کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 9
صحیح بخاری 4634
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابووائل (شقیق بن سلمہ) سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود)ؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: اللہ سے بڑھ کر کوئی غیرت مند نہیں ہے۔ اس لیے اس نے تمام بدیاں حرام کر دیں، وہ بھی جو اُن میں ظاہر ہیں اور وہ بھی جو چھپی ہیں اور اللہ کو کوئی چیز بھی اتنی پیاری نہیں جتنی کہ مدح۔ اس لیے اس نے اپنی تعریف آپ کی ہے۔ (عمرو بن مرہ نے کہا:) میں نے (ابووائل سے) پوچھا: کیا آپ نے یہ (حدیث) حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے خود سنی؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: اور کیا حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے سند کو آنحضرت ﷺ تک پہنچایا تھا؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4635
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ عمارہ (بن قعقاع) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوزُرعہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک سورج اپنے غروب ہونے کی جگہ سے نہیں طلوع کرے گا اس وقت تک وہ گھڑی برپا نہ ہوگی۔ جب لوگ اس نشان کو دیکھیں گے جو بھی اس زمین پر ہوں گے ایمان لائیں گے۔ پھر یہ وہ وقت ہوگا جب کسی نفس کو اس کا ایمان لانا فائدہ نہ دے گا جو پہلے ایمان نہ لایا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4636
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک وہ گھڑی برپا نہیں ہوگی جب تک کہ سورج اپنے ڈوبنے کی جگہ سے نہ چڑھے۔ جب سورج (مغرب سے) نکلے گا اور لوگ اس کو دیکھ لیں گے تو سب کے سب ایمان لائیں گے اور یہ وہ وقت ہوگا جب کسی نفس کو اس کا ایمان لانا فائدہ نہ دے گا۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے یہ آیت پڑھی (لَا يَنْفَعُ نَفْسًا اِيْمَانُهَا لَمْ تَكُنْ اٰمَنَتْ مِنْ قَبْلُ۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4637
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) ؓ سے روایت کی کہ (عمرو بن مرہ) نے کہا: میں نے (ابووائل سے) پوچھا کہ آپ نے یہ حدیث حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنی ہے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ اور (کہا:) اُنہوں نے اس سند کو مرفوعاً بیان کیا تھا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اللہ سے بڑھ کر کوئی غیرت مند نہیں اس لئے اس نے تمام بدیوں کو حرام کردیا وہ بھی جو اُن میں سے ظاہر ہوں اور وہ بھی جو پوشیدہ ہوں اور اللہ سے بڑھ کر کسی کو مدح زیادہ پسند نہیں اسی لئے اس نے خود اپنی تعریف کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4638
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے عمرو بن یحيٰ مازنی سے، عمرو نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: یہود میں سے ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا، جس کے منہ پر تھپڑ مارا گیا تھا وہ کہنے لگا: یا محمدؐ! آپ کے ساتھیوں میں سے ایک شخص نے جو انصار میں سے ہے میرے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو بلاؤ۔ چنانچہ اس کو بلا لائے۔ آپؐ نے پوچھا: تم نے اس کے منہ پر کیوں طمانچہ مارا ہے؟ اس نے کہا: یا رسول اللہؐ! میں یہودیوں کے پاس سے گزرا تو میں نے اس شخص کو کہتے سنا: اس ذات کی قسم ہے جس نے موسیٰ کو تمام بشر سے بہتر سمجھ کر چُن لیا۔ میں نے کہا: کیا محمدﷺ سے بھی اور مجھے غصہ آیا تو میں نے اس کو طمانچہ مارا۔ آپؐ نے فرمایا: انبیاء میں سے مجھے سب سے بہتر نہ کہو۔ کیونکہ قیامت کے دن لوگ بے ہوش ہوجائیں گے اور میں پہلا ہوں گا جو ہوش میں آئے گا۔ میں کیا دیکھوں گا کہ موسیٰ ہیں جو عرش کے پایوں میں سے ایک پایہ تھامے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا آیا وہ مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا طُور کی بے ہوشی ہی ان کے لئے کافی سمجھی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4639
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے عبدالملک (بن عمیر) سے، عبدالملک نے حضرت عمرو بن حریثؓ سے، حضرت عمروؓ نے حضرت سعید بن زیدؓ سے، حضرت سعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کھمبی مَنّ ہی کی ایک قسم ہے اور اس کا پانی آشوب چشم کا علاج ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4640
عبداللہ (بن حماد آملی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سلیمان بن عبدالرحمٰن (دمشقی) اور موسیٰ بن ہارون نے ہمیں بتایا، ان دونوں نے کہا: ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا، کہ عبداللہ بن علاء بن زبر نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے کہا: بُسر بن عبیداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہا: ابو ادریس خولانی نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ میں نے حضرت ابودرداءؓ سے سنا وہ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کے درمیان کوئی بات چیت ہوئی۔ جس سے حضرت ابوبکرؓ نے حضرت عمرؓ کو ناراض کر دیا۔ حضرت عمرؓ حضرت ابوبکرؓ سے ناراض ہو کر چلے گئے۔ حضرت ابوبکرؓ ان کے پیچھے گئے تا ان سے کہیں کہ ان کے لئے استغفار کریں۔ حضرت عمرؓ نے نہ مانا اور دروازہ بند کرلیا کہ اندر نہ آئیں۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ حضرت ابودرداءؓ کہتے تھے اور اس وقت ہم آپؐ کے پاس تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے (حضرت ابوبکرؓ کو دیکھ کر) فرمایا کہ یہ جو تمہارے ساتھی ہیں (یعنی ابوبکرؓ) یہ بھلائی میں تم سب سے سبقت لے گئے ہیں۔ (حضرت ابو درداءؓ) کہتے تھے اور حضرت عمرؓ بھی اپنے اس فعل پر شرمندہ ہوئے جو اُن سے ہوا وہ بھی آگئے السلام علیکم کہا اور نبی ﷺ کے پاس بیٹھ گئے۔ رسول اللہ ﷺ سے سارا واقعہ بیان کیا۔ حضرت ابو درداءؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ ناراض ہوگئے اور حضرت ابوبکرؓ کہنے لگے: یا رسولؐ اللہ! اللہ کی قسم میں ہی زیادتی کرنے والا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم میرا رفیق (غار) میرے لئے رہنے دو گے؟ کیا تم میرا رفیق میرے لئے رہنے دو گے؟ میں نے کہا: اے لوگو! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں۔ تم نے کہا: تو کاذب ہے اور ابوبکر نے کہا: تو صادق ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: غَامَرَ کا لفظ جو اس حدیث میں آیا ہے اس کے معنی ہیں وہ بھلائی میں جو سبقت لے گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4641
اسحق (بن ابراہیم حنظلی ابن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا: ہمام بن منبہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بنی اسرائیل سے کہا گیا تھا کہ دروازے سے فرمانبردار ہو کر داخل ہونا اور یہ دعا کرتے رہنا، ہمارے گناہ معاف ہوں، ہم تمہاری غلطیوں پر پردہ پوشی کرکے تم سے درگزر کریں گے، تو انہوں نے (اس حکم کو) بدل ڈالا اور اپنے کولہوں کے بل گھسٹتے اور رینگتے ہوئے داخل ہوئے اور اُنہوں نے (بجائے حِطَّۃٌ کے) حَبَّةٌ فِی شَعَرَةٍ کہا۔ یعنی بالی میں دانے ہمیں ملیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4642
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: عیینہ بن حصن بن حذیفہ (مدینہ میں) آئے اور اپنے بھتیجے حرؓ بن قیس کے پاس اترے اور حُرؓ بن قیس ان لوگوں میں سے تھے جن کو حضرت عمرؓ اپنے قریب بٹھایا کرتے تھے اور قاری (قرآن کے عالم) ہی حضرت عمرؓ کی مجلس میں بیٹھنے والے اور ان کو مشورہ دینے والے ہوتے تھے، ادھیڑ عمر کے ہوں یا جوان۔ عیینہ نے اپنے بھتیجے سے کہا: اے بھتیجے! اس امیر کے پاس تمہاری وجاہت ہے، اس لئے میرے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت مانگو۔ حُرؓ بن قیس نے کہا: میں تمہارے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت لے لوں گا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے، چنانچہ حُؓر نے عیینہ کے لئے اجازت مانگی اور حضرت عمرؓ نے ان کو اجازت دی۔ جب عیینہ ان کے پاس آیا تو اُس نے کہا: خطاب کے بیٹے! یہ کیا بات ہے، اللہ کی قسم نہ تو آپؓ ہم کو بہت (مال) دیتے ہیں اور نہ ہمارے درمیان (اور ہمارے مال کے درمیان) انصاف سے فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ ناراض ہوگئے۔ یہاں تک کہ اس کو کچھ کہنے کو ہی تھے کہ حُؓر نے حضرت عمرؓ سے عرض کیا: امیر المومنینؓ! اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا ہے: (اے نبی! ہمیشہ) درگزر سے کام لے اور مطابق فطرت باتوں کا حکم دیتا رہ اور جاہل لوگوں سے منہ پھیر لے۔ اور یہ عیینہ جاہلوں ہی میں سے ہے۔ اللہ کی قسم جب حُؓر نے ان کے سامنے یہ آیت پڑھی تو حضرت عمرؓ وہیں رک گئے اور کچھ نہیں کہا اور حضرت عمرؓ کتاب اللہ کو سن کر رک جاتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4643
یحيٰ (بن موسیٰ) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا: انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: آیت خُذِ الْعَفْوَ وَ اْمُرْ بِالْعُرْفِ جو ہے تو اللہ تعالیٰ نے یہ صرف لوگوں کی اخلاقی اصلاح کے لئے ہی اتاری ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4644
اور عبداللہ بن برّاد نے کہا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے بتایا، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو حکم دیا کہ وہ لوگوں کے سلوک پر عفو سے کام لیں یا کچھ ایسے ہی الفاظ کہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4645
محمد بن عبد الرحیم نے مجھے بتایا کہ سعید بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم (بن بشیر) نے ہمیں خبر دی ابو بشر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سورة الأنفال کی بابت پوچھا ( کہ کب نازل ہوئی) تو اُنہوں نے کہا: غزوہ بدر میں نازل ہوئی۔ الشَّوْكَةُ کے معنی ہیں دھار دار۔ مُرْدِفِيْنَ کے معنی ہیں فوج در فوج۔ رَدَفَنِی اور أَرْدَفَنِي کے معنی ہیں میرے پیچھے آئے ذُوْقُوْا کے معنی ہیں براہ راست اس کا تجربہ کرو اور اس سے مراد منہ کا چکھنا نہیں۔ فَيَرْكُمَهٗ کے معنی ہیں: وہ اسے اکٹھا کرتا ہے۔ شَرِّدْ کے معنی ہیں پراگندہ کر دے۔ وَ اِنْ جَنَحُوْا کے معنی ہیں طلب کریں۔ السِّلْمُ، السَّلْمُ اور السَّلَامُ کے ایک ہی معنی ہیں۔ يُثْخِنَ کے معنی ہیں: وہ غالب ہوتا ہے اور مجاہدؒ نے کہا: مُكَآءً کے معنی ہیں اپنی انگلیوں کو اپنے منہ میں رکھنا اور تَصْدِیَۃٌ کے معنی ہیں سیٹی بجانا اور لِيُثْبِتُوْكَ کے معنی ہیں تا تجھ کو قید کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4646
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ورقاء (بن عمر) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے (عبد اللہ) بن ابی نجیح سے، اُنہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: اِنَّ شَرَّ الدَّوَآبِّ عِنْدَ اللّٰهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِيْنَ لَا يَعْقِلُوْنَ سے بنو عبدالدار کے کچھ لوگ مراد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4647
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا: کہا، روح (بن عبادہ) نے ہمیں خبر دی کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، خبیب بن عبدالرحمٰن سے روایت ہے۔ (اُنہوں نے کہا:) میں نے حفص بن عاصم سے سنا۔ وہ حضرت ابوسعید بن معلی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: میں نماز پڑھ رہا تھا کہ اتنے میں رسول اللہ ﷺ میرے پاس سے گزرے۔ آپؐ نے مجھے بلایا۔ میں آپؐ کے پاس نہ گیا۔ جب میں نے نماز پڑھ لی تو پھر آپ کے پاس آیا۔ تو آپؐ نے پوچھا: تم کو آنے سے کس بات نے روکا؟ کیا اللہ نے یہ نہیں فرمایا: اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی بات سنو، جبکہ وہ تمہیں (زندہ کرنے کے لیے) پکارے پھر آپؐ نے فرمایا: میں تمہیں پیشتر اس کے کہ یہاں سے باہر نکلوں ایک ایسی سورة کا علم دو ں گا جو قرآن میں سب سے بڑھ کر ہے۔ پھر رسول اللہ ﷺ باہر جانے لگے تو میں نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا اور معاذ (بن ابی معاذ عنبری) نے یہ حدیث یوں نقل کی۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ خبیب بن عبد الرحمٰن سے روایت ہے، اُنہوں نے حفص سے سنا، حفص نے حضرت ابوسعیدؓ سے، جو نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص تھے یہ واقعہ سنا۔ آپ نے فرمایا: وہ سورة الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ ہے۔ یعنی وہ سات آیتیں جو بار بار پڑھی جاتی ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4648
احمد (بن نضر بن عبدالوہاب) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن معاذ نے ہمیں بتایا، میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زیادی کے دوست عبدالحمید سے جو کہ کُردِید کے بیٹے ہیں روایت کی اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا کہ ابوجہل نے کہا: اے اللہ اگر یہی تیری طرف سے حق ہے تو آسمان سے ہم پر پتھر برسا، یا کوئی نہایت دردناک عذاب ہم پر لے آ۔ تب یہ آیت نازل ہوئی: لیکن اللہ انہیں اس حالت میں عذاب نہیں دے سکتا تھا جبکہ تو ان میں تھا اور نہ اللہ ان کو ایسی حالت میں عذاب دے سکتا تھا جبکہ وہ استغفار کر رہے ہوں۔ اور ان کو کیا (مقام حاصل) ہے جس کی وجہ سے باوجود اس کے کہ وہ عزت والی مسجد (یعنی خانہ کعبہ) سے (لوگوں کو) روکتے ہیں۔ اللہ ان کو عذاب نہیں دے گا۔ اور وہ درحقیقت اس کے متولی نہیں اس کے (حقیقی) متولی تو صرف متّقی ہیں لیکن ان (کفار) میں سے اکثر اس بات کو جانتے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4649
محمد بن نضر نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ بن معاذ نے ہم سے بیان کیا (کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ زیادی کے دوست عبدالحمید سے مروی ہے۔ اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا، (کہتے تھے) کہ ابوجہل نے کہا: اے اللہ اگر یہی تیری طرف سے حق ہے تو آسمان سے ہم پر پتھر برسا، یا کوئی نہایت دردناک عذاب ہم پر لے آ۔ تو یہ آیت نازل ہوئی: لیکن اللہ انہیں اس حالت میں عذاب نہیں دے سکتا تھا جبکہ تو ان میں تھا اور نہ اللہ ان کو ایسی حالت میں عذاب دے سکتا تھا جبکہ وہ استغفار کر رہے ہوں اور ان کو کیا (مقام حاصل) ہے جس کی وجہ سے باوجود اس کے کہ وہ عزت والی مسجد (یعنی خانہ کعبہ) سے (لوگوں کو) روکتے ہیں۔ اللہ ان کو عذاب نہیں دے گا۔ اور وہ درحقیقت اس کے متولی نہیں اس کے (حقیقی) متولی تو صرف متّقی ہیں لیکن ان (کفار) میں سے اکثر اس بات کو جانتے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4650
حسن بن عبدالعزیز نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ حیوہ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے بکر بن عمرو سے، بکر نے بُکَیر سے، بُکَیر نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص اُن کے پاس آیا، کہنے لگا: ابوعبدالرحمٰن! کیا آپؓ سنتے ہیں جو اللہ نے اپنی کتاب میں ذکر فرمایا ہے؟ اور اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان دونوں میں صلح کرا دو۔ پھر اگر صلح ہو جانے کے بعد اُن میں سے کوئی ایک دوسرے پر چڑھائی کرے، تو سب مل کر اس چڑھائی کرنے والے کے خلاف جنگ کرو یہاں تک کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے پھر اگر وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے تو عدل کے ساتھ ان (دونوں لڑنے والوں) میں صلح کرا دو اور انصاف کو مدنظر رکھو۔ اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ (کہا:) پھر آپؓ کو کیا رکاوٹ ہے کہ آپؓ نہیں لڑتے جیسا کہ اللہ نے اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے۔ اُنہوں نے یہ سن کر کہا: اے میرے بھتیجے! اس آیت کے معنی سمجھنے میں مجھے غلط فہمی نہیں ہوئی اور میں نہ لڑوں، یہ بات مجھے پسند ہے بہ نسبت اس بات کے کہ میں اس آیت کو سمجھ کر مغالطہ میں رہوں جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یعنی جو (شخص) کسی مومن کو دانستہ قتل کر دے گا تو اس کی سزا جہنم ہو گی۔ وہ اس میں دیر تک رہتا چلا جائے گا اور اللہ اس سے ناراض ہو گا اور اسے (اپنی جناب سے) دور کر دے گا اور اس کے لیے (بہت) بڑا عذاب تیار کرے گا۔ وہ شخص کہنے لگا: اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے: اور اُن (کفار) سے لڑتے جاؤ یہاں تک کہ جبر کا نام و نشان باقی نہ رہے۔ حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں اس پر عمل کیا جب کہ مسلمان بہت تھوڑے تھے اور اس وقت آدمی کو اس کے دین کی وجہ سے ابتلاء میں ڈال دیا جاتا تھا یا اسے قتل کر ڈالتے یا اسے جکڑ دیتے، آخر یہ زمانہ ہوا کہ مسلمان بہت ہوگئے اور وہ فتنہ نہ رہا۔ جب اس نے دیکھا کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ جو بات وہ چاہتا ہے اس میں اس کے ساتھ متفق نہیں ہوتے تو اس نے پوچھا: پھر آپؓ حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ کی نسبت کیا کہتے ہیں؟ حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا: حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ کی نسبت میں کیا کہتا ہوں۔ حضرت عثمانؓ جو ہیں تو اللہ نے اُنہیں معاف کر دیا اور تم نے بُرا منایا کہ وہ اُنہیں معاف کر دے اور حضرت علیؓ جو ہیں تو وہ تو رسول اللہ ﷺ کے چچا کے بیٹے اور داماد ہیں اور ہاتھ سے اشارہ کرکے بتایا یہ ان کی بیٹی وہاں ہے جہاں تم دیکھ رہے ہو۔ راوی نے ابْنَتُهُ کہا یا بِنْتُهُ کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4651
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا کہ بیان (بن بشر) نے ہم سے بیان کیا کہ وبرہ (بن عبدالرحمٰن) نے اُن کو بتایا، کہا: سعید بن جبیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت ابن عمر ؓ ہمارے پاس یا کہا: ہماری طرف باہر آئے تو ایک شخص نے کہا: آپ اس فتنہ میں لڑنے کے بارے میں کیا خیال کرتے ہیں؟ اُنہوں نے کہا: اور کیا تمہیں پتہ بھی ہے کہ فتنہ کیا ہوتا ہے؟ محمد ﷺ مشرکوں سے لڑائی کیا کرتے تھے اور مشرکوں کے پاس جانا بھی ایک فتنہ ہوتا تھا اور (آپؐ کی لڑائی) تمہاری اس لڑائی کی طرح نہ تھی جو ملک کی خاطر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4652
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کی۔ جب یہ آیت نازل ہوئی: اگر تم میں سے بیس ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں گے تو وہ دو سو (کافروں) پر غالب آ جائیں گے۔ تو اس وقت مسلمانوں پر فرض کیا گیا کہ اُن میں سے ایک دس کے مقابلہ سے نہ بھاگے۔ سفیان نے کئی بار یوں بھی کہا: بیس دو سو کے مقابل نہ بھاگیں۔ پھر اس کے بعد یہ آیت نازل ہوئی یعنی اب اللہ نے تم سے تخفیف کی ہے تو اُن پر یہ فرض کیا کہ سو دو سو کے مقابلہ سے نہ بھاگیں۔ ایک بار سفیان نے اس روایت میں یہ مزید بیان کیا کہ یہ آیت اُتری یعنی مومنوں کو (کافروں سے) لڑنے کی بار بار زور سے تحریک کرتا رہ۔ اگر تم میں سے بیس ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں گے۔ سفیان نے کہا: اور (عبداللہ) بن شبرمہ (قاضی کوفہ) کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں امر بالمعروف و نہی عن المنکر میں بھی یہی حکم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4653
یحيٰ بن عبداللہ سلمی نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن مبارک نے ہمیں بتایا کہ جریر بن حازم نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے کہا: زبیر بن خریت نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: اگر تم میں سے بیس ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں گے تو وہ دو سو (کافروں) پر غالب آ جائیں گے۔ مسلمانوں پر یہ فرض کیا گیا کہ اُن میں سے ایک دس کے مقابلہ سے نہ بھاگے تو مسلمانوں کے لئے یہ مشکل ہوا۔ پھر تخفیف کا حکم آیا اور فرمایا: ابھی اللہ نے تم سے بوجھ کو ہلکا کر دیا ہے۔ اور جان لیا ہے کہ تم میں (ابھی) کچھ کمزوری ہے۔(یعنی سب مومن انتہائی درجہ کے مومن نہیں ہو چکے) پس چاہیئے کہ اگر تم میں سے سو ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں تو دو سو (کافروں) پر غالب آ جائیں اور اگر تم میں سے ہزار ثابت قدم رہنے والے مومن ہوں تو دو ہزار (کافروں) پر اللہ کے حکم سے غالب آ جائیں اور اللہ ثابت قدم رہنے والے لوگوں کے ساتھ ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: جب اللہ نے ان سے تعداد میں تخفیف کر دی اتنا ہی اندازہ صبر کا بھی نظر انداز کر دیا جتنا کہ تعداد میں اُن سے تخفیف کی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah