باب 3: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 4902
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے روایت کی، کہا: میں نے محمد بن کعب قرظی سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب عبداللہ بن اُبَيّ نے کہا کہ جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو اور یہ بھی کہا کہ اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو (ویسا کریں گے۔) میں نے نبی ﷺ کو اس کی خبر کر دی تو انصار نے مجھے ملامت کی اور عبداللہ بن اُبَيّ نے قسم کھالی کہ اس نے ایسا نہیں کہا۔ میں اپنے گھر کو لوٹا اور سو رہا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ میں آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے تمہیں سچا قرار دیا ہے اور یہ آیت نازل ہوئی: هُمُ الَّذِيْنَ يَقُوْلُوْنَ لَا تُنْفِقُوْا یعنی یہی لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ خرچ نہ کرو۔ اور ابن ابی زائدہ نے بھی (اس حدیث کو) بیان کیا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت زید بن ارقمؓ سے، حضرت زیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4903
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر بن معاویہ نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت زید بن ارقمؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں نکلے جس میں لوگوں کو سخت تکلیف پہنچی۔ عبداللہ بن اُبَيّ نے اپنے ساتھیوں سے کہا: جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو، وہ آپؐ کے آس پاس سے تتر بتر ہوجائیں گے۔ اور کہا: اگر ہم مدینہ لوٹے تو جو زیادہ معزز ہے وہ ذلیل کو وہاں سے ضرور نکال دے گا۔ میں (یہ سن کر) نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو خبر کردی۔ آپؐ نے عبداللہ بن اُبَيّ کو بلا بھیجا اور اس سے پوچھا۔ اس نے بڑے زور سے قسم کھائی کہ اس نے ایسا نہیں کہا۔ لوگ کہنے لگے: زیدؓ نے رسول اللہ ﷺ سے جھوٹ بولا ہے۔ ان کے ایسا کہنے سے مجھے سخت تکلیف ہوئی۔ آخر اللہ عزوجل نے میری تصدیق میں یہ وحی نازل کی: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ یعنی جب تیرے پاس منافق آتے ہیں۔ نبی ﷺ نے ان کو بلایا تاکہ ان کے لئے مغفرت کی دعا مانگیں۔ انہوں نے اپنے سر تان لئے۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہ فرمانا: خُشُبٌ مُّسَنَّدَةٌ۔ کہا: اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ بڑے خوبصورت مرد تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4914
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید (انصاری) نے ہمیں خبر دی۔ کہا: میں نے عبید بن حنین سے سنا۔ عبید کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے چاہا کہ حضرت عمر (بن خطاب) رضی اللہ عنہ سے پوچھوں اور میں نے اتنا ہی کہا تھا کہ امیر المؤمنین وہ دو عورتیں کون ہیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے برخلاف ایکا کیا تھا؟ تو میں نے ابھی اپنی بات پوری نہیں کی تھی کہ انہوں نے کہا: عائشہؓ اور حفصہؓ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4924
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) حرب (بن شداد) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوسلمہ سے پوچھا: قرآن میں سے کونسی سورة پہلے نازل کی گئی۔ انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ میں نے کہا: مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ وہ سورة اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ہے۔ تو ابوسلمہ نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے پوچھا تھا کہ قرآن میں کونسی سورۃ پہلے نازل کی گئی تو انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ (ان سے بھی) میں نے کہا کہ مجھے یہ کہا گیا ہے کہ وہ سورة اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ہے۔ انہوں نے کہا: میں تمہیں وہی بات بتاتا ہوں جو رسول اللہﷺ نے بتائی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں حراء میں گوشۂ نشین تھا۔ جب میں اعتکاف پورا کرچکا، میں نیچے اُترا اَور وادی کے نشیب میں پہنچا تو مجھے بلایا گیا۔ میں نے اپنے آگے اور اپنے پیچھے اور اپنے دائیں اور بائیں نگاہ کی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ (فرشتہ) آسمان اور زمین کے درمیان ایک تخت پر بیٹھا ہوا ہے۔ میں خدیجہؓ کے پاس آیا اور میں نے کہا: مجھے کپڑا اُوڑھا دو اور ٹھنڈا پانی مجھ پر ڈالو۔ اور مجھ پر یہ وحی نازل کی گئی: اے کپڑا اوڑھنے والے، اُٹھ اور خطرے سے آگاہ کر۔ اور اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4933
عمر و بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) عبدالرحمٰن بن عابس نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے تَرْمِيْ بِشَرَرٍ كَالْقَصْرِ کے متعلق یہ سنا کہ ہم تین تین ہاتھ کی یا اس سے بڑی لکڑیاں لیتے اور اسے اٹھا کر جاڑے کے لئے رکھ چھوڑتے اور انہی کو قَصَر کہتے۔ كَاَنَّهُ جِمَالَاتٌ صُفْرٌ کے معنی ہیں جہازوں کی رسیاں جو اکٹھی کرکے بٹی جاتیں، یہاں تک کہ وہ آدمیوں کی کمر کے برابر موٹی ہوتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4945
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، انہوں نے اعمش سے، اعمش نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابو عبد الرحمٰن سلمی سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: ہم بقیع غرقد میں ایک جنازہ (پڑھنے) کے لئے نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جس کا ٹھکانا جنت میں یا جس کا ٹھکانا آگ میں نہ لکھ دیا گیا ہو۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہؐ! کیا ہم پھر اسی پر اعتماد نہ کر لیں۔ آپؐ نے فرمایا: عمل کرو کیونکہ ہر ایک کے لیے آسانی کی گئی ہے۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی۔ یعنی پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا اور نیک بات کی تصدیق کی اُسے تو ہم ضرور آسانی (کے مواقع) بہم پہنچائیں گے اور ایسا (شخص) جس نے بخل سے کام لیا اور بے پروائی کا اظہار کیا اور نیک بات کو جھٹلایا۔ اُسے ہم تکلیف (کا سامان) بہم پہنچائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4945B
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا انہوں نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے۔ پھر اُنہوں نے یہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4956
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے روایت کی۔ اور لیث (بن سعد) نے کہا: عقیل نے مجھے بتایا: محمد (بن شہاب) نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ پہلے پہل جو رسول اللہ ﷺ کو شروع ہوئیں تو وہ سچی خوابیں تھیں۔ آپؐ کے پاس فرشتہ آیا اور اس نے کہا: اپنے ربّ کا نام لے کر پڑھ جس نے (سب اشیاء کو) پیدا کیا (اور جس نے) انسان کو ایک خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا (پھر ہم کہتے ہیں کہ قرآن کو) پڑھ کر سناتا رہ کیونکہ تیرا ربّ بڑا کریم ہے۔ وہ ربّ جس نے قلم کے ساتھ علم سکھایا (ہے اور آئندہ بھی سکھائے گا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4957
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے عروہ سے سنا، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: پھر نبی ﷺ حضرت خدیجہؓ کے پاس لوٹ آئے۔ پھر فرمایا: مجھے کپڑا اُوڑھاؤ، مجھے کپڑا اُوڑھاؤ۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4961
احمد بن ابی داؤد ابوجعفر منادی نے ہم سے بیان کیا کہ روح (بن عبادہ) نے ہمیں بتایا کہ سعید بن ابی عروبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ اللہ کے نبی ﷺ نے حضرت اُبَیّ بن کعبؓ سے فرمایا: اللہ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تمہیں قرآن پڑھ کر سناؤں۔ حضرت اُبَیؓ نے کہا: کیا اللہ نے میرا نام لے کر آپؐ سے فرمایا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ حضرت اُبَیؓ نے کہا: کیا رب العالمین کے پاس میرا بھی ذکر کیا گیا تھا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ یہ سن کر ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4969
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے حبیب بن ابی ثابت سے، حبیب نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے صحابہ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول یعنی جب اللہ کی مدد اور کامل غلبہ آ جائے گا، کے متعلق پوچھا تو اُنہوں نے کہا: اس سے مراد شہروں اور محلات کا فتح کیا جانا ہے۔ حضرت عمر ؓ نے (مجھ سے) کہا: ابنِ عباسؓ تم کیا کہتے ہو ؟ انہوں نے کہا: یہ محمد ﷺ کی وفات ہے یا مثال ہے جو آپؐ کے لئے بیان کی گئی جس میں آپؐ کو آپؐ کی وفات کی خبر دی گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4973
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ابو لہب نے کہا: تم پر تباہی ہو، کیا اس لیے تم نے ہمیں اکٹھا کیا تھا۔ اس وقت یہ سورۃ نازل ہوئی تَبَّتْ يَدَاۤ اَبِيْ لَهَبٍ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah