باد تند جو ہر چیز کو توڑ پھوڑ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4711
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ منصور نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: زمانہ جاہلیت میں جب کوئی قبیلہ تعداد میں بڑھ جاتا تو ہم کہتے: فلاں قبیلہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ (عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا اور انہوں نے کہا کہ (یہ لفظ) أَمَرَ ہے (أَمِرَ نہیں)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4712
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ ابوحیان تیمی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو زُرْعہ بن عمرو بن جریر سے، ابو زُرْعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس گوشت لایا گیا اور اس میں سے دستی کا گوشت اٹھا کر آپؐ کے سامنے پیش کیا گیا اور آپؐ کو یہ بہت پسند تھا۔ آپؐ نے اس گوشت میں سے کچھ دانتوں سے تھوڑا سا لیا۔ پھر فرمایا کہ میں قیامت کے روز لوگوں کا سردار ہوں گا اور (کیا) تم جانتے ہو کس لئے؟ پہلے اور پچھلے لوگ ایک ہی میدان میں اکٹھے کئے جائیں گے۔ پکارنے والا ان سب کو سنائے گا اور آنکھ ان کو دیکھے گی اور سورج نزدیک آجائے گا اور لوگوں کو اس قدر غم ہوگا اور گھبراہٹ اس حد تک پہنچ جائے گی جس کی وہ طاقت نہیں رکھیں گے اور نہ اسے برداشت کر سکیں گے۔ لوگ (آپس میں) کہیں گے کہ کیا دیکھتے نہیں کہ تمہارا کیا حال ہوچکا ہے۔ کیا اب بھی تم ایسے شخص کو نہیں ڈھونڈو گے جو تمہارے ربّ کے پاس تمہارے لئے سفارش کرے۔ تب بعض لوگ ایک دوسرے سے کہیں گے کہ چلو آدم ؑ سے مدد لیں۔ وہ حضرت آدم علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور اُن سے کہیں گے کہ آپؑ تمام انسانوں کے باپ ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور آپؑ میں اپنی روح پھونکی اور فرشتوں کو حکم دیا اور وہ آپؑ کے فرمانبردار ہوگئے۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے بھی سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں، ہماری نوبت کہاں تک پہنچ گئی ہے۔ یہ سن کر حضرت آدم ؑ کہیں گے کہ میرا ربّ آج بہت بڑے جلال میں ہے کہ اس سے قبل اتنے جلال میں نہیں ہوا اور نہ اس کے بعد ایسے جلال کا اظہار کرے گا۔ اور (یہ بات بھی ہے کہ) اس نے مجھے درخت سے روکا تھا اور میں نے اس کی نافرمانی کی۔ مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے۔ اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا تم کسی اور کے پاس جاؤ۔ نوحؑ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت نوحؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے نوحؑ آپؑ پہلے رسول ہیں جو زمین والوں کی طرف بھیجے گئے تھے اور اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو شکر گزار بندہ قرار دیا ہے۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے: میرا ربّ عز و جل آج بہت بڑے غضب میں ہے۔ ایسا غضب ناک نہ وہ اس سے پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہوگا۔ اور (بات یہ ہے کہ) مجھ سے ایک دعا ہوگئی تھی جو میں نے اپنی قوم ہی کے برخلاف کی تھی۔ مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے۔ مجھے اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ (بہتر ہوگا کہ) تم ابراہیمؑ کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے : اے ابراہیم ! آپؐ اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں اور ساری زمین والوں میں سے اس کے جانی دوست ہیں۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے سفارش تو فرمائیں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ ان سے کہیں گے کہ میرا ربّ تو آج اتنے غضب میں ہے کہ ایسا غضب ناک وہ کبھی نہیں ہوا تھا اور نہ اس کے بعد کبھی ہوگا۔ اور میں نے تو تین باتیں خلاف واقعہ کہی تھیں۔ ابوحیان راوی نے حدیث میں ان (خلاف واقعہ باتوں) کا ذکر کیا ہے۔ مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی فکر ہے اپنی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ۔ تم موسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے موسیٰ ! آپؑ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو اپنی رسالت اور اپنے کلام سے لوگوں پر فضیلت دی ہے۔ اپنے ربّ سے ہماری سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے کہ میرا ربّ تو آج اس قدر غضب میں ہے کہ اتنے غضب میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور نہ ہی اس کے بعد اتنے غضب میں ہوگا۔ اور میں نے ایک جان کو مار ڈالا تھا جس کے مارنے کا مجھے حکم نہیں تھا۔ مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ۔ (بہتر ہوکہ) تم عیسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے عیسیٰ! آپؑ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور اُس کا کلمہ جو مریم کو اللہ تعالیٰ نے القا کیا اور اس کی روح ہیں۔ آپؑ نے گہوارے میں لوگوں سے باتیں کی تھیں (یعنی بچپن میں۔) ہماری سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ حضرت عیسیٰؑ کہیں گے کہ میرا ربّ آج اس قدر غضب میں ہے کہ ایسا غضب ناک اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا نہ اس کے بعد کبھی ہوگا۔ انہوں نے اپنے کسی گناہ کا ذکر تو نہیں کیا (مگر کہیں گے:) مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی فکر ہے اپنی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ (بہتر ہوگا کہ) تم محمد ﷺ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت محمد ﷺ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے محمدؐ ! آپؐ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور نبیوں کی مہر ہیں۔ اور اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا اور بعد میں بھی۔ اپنے ربّ سے ہماری سفارش فرمائیں۔ کیا آپؐ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ تو میں (یہ سن کر) جاؤں گا اور عرش کے نیچے آکر اپنے ربّ عزوجل کے حضور سجدے میں گر جاؤں گا اور اللہ مجھے اپنی خوبیاں بیان کرنے کی توفیق دے گا کہ مجھ سے پہلے کسی کو ویسی توفیق نہ دی ہوگی۔ پھر کہا جائے گا : محمد! تم اپنا سر اُٹھاؤ۔ مانگو تمہیں دیا جائے گا، سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں اپنا سر اٹھاؤں گا اور کہوں گا: اے میرے ربّ! میری امت، اے میرے ربّ! میری امت۔ کہا جائے گا: محمد! اپنی امت ہی سے جن لوگوں کے ذمہ کوئی حساب نہیں جنت کے دروازوں میں سے دائیں جانب کے دروازے سے جنت میں لے جاؤ اور اس کے سوا جو دوسرے دروازے ہیں ان میں بھی وہ لوگوں کے ساتھ شریک ہو سکتے ہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے (جنت کا دروازہ اتنا فراخ ہوگا) کہ اس کے دو کواڑوں میں فاصلہ اتنا ہے جتنا مکہ اور حمیر کے درمیان ہے۔ یا (فرمایا:) جتنا فاصلہ مکہ اور بصریٰ کے درمیان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4713
اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: داؤد کے لئے (زبور) پڑھنا آسان کیا گیا تھا۔ وہ اپنے جانور پر زین کسنے کا حکم دیتے اور زین کسنے سے پہلے پہلے وہ اسے پڑھ لیتے۔ یعنی جتنا پڑھنے کا حکم ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah