کتاب 12: باب {سَيَقُولُ السُّفَهَاءُ مِنَ النَّاسِ مَا وَلاَّهُمْ عَنْ قِبْلَتِهِمُ الَّتِي كَانُوا عَلَيْهَا قُلْ لِلَّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ يَهْدِي مَنْ يَشَاءُ إِلَى صِرَاطٍ مُسْتَقِيمٍ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4486
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے زُہَیر سے سنا۔ وہ ابو اسحاق سے، ابو اسحاق حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ سولہ یا سترہ مہینے بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے رہے اور آپؐ چاہتے تھے کہ آپؐ کا رُخ بیت اللہ کی طرف ہو، اور آپؐ نے عصر کی نماز (بیت اللہ کی طرف منہ کرکے) پڑھی اور آپؐ کے ساتھ یہ نماز بعض لوگوں نے بھی پڑھی۔ پھر ان لوگوں میں سے جنہوں نے آپؐ کے ساتھ یہ نماز پڑھی تھی ایک شخص باہر گیا اور وہ ایک مسجد والوں کے پاس سے گزرا، جبکہ وہ رکوع میں تھے۔ اس نے کہا: میں اللہ کی قسم کھا کر گواہی دیتا ہوں کہ میں نے نبی ﷺ کے ساتھ مکہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھی ہے تو وہ اسی حالت میں جس میں وہ تھے بیت اللہ کی طرف پھر گئے۔ اور وہ لوگ جو پہلے قبلہ پر ہی پیشتر اس کے کہ وہ بیت اللہ کی طرف تبدیل ہوا، فوت ہوگئے تھے، وہ (ایسے لوگ ہی تھے جو لڑائیوں میں) شہید ہوئے۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ ان کی بابت کیا کہیں۔ اس لئے اللہ نے یہ وحی کی: اللہ ایسا نہیں ہے کہ تمہارے ایمان ضائع کرے، اللہ یقیناً سب انسانوں پر بڑا ہی نرمی کرنے والا اور بڑا ہی رحم کرنے والا ہے۔
صحیح بخاری 4585
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ نے ایک انصاری شخص سے حَرَّہ کی ایک نالی سے متعلق جھگڑا کیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: زبیرؓ پانی لگاؤ اور اس کے بعد ہمسائے کے لئے پانی جانے دو۔ یہ سن کر انصاری نے کہا: یا رسول اللہ! اس لئے کہ آپؐ کی پھوپھی کا بیٹا ہے؟ اس سے آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا، پھر آپؐ نے فرمایا: زبیرؓ پانی لگاؤ اور پانی روکے رکھو تا وقتیکہ وہ منڈیروں تک بھر جائے۔ پھر اپنے پڑوسی کے لئے پانی جانے دو۔ جب اس انصاری نے آپؐ کو حقوق محفوظ رکھنے کی وجہ سے طعنہ دے کر غصہ دلایا تو آپؐ نے حضرت زبیرؓ کو صریح فیصلہ کے مطابق اس کا پورا حق دلایا۔ آپؐ نے ان کو پہلے ایسا مشورہ دیا تھا جس میں دونوں کے لئے گنجائش تھی۔ حضرت زبیرؓ نے کہا: میں ان آیات کی نسبت یہی سمجھتا ہوں کہ وہ اس واقعہ سے متعلق اتریں: یعنی تیرے ربّ کی قسم وہ ہرگز مومن نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ تجھے حکم نہ مان لیں ان امور میں جو ان کے درمیان اختلافی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔
صحیح بخاری 4621
منذر بن ولید بن عبدالرحمٰن جارودی نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے موسیٰ بن انس سے، موسیٰ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک ایسا خطاب فرمایا کہ میں نے ویسا خطاب کبھی نہیں سنا۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم جانتے جو میں جانتا ہوں، تم ہنستے تھوڑا اور روتے بہت۔ اُنہوں نے کہا: یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کے صحابہ نے اپنے چہروں کو ڈھانپ لیا۔ اُن کے رونے کی آواز سنائی دی۔ ایک شخص نے کہا: میرا باپ کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا: تمہارا باپ فلاں ہے۔ پھر یہ آیت نازل ہوئی: اے مومنو! (اُن) باتوں کے متعلق سوال نہ (کیا) کرو (جو) اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہارے لیے تکلیف کا موجب بن جائیں نضر (بن شمیل) اور روح بن عبادہ نے بھی شعبہ سے یہ روایت نقل کی۔
صحیح بخاری 4622
فضل بن سہل (بغدادی) نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ابو نضر نے ہمیں بتایا کہ ابو خیثمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو الجویریہ نے ہمیں بتایا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ اُنہوں نے کہا: کچھ لوگ رسول اللہ ﷺ سے بعض باتیں استہزاء کے طور پر پوچھا کرتے تھے۔ کوئی شخص کہتا: میرا باپ کون ہے؟ اور کوئی شخص جس کی اونٹنی گم ہوئی ہوتی، کہتا: میری اونٹنی کہاں ہے؟ تب اللہ نے اُن کے متعلق یہ آیت نازل کی :اے مومنو! (ان ) باتوں کے متعلق سوال نہ (کیا ) کرو (جو) اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہارے لیے تکلیف کا موجب بن جائیں۔ یہاں تک کہ آپؐ نے پوری آیت تلاوت کی۔
صحیح بخاری 4670
عبید بن اسماعیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابو اسامہ سے، ابو اسامہ نے عبیداللہ (بن عمر) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب عبداللہ بن اُبَیّ (بن سلول) مر گیا تو اس کا بیٹا عبداللہؓ بن عبداللہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے آپؐ سے درخواست کی کہ اپنی قمیص اسے دے دیں جس میں وہ اپنے باپ کو کفنائے۔ آپؐ نے اس کو قمیص دی۔ پھر اس نے آپؐ سے درخواست کی کہ آپؐ اس کا جنازہ پڑھائیں۔ رسول اللہ ﷺ کھڑے ہو گئے تاکہ اس کا جنازہ پڑھائیں۔ حضرت عمرؓ نے کھڑے ہو کر رسول اللہ ﷺ کا کپڑا پکڑ لیا اور کہا: یا رسول اللہ ! کیا آپؐ اس کا جنازہ پڑھتے ہیں حالانکہ آپؐ کے ربّ نے آپؐ کو اس کا جنازہ پڑھنے سے روکا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تو مجھے صرف اختیار دیا اور فرمایا ہے: تُو اُن کے لئے مغفرت طلب کر ىا اُن کے لئے مغفرت نہ طلب کر، اگر تُو اُن کے لئے ستر مرتبہ بھى مغفرت مانگے…۔ اور میں ستر بار سے زیادہ مغفرت کی دعا کر لوں گا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: وہ تو منافق تھا۔ (حضرت ابن عمرؓ ) کہتے ہیں: خیر رسول اللہ ﷺ نے اس کا جنازہ پڑھایا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی۔ یعنی تو اُن میں سے کسی کے لئے جو مر جائے کبھی دعائے مغفرت نہ کر اور نہ اس کی قبر پر کبھی کھڑا ہو۔
صحیح بخاری 4671
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا کہ عقیل سے مروی ہے اور یحيٰ کے سوا دوسرے شخص نے یوں کہا: لیث نے مجھ سے بیان کیا کہ عقیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: عبید اللہ بن عبد اللہ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت عمر بن خطابؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول مر گیا تو رسول اللہﷺ کو اُس کے لئے بلایا گیا تا کہ آپؐ اس کا جنازہ پڑھیں۔ جب رسول ﷺ کھڑے ہوئے تو میں آپؐ کی طرف جلدی سے گیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ اُبَیّ کے بیٹے کا جنازہ پڑھیں گے؟ حالانکہ اس نے تو فلاں دن ایسا ایسا کہا تھا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے کہ میں آپ کے سامنے اس کی باتیں گننے لگا۔ رسول اللہ ﷺ (سن کر) مسکرائے اور فرمایا: عمرؓ ہٹ جائیں۔ جب میں نے بہت اصرار کیا۔ تو آپؐ نے فرمایا: مجھے اختیار دیا گیا ہے اس لئے میں نے یہ اختیار کیا۔ اگر میں جانتا کہ میں ستر سے زیادہ مرتبہ استغفار کروں اور اس کو بخش دیا جائے گا تو میں ضرور اس سے زیادہ ہی اس کے لئے استغفار کرتا۔ وہ کہتے تھے: چنانچہ رسول اللہﷺ نے اس پر نماز جنازہ پڑھی۔ پھر آپؐ لوٹ گئے۔ ابھی تھوڑی دیر گزری تھی کہ سورة براءۃ کی یہ دو آیتیں نازل ہوئیں: اور ان میں سے اگر کوئی مر جائے تو اس پر نماز (جنازہ) نہ پڑھا کر اور نہ اس کى قبر پر (دعا کے لئے) کھڑا ہوا کر کیونکہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کا انکار کیا اور ایسی حالت میں مرے ہیں جبکہ وہ اطاعت سے خارج ہو رہے تھے۔ کہتے تھے: مجھے بعد میں اپنی جرأت پر تعجب ہوا جو میں نے رسول ﷺ پر کی۔ حالانکہ اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔
صحیح بخاری 4720
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے ابی معمر سے، ابی معمر نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ (فتح کے روز) مکہ میں داخل ہوئے، اس وقت بیت اللہ کے آس پاس تین سو ساٹھ بُت تھے۔ ایک لکڑی سے جو آپؐ کے ہاتھ میں تھی آپؐ اُن کو ٹھکرانے لگے اور فرمانے لگے: حق آگیا ہے اور باطل بھاگ گیا ہے اور باطل تو ہے ہی بھاگ جانے والا۔ حق آگیا ہے۔ اب باطل نہ نئے سرے سے نمودار ہو گا اور نہ لَوٹے گا۔
صحیح بخاری 4758
اور احمد بن شبیب نے کہا کہ میرے باپ (شبیب) نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید) سے مروی ہے کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ اُنہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: اللہ پہلی مہاجر عورتوں پر رحم کرے۔ جب اللہ نے یہ حکم فرمایا وَ لْيَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُيُوْبِهِنَّ تو اُنہوں نے اپنی چادریں پھاڑ کر اُنہیں بطور اوڑھنیاں استعمال کیا۔
صحیح بخاری 4759
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن نافع نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حسن بن مسلم سے، حسن نے صفیہ بنت شیبہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: جب آیت وَ لْيَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُيُوْبِهِنَّ نازل ہوئی تو عورتوں نے اپنے تہ بند لئے اور انہیں کناروں سے پھاڑ کر بطور اوڑھنیاں استعمال کیا۔