کتاب 7: باب قَوْلِهِ {مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نَنْسَأْهَا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4481
عمرو بن علی نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب (بن ابی ثابت) سے، حبیب نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: ہم میں سب سے بہتر قرآن پڑھنے والے اُبَيّ (بن کعبؓ) ہیں اور ہم میں سے بہتر فیصلہ کرنے والے علیؓ ہیں اور ہم اُبَيّؓ کی ایک بات چھوڑتے ہیں اور وہ یہ کہ اُبَيّؓ کہتے ہیں کہ میں کوئی بھی (قرأت) نہیں چھوڑوں گا جس کو میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا تھا، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ہم جو بھی آیت منسوخ کرتے ہیں یا اُس کو بھلا دیتے ہیں۔
صحیح بخاری 4557
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے میسرہ (بن عمار اشجعی) سے، میسرہ نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ کی تفسیر سے متعلق کہا: تم لوگوں کے لئے سب سے بہتر ہو۔ تم لوگوں کو لاتے ہو کہ ان کی گردنوں میں زنجیریں پڑی ہوتی ہیں اور پھر وہ اسلام میں داخل ہوتے ہیں۔
صحیح بخاری 4580
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ادریس سے، ادریس نے طلحہ بن مصرف سے، طلحہ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی: آیت وَ لِكُلٍّ جَعَلْنَا مَوَالِيَ میں (جو مَوَالِي کا لفظ ہے) انہوں نے کہا: (اس کے معنی ہیں) وارث۔ اور وَالَّذِيْنَ عَاقَدَتْ اَيْمَانُكُمْ سے مراد مہاجر ہیں۔ جب وہ مدینہ میں آئے تو مہاجر بھی انصاری کا وارث ہوتا، اس کے اپنے رشتہ داروں کے علاوہ اس اخوت کی وجہ سے جو نبی ﷺ نے ان کے درمیان قائم کی۔ جب یہ آیت نازل ہوئی: اور ہر ایک (شخص) کے لئے ہم نے اس کے ترکہ کے متعلق وارث مقرر کر دئے ہیں، تو (مہاجرین کی وہ وراثت) منسوخ ہوگئی۔ پھر اس کے بعد فرمایا: وہ لوگ جن سے عہد و پیمان ہو چکے ہیں، یعنی ان کی مدد و اعانت اور خیر خواہی کرنے کے، وراثت کا تو ان کا حق نہ رہا، مگر وصیت کی جا سکتی ہے۔ (اس کی ایک سند میں یوں ہے:) ابواسامہ نے ادریس سے سنا اور ادریس نے طلحہ سے سنا۔
صحیح بخاری 4612
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے (عامر) شعبی سے، شعبی نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی اُنہوں نے فرمایا: جو تم سے یہ بیان کرے کہ محمد ﷺ نے اُس کلام سے جو آپؐ پر نازل کیا گیا کچھ چھپایا تھا تو یقیناً اُس نے جھوٹ کہا، اور اللہ فرماتا ہے: اے رسول! تیرے ربّ کی طرف سے جو (کلام بھی) تجھ پر اُتارا گیا ہے اُسے (لوگوں تک) پہنچا۔
صحیح بخاری 4634
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابووائل (شقیق بن سلمہ) سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود)ؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: اللہ سے بڑھ کر کوئی غیرت مند نہیں ہے۔ اس لیے اس نے تمام بدیاں حرام کر دیں، وہ بھی جو اُن میں ظاہر ہیں اور وہ بھی جو چھپی ہیں اور اللہ کو کوئی چیز بھی اتنی پیاری نہیں جتنی کہ مدح۔ اس لیے اس نے اپنی تعریف آپ کی ہے۔ (عمرو بن مرہ نے کہا:) میں نے (ابووائل سے) پوچھا: کیا آپ نے یہ (حدیث) حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے خود سنی؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: اور کیا حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے سند کو آنحضرت ﷺ تک پہنچایا تھا؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔
صحیح بخاری 4653
یحيٰ بن عبداللہ سلمی نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن مبارک نے ہمیں بتایا کہ جریر بن حازم نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے کہا: زبیر بن خریت نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: اگر تم میں سے بیس ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں گے تو وہ دو سو (کافروں) پر غالب آ جائیں گے۔ مسلمانوں پر یہ فرض کیا گیا کہ اُن میں سے ایک دس کے مقابلہ سے نہ بھاگے تو مسلمانوں کے لئے یہ مشکل ہوا۔ پھر تخفیف کا حکم آیا اور فرمایا: ابھی اللہ نے تم سے بوجھ کو ہلکا کر دیا ہے۔ اور جان لیا ہے کہ تم میں (ابھی) کچھ کمزوری ہے۔(یعنی سب مومن انتہائی درجہ کے مومن نہیں ہو چکے) پس چاہیئے کہ اگر تم میں سے سو ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں تو دو سو (کافروں) پر غالب آ جائیں اور اگر تم میں سے ہزار ثابت قدم رہنے والے مومن ہوں تو دو ہزار (کافروں) پر اللہ کے حکم سے غالب آ جائیں اور اللہ ثابت قدم رہنے والے لوگوں کے ساتھ ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: جب اللہ نے ان سے تعداد میں تخفیف کر دی اتنا ہی اندازہ صبر کا بھی نظر انداز کر دیا جتنا کہ تعداد میں اُن سے تخفیف کی گئی۔
صحیح بخاری 4661
اور احمد بن شبیب بن سعید نے کہا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے خالد بن اسلم سے روایت کی کہا: ہم حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے ساتھ نکلے۔ انہوں نے کہا: یہ آیت (وَ الَّذِيْنَ يَكْنِزُوْنَ الذَّهَبَ یعنی اور جو لوگ سونا اور چاندى ذخىرہ کرتے ہىں) زکوٰة کے حکم سے پہلے نازل کی گئی۔ جب زکوٰة کا حکم نازل ہوا تو اللہ نے اس کو مالوں کے پاک کرنے کا ذریعہ بنایا۔
صحیح بخاری 4714
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھے بتایا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا کہ سلیمان (اعمش) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے ابو معمر (عبداللہ ازدی) سے، ابو معمر نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ آیت اِلٰى رَبِّهِمُ الْوَسِيْلَةَ سے مراد یہ ہے کہ انسانوں میں سے بعض لوگ جنّوں میں سے بعض لوگوں کی عبادت کیا کرتے تھے پھر وہ (جن) لوگ تو مسلمان ہوگئے مگر (انسانوں میں سے) وہ لوگ (جو ان کے پرستار تھے) اپنے دین پر ہی اڑے رہے۔ اشجعی (عبیداللہ بن عبیدالرحمٰن ان کا اصل نام ہے) نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے اعمش سے روایت کرتے ہوئے اتنا زائد بیان کیا: تو (انہیں) کہہ (کہ) جن لوگوں کے متعلق تمہارا دعویٰ ہے انہیں پکارو۔
صحیح بخاری 4729
محمد بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا (کہا:) سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ مغیرہ (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ ابوزناد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: قیامت کے روز ایک بڑا شخص جو موٹا تازہ ہوگا آئے گا۔ وہ اللہ کے نزدیک پرِ پشہ کے برابر بھی وزن نہ رکھے گا اور آپؐ نے فرمایا: (یہ آیت) پڑھو: قیامت کے دن ہم انہیں کچھ بھی وقعت نہیں دیں گے۔ اور یحيٰ بن بُکَیر سے بھی مروی ہے۔ انہوں نے مغیرہ بن عبدالرحمٰن سے، مغیرہ نے ابوزناد سے اسی طرح روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 4751
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن کثیر نے ہمیں بتایا، انہوں نے حصین بن عبد الرحمٰن سے، حصین نے ابو وائل سے، ابو وائل نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ کی ماں حضرت اُمِّ رومانؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں جب عائشہؓ متہم کی گئیں تو بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔
صحیح بخاری 4788
زکریا بن یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ ابو اُسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے ہمیں بتایا، کہا: ان کے باپ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے وہ کہتی تھیں: میں ان عورتوں سے غیرت کھاتی تھی جنہوں نے اپنے آپ کو رسول اللہ ﷺ کے سامنے پیش کیا اور میں کہتی: کیا عورت اپنے آپ کو پیش کرے؟ جب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: تُرۡجِیۡ مَنۡ تَشَآءُ مِنۡہُنَّ وَتُــٔۡوِیۡۤ اِلَیۡکَ مَنۡ تَشَآءُ ؕ وَمَنِ ابۡتَغَیۡتَ مِمَّنۡ عَزَلۡتَ فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡکَ۔ یعنی ان (بیویوں) میں سے جسے تو چاہے مہلت دے اور جسے چاہے اپنے پاس رکھے اور ان میں سے جنہیں چاہے تو الگ کر دے تجھ پر کوئی مضائقہ نہیں۔ میں نے کہا: میں دیکھتی ہوں کہ آپ کا رب آپؐ کی خواہش جلدی سے پورا کر دیتا ہے۔
صحیح بخاری 4789
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ عاصم احول نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معاذہ سے، معاذہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ آیت تُرْجِيْ مَنْ تَشَآءُ مِنْهُنَّ وَ تُـْٔوِيْۤ اِلَيْكَ مَنْ تَشَآءُ… نازل ہونے کے بعد رسول اللہ ﷺ ہم میں سے کسی زوجہ کی باری کے دن اجازت مانگا کرتے تھے۔ (معاذہ کہتے تھے:) میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: آپ کیا کہا کرتی تھیں؟ کہتی تھی: میں آپؐ سے یہ کہتی: اگر میں نے ہی اس کا فیصلہ کرنا ہے تو پھر یا رسول اللہ! میں نہیں چاہتی کہ میں کسی دوسری کو آپؐ کے لئے مقدم کروں۔ (عبداللہ بن مبارک کی طرح) یہ بات عباد بن عباد نے بھی بیان کی۔ انہوں نے عاصم سے سنی۔
صحیح بخاری 4949
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے اعمش سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں نے سعد بن عبیدہ سے سنا، انہوں نے ابوعبدالرحمٰن سُلمی سے روایت کی، وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک جنازے میں تھے۔ آپؐ نے ایک چیز لی اور اس سے زمین کو کریدنا شروع کیا اور آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جس کا ٹھکانا آگ میں یا جس کا ٹھکانا جنت میں نہ لکھ دیا گیا ہو۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم اپنے اس نوشتہ پر اعتماد نہ کر بیٹھیں اور عمل چھوڑ دیں۔ آپؐ نے فرمایا: عمل کرو کیونکہ ہر ایک کو اس کام کے لئے توفیق دی جائے گی جس کے لئے وہ پیدا کیا گیا۔ جو اہل سعادت سے ہوا تو اس کو اہل سعادت کے کام کی توفیق دی جائے گی اور جو اہل شقاوت سے ہوا تو اس کو اہل شقاوت کے کاموں کی توفیق دی جائے گی۔ پھر آپؐ نے یہ آیات پڑھیں۔ یعنی پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا۔ اور نیک بات کی تصدیق کی۔