کتاب 11: باب {قُولُوا آمَنَّا بِاللَّهِ وَمَا أُنْزِلَ إِلَيْنَا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4485
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے يحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اہل کتاب تورات کو عبرانی میں پڑھا کرتے تھے اور مسلمانوں سے اس کا مفہوم عربی زبان میں بیان کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہل کتاب کی نہ تم تصدیق کرو اور نہ ان کی تکذیب، اور یہ کہو: ہم اللہ پر ایمان لائے ہیں اور اس پر بھی جو ہماری طرف نازل کیا گیا۔
صحیح بخاری 4562
اسحاق بن ابراہیم بن عبدالرحمٰن ابو یعقوب (بغدادی) نے مجھے بتایا کہ حسین بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) حضرت انسؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوطلحہؓ کہتے تھے: ہم پر اونگھ طاری ہوگئی جبکہ ہم اُحد کے دن اپنی اپنی جگہ صفوں میں تھے۔ کہتے تھے: میری تلوار میرے ہاتھ سے گرنے لگی۔ میں اس کو پکڑتا اور وہ گر پڑتی اور میں پھر اس کو پکڑ لیتا۔
صحیح بخاری 4584
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج بن محمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے یعلیٰ بن مسلم سے، یعلیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: آیت اَطِيْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ وَ اُولِي الْاَمْرِ مِنْكُمْ۔ عبداللہ بن حذافہ بن قیس بن عدیؓ کی بابت اتری، جب نبی ﷺ نے ان کو جنگ میں (ایک فوج کا سردار بنا کر) بھیجا۔
صحیح بخاری 4620
ابو نعمان (محمد بن فضل) نے ہمیں بتایا کہ حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا کہ ثابت نے ہمیں بتایا: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ شراب جو انڈیلی گئی تھی، فضیخ تھی۔ اور محمد (بن سلام) بیکندی نے ابو نعمان سے روایت کرتے ہوئے مجھے یہ زائد بات بتائی، (حضرت انسؓ نے) کہا: میں ابو طلحہؓ کے گھر میں لوگوں کا ساقی تھا۔ شراب کی حرمت کا حکم نازل ہوا تو آپؐ نے ایک منادی سے فرمایا جس نے منادی کی۔ ابو طلحہؓ نے سن کر کہا، باہر جاؤ اور دیکھو کہ یہ کیا آواز ہے؟ انسؓ کہتے تھے: میں نکلا اور میں نے کہا: یہ منادی ہے، جو پکار رہا ہے۔ سنو شراب حرام کی گئی ہے۔ ابو طلحہؓ نے مجھ سے کہا: جاؤ اور اس شراب کو اُنڈیل دو، کہتے تھے: شراب مدینہ کی گلیوں میں بہنے لگی۔ کہتے تھے: اُن کی شراب اُن دنوں فضیخ تھی۔ بعض لوگوں نے کہا: کچھ لوگ شہید ہوئے جبکہ یہ (شراب) اُن کے پیٹوں میں تھی، کہتے تھے، اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: جو لوگ ایمان لائے ہیں اور (نیز) اُنہوں نے نیک کام کیے ہیں تو جو کچھ (بھی) وہ کھائیں اُس پر اُنہیں کوئی گناہ نہیں (ہو گا۔)
صحیح بخاری 4668
بشر بن خالد ابو محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت ابو مسعود (انصاریؓ) سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا، انہوں نے کہا: جب ہمیں صدقہ کا حکم ہوا تو ہم اس وقت (مزدوری پر) بوجھ اٹھایا کرتے تھے۔ حضرت ابو عقیل (حبحابؓ) آدھا صاع کھجور (مزدوری کے پیسوں میں سے) لے کر آئے اور ایک اور شخص ان سے زیادہ لایا تو اس پر منافق کہنے لگے کہ اللہ تو اس شخص کے صدقہ سے بے نیاز ہے اور اس دوسرے شخص نے جو کیا تو محض دکھاوے کے لئے ہے۔ تب یہ آیت نازل ہوئی یہ (منافق ہی) ہیں جو مومنوں میں سے خوشی سے بڑھ بڑھ کر صدقے دینے والوں پر طنز کرتے ہیں اور ان پر بھی جو کہ سوائے اپنی (محنت کی) کمائی کے (کوئی) طاقت نہیں رکھتے سو (باوجود اس قربانی کے) یہ (منافق) ان پر ہنسی کرتے ہیں اللہ اُن (میں سے اشد مخالفوں) کو ہنسی کی سزا دے گا اور اُن کو دردناک عذاب پہنچے گا۔
صحیح بخاری 4669
اسحاق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: میں نے ابواسامہ سے پوچھا۔ کیا زائدہ (بن قدامہ) نے تمہیں بتایا کہ سلیمان (اعمش) سے مروی ہے۔ اُنہوں نے شقیق (بن سلمہ) سے، شقیق نے حضرت ابومسعود انصاریؓ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ صدقے کا حکم دیتے تو ہم میں سے ایک محنت کر کے مُد لاتا اور آج اُن میں سے ایک کے پاس لاکھ درہم ہیں۔ گویا ان کا اشارہ اپنی طرف تھا۔
صحیح بخاری 4718
اسماعیل بن ابان نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہمیں بتایا۔ آدم بن علی سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے کہ قیامت کے روز لوگ ٹولیاں ٹولیاں ہوں گے۔ ہر ایک امت اپنے نبی کے پیچھے ہو لے گی۔ وہ کہیں گے: اے فلاں! ہماری سفارش کر۔ یہاں تک کہ آخر میں سفارش کی نوبت نبی ﷺ تک پہنچے گی۔ اور یہ وہ وقت ہوگا کہ جب اللہ آپؐ کو مقام محمود پر کھڑا کرے گا۔
صحیح بخاری 4719
علی بن عیاش نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص اذان سن کر کہے: اے اللہ جو اس کامل دعوت اور قائم ہونے والی نماز کا ربّ ہے۔ محمد ﷺ کو ہر وسیلہ اور ہر قسم کی برتری عطا فرما اور اُن کو اس مقام محمود پر کھڑا کر دے جس کا تو نے اُن سے وعدہ فرمایا ہے۔ تو قیامت کے روز میری سفارش اس کے لئے لازم ہو جائے گی۔ اس حدیث کو حمزہ بن عبداللہ نے بھی اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کیا ہے۔
صحیح بخاری 4757
اور ابو اُسامہ نے کہا: ہشام بن عروہ سے روایت ہے کہ اُنہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ حضرت عائشہؓ سے مروی ہے۔ فرماتی تھیں: جب میری بابت چہ میگوئیاں ہوئیں اور مجھے اس کا علم بھی نہیں تھا۔ رسول اللہﷺ میری نسبت (لوگوں سے) خطاب کرنے کے لئے کھڑے ہوئے اور آپؐ نے کلمۂ شہادت پڑھا اور پھر اللہ کی وہ حمد و ثنا کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد ایسے لوگوں کے بارہ میں مجھے مشورہ دو جنہوں نے میری بیوی پر تہمت لگائی ہے، اور اللہ کی قسم مجھے اپنی بیوی کی نسبت کسی بُری بات کا علم نہیں اور ان لوگوں نے ایسے شخص سے متعلق اتہام باندھا ہے کہ جس کی بابت بخدا مجھے کبھی کوئی بُری بات معلوم نہیں ہوئی اور وہ میرے گھر میں کبھی داخل نہیں ہوا مگر اس وقت کہ میں موجود ہوتا اور جب بھی میں کسی سفر میں گیا ہوں وہ میرے ساتھ ضرور جاتا۔ یہ سن کر حضرت سعد بن معاذؓ کھڑے ہوگئے اور اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ ہم ان کی گردنیں اُڑا دیں۔ اور بنو خزرج میں سے ایک شخص اُٹھا، اور حسان بن ثابتؓ کی ماں اس شخص کی قوم میں سے تھی۔ وہ (حضرت سعدؓ سے) کہنے لگا: تم نے غلط کہا ہے۔ دیکھو اللہ کی قسم! اگر وہ لوگ اوس میں سے ہوتے تو تم کبھی پسند نہ کرتے کہ اُن کی گردنیں اُڑائی جائیں۔ غرض (اس تو تو میں میں میں) نوبت یہاں تک پہنچی کہ قریب تھا کہ مسجد میں ہی بنی اوس اور بنی خزرج کی آپس میں لڑائی ہو جاتی (حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں) اور مجھے اس کا علم نہیں تھا۔ جب اس دن شام ہوئی میں اپنی کسی حاجت کے لئے باہر گئی اور میرے ساتھ مسطح کی ماں تھی اس نے ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیا ناس ہو۔ میں نے کہا: اماں تم اپنے بیٹے کو بُرا بھلا کہتی ہو۔ اس پر وہ خاموش ہو گئی پھر اس نے دوسری بار ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیاناس ہو، میں نے اُس سے کہا: اماں تم اپنے بیٹے کو بُرا بھلا کہتی ہو۔ پھر اس نے تیسری بار ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیا ناس ہو۔ میں نے اسے جھڑکا۔ وہ کہنے لگی: بخدا میں تمہاری ہی وجہ سے اس کو گالی دیتی ہوں۔ میں نے پوچھا: میرے لئے کس وجہ سے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: مسطح کی ماں نے سارا قصہ مجھ سے کھول کر بیان کیا۔ میں نے کہا: کیا حقیقت میں یہ بات ہوئی ہے؟ کہنے لگی: ہاں، اللہ کی قسم۔ یہ سن کر میں اپنے گھر کو واپس ہوگئی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جس ضرورت کے لئے میں نکلی تھی وہ مجھے بالکل نہ رہی نہ تھوڑی نہ بہت اور مجھے بخار ہو گیا۔ میں نے رسول اللہﷺ سے کہا: مجھے میرے باپ کے گھر میں بھیج دیں۔ آپؐ نے میرے ساتھ ایک لڑکا بھیجا۔ میں گھر میں داخل ہوئی اور میں نے اُم رومان کو (مکان کے) نچلے حصے میں پایا اور حضرت ابو بکرؓ اس وقت گھر کے بالا خانہ میں قرآن پڑھ رہے تھے۔ میری ماں بولی: بیٹی کیسے آئی ہو؟ میں نے اُنہیں بتایا اور وہ قصہ ان سے ذکر کیا، کیا دیکھتی ہوں کہ اس بات نے انہیں اتنی تکلیف نہ دی جتنی کہ مجھے اس سے تکلیف ہوئی تھی۔ وہ کہنے لگیں: بیٹی! یہ بات معمولی سمجھو، پرواہ نہ کرو۔ کیونکہ اللہ کی قسم کم ہی ایسا ہوا ہے کہ کوئی خوبصورت عورت کسی شخص کے پاس ہو جس سے وہ محبت رکھتا ہو اس کی سوکنیں بھی ہوں مگر وہ اس سے حسد نہ کرتی ہوں اور اس کے متعلق باتیں نہ بنائی گئی ہوں۔ مجھے تعجب ہوا کہ اس بات نے اُن پر اتنا اثر نہیں کیا جتنا کہ مجھ پر کیا تھا۔ میں نے کہا: کیا میرے باپ کو بھی اس بات کا علم ہو چکا ہے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: اور رسول اللہﷺ کو بھی؟ اُنہوں نے کہا: ہاں رسول اللہﷺ کو بھی۔ میرے آنسو جاری ہو گئے اور میں رونے لگی۔ حضرت ابوبکرؓ نے میری آواز سنی اور وہ گھر کے بالا خانہ میں قرآن پڑھ رہے تھے۔ سن کر وہ اُترے اور میری ماں سے کہا: اسے کیا ہوا ہے؟ بولیں: جو اس کی نسبت چرچا ہوا ہے اس کی خبر اس کو پہنچ گئی ہے۔ تو حضرت ابو بکرؓ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ کہنے لگے: بیٹی! میں تمہیں قسم دیتا ہوں کہ تم ضرور اپنے گھر کو لوٹ جاؤ۔ میں لوٹ گئی اور رسول اللہﷺ میرے گھر میں آئے اور میری خادمہ سے میری بابت پوچھا۔ اس نے کہا: ہرگز نہیں، اللہ کی قسم! مجھے اس کے کسی عیب کا علم نہیں ہوا سوا اس کے کہ وہ سوجایا کرتی ہے اور بکری آکر اس کا خمیر یا آٹا کھا جاتی ہے اور آپؐ کے صحابہ میں سے کسی نے اس خادمہ کو ڈانٹا اور کہا: رسول اللہﷺ سے سچ سچ بیان کرو۔ یہاں تک کہ اس وجہ سے اس کے لئے بھی آفات بکنے لگے۔ وہ کہنے لگی: اللہ ہی کی ذات پاک ہے۔ اللہ کی قسم! مجھے اس (حضرت عائشہؓ) میں کوئی عیب معلوم نہیں ہوا مگر اتنا ہی جو سنار خالص کندن کئے ہوئے سونے میں جانتا ہے اور یہ بات اس شخص کو بھی پہنچی کہ جس کی نسبت کہی گئی تھی۔ وہ سن کر کہنے لگا: اللہ تعالیٰ ہی کی ذات پاک ہے۔ بخدا! میں نے کبھی کسی عورت کا پہلو ننگا نہیں کیا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اور وہ اللہ کی راہ میں شہید ہوا۔ انہوں نے کہا: اور میرے ماں باپ میرے پاس صبح آئے اور وہیں رہے۔ یہاں تک کہ رسول اللہﷺ میرے پاس آئے۔ آپؐ عصر کی نماز پڑھ چکے تھے اور اس کے بعد آئے اور میرے ماں باپ میرے دونوں طرف دائیں بائیں بیٹھے تھے۔ آپؐ نے اللہ کی حمد و ثنا کی اور پھر فرمایا: اما بعد! عائشہؓ اگر تو نے کسی بُرائی کا ارتکاب کیا ہے یا فرمایا: تو نے کوئی گناہ کر لیا ہے تو اللہ کی طرف رجوع کرو کیونکہ اللہ اپنے بندوں سے توبہ قبول کرتا ہے۔ کہتی تھیں: اس وقت ایک انصاری عورت بھی آ گئی تھی اور وہ دروازے پر بیٹھی تھی۔ میں نے کہا: کیا آپؐ اس عورت سے نہیں شرماتے کہ ایسی بات کا ذکر کر رہے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے وعظ و نصیحت کی۔ میں نے اپنے باپ کی طرف مڑکر دیکھا اور (ان سے) کہا: آپؓ انہیں جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کیا کہوں؟ پھر میں اپنی ماں کی طرف متوجہ ہوئی اور میں نے کہا: اُنہیں جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کیا جواب دوں؟ جب اُنہوں نے آپؐ کو جواب نہ دیا تو میں نے کلمۂ شہادت پڑھا اور اللہ کی وہ حمد و ثنا کی جس کا وہ حق دار ہے اور میں نے کہا: اما بعد اللہ کی قسم! اگر میں آپ سے کہوں کہ میں نے کوئی گناہ نہیں کیا اور اللہ عزوجل شاہد ہے کہ میں یقیناً سچی ہوں تو میری یہ بات آپ کے نزدیک مجھے کوئی نفع دینے کی نہیں۔ آپ نے جو کہنا تھا کہہ ہی دیا ہے۔ آپ کے دلوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے اور اگر میں کہوں کہ میں نے کیا اور اللہ جانتا ہے کہ میں نے نہیں کیا تو آپ ضرور کہیں گے کہ اس نے اپنے متعلق اقرار کرلیا ہے اور بخدا میں اپنی اور آپ کی مثال سوا اس کے نہیں پاتی اور میں نے حضرت یعقوبؑ کا نام یاد کرنے کی کوشش کی مگر یاد نہ کرسکی آخر میں نے کہا: سوائے حضرت یوسفؑ کے باپ کے جب انہوں نے کہا تھا: صبر کرنا ہی اچھا ہے۔ اور اللہ ہی سے مدد مانگی جائے اس بات میں جو تم بیان کر رہے ہو اور رسول اللہﷺ پر اسی گھڑی وحی نازل ہونا شروع ہوئی اور ہم خاموش ہوگئے۔ جب آپؐ سے وحی کی حالت جاتی رہی اور میں آپؐ کے چہرے پر خوشی دیکھ رہی تھی اور آپؐ اپنی پیشانی پونچھ رہے تھے اور یہ فرمانے لگے: عائشہؓ! تمہیں بشارت ہو اللہ نے تمہاری بریت نازل کر دی ہے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں اور میں نہایت ہی غصے میں تھی جو کبھی ہوئی۔ میرے ماں باپ نے مجھ سے کہا: اٹھ کر آنحضرتﷺ کے پاس جاؤ (اور شکریہ ادا کرو) میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں ان کے پاس اٹھ کر نہیں جاؤں گی۔ اور نہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور نہ تمہارا شکریہ لیکن میں اس اللہ کی شکر گزار ہوں جس نے میری بریت نازل کی۔ تم نے ایسی بات سنی اور اس کا انکار نہیں کیا اور نہ اس کے خلاف کہا اور حضرت عائشہؓ کہا کرتی تھیں: زینب بنت جحشؓ (رسول اللہﷺ کی زوجہ) جو تھیں اللہ نے ان کو دینداری کی وجہ سے بچا لیا اور اُنہوں نے سوا بھلی بات کے اور کچھ نہیں کہا اور جو اُن کی بہن حمنہ تھیں وہ ہلاک ہو گئی اُن لوگوں کے ساتھ جو ہلاک ہوئے اور جو اس بات کا چرچا کرتے تھے، وہ مسطح، حسان بن ثابت اور منافق عبداللہ بن اُبَيّ تھے۔ اور یہ عبداللہ ہی وہ شخص تھا جو اس واقعہ کی نسبت کُرید کُرید کر پوچھا اور اِدھر اُدھر کی باتیں کر کے اس واقعہ کو بناتا تھا اور چرچا کرنے والے لوگوں میں سے اسی شخص نے اس بات میں بڑا حصہ لیا اور حمنہ بھی باتیں کرتی تھیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: حضرت ابوبکرؓ نے قسم کھائی کہ وہ مسطح کو کبھی بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔ اس لئے اللہ عزوجل نے یہ وحی نازل کی: وَ لَا يَاْتَلِ اُولُوا الْفَضْلِ مِنْكُمْ وَ السَّعَةِ: اور تم میں سے فضل اور کشائش والے رشتہ داروں اور مسکینوں سے نیک سلوک کرنے میں کوتاہی نہ کریں …۔ اُولُوا الْفَضْلِ مِنْكُمْ وَ السَّعَةِ سے مراد حضرت ابوبکرؓ ہیں اور اُولِي الْقُرْبٰى وَ الْمَسٰكِيْنَ سے مسطح مراد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اس قول تک کہ کیا تم پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں پردہ پوشی سے نوازے اور اللہ بہت ہی پردہ پوش اور بار بار رحم کرنے والا ہے۔ آخر حضرت ابوبکرؓ نے یہ آیت سن کر کہا: کیوں نہیں، اللہ کی قسم! اے ہمارے ربّ! ہم ضرور پسند کرتے ہیں کہ تو پردہ پوشی فرما کر ہم سے درگزر کر اور حضرت ابوبکرؓ نے جو احسان مسطح پر کیا کرتے تھے وہ دوبارہ شروع کردیا (یعنی وہ وظیفہ خوراک وغیرہ جو وہ اسے دیا کرتے تھے۔)
صحیح بخاری 4799
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ روح بن عبادہ نے ہمیں خبر دی کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن (بصری)، محمد (بن سیرین) اور خلاس (بن عمرو) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: موسیٰ بڑے شرمیلے آدمی تھے اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا… اے وہ جو ایمان لائے ہو ان لوگوں کی طرح نہ ہو جنہوں نے موسیٰ کو دکھ دئیے اور پھر اللہ نے اسے ان باتوں سے بَری کر دیا جو انہوں نے کہی تھیں اور وہ اللہ کے نزدیک وجیہہ (عالی مرتبہ) تھا۔