کتاب 13: باب قَوْلِهِ {وَكَذَلِكَ جَعَلْنَاكُمْ أُمَّةً وَسَطًا لِتَكُونُوا شُهَدَاءَ عَلَى النَّاسِ وَيَكُونَ الرَّسُولُ عَلَيْكُمْ شَهِيدًا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4487
یوسف بن راشد نے ہم سے بیان کیا کہ جریر اور ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو صالح سے روایت کی اور یہ الفاظ جریر کے ہیں۔ اور ابو اسامہ نے کہا کہ ابو صالح نے ہمیں بتایا کہ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز نوحؑ کو بلایا جائے گا۔ وہ کہیں گے: اے میرے ربّ! میں حاضر ہوں اور تیری خدمت میں ہوں اور وہ پوچھے گا : کیا تم نے (میرا حکم) پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گے: ہاں۔ پھر ان کی قوم سے پوچھا جائے گا: کیا اس نے تمہیں (میرا حکم) پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گے: ہمارے پاس تو کوئی نذیر نہیں آیا۔ تب وہ پوچھے گا: تیرے لئے کون شہادت دے گا؟ نوحؑ کہیں گے: محمدؐ اور اُن کی اُمّت۔ اور وہ شہادت دیں گے کہ انہوں نے فی الواقع (حکم) پہنچا دیا تھا اور یہ رسول بھی تمہارے متعلق (اسی طرح) شاہد ہوگا۔ اور یہ وہی بات ہے جو اللہ جل ذِکرہٗ فرماتا ہے: اور اسی طرح ہم نے تمہیں اعلیٰ درجہ کی امت بنایا ہے تاکہ تم (دوسرے) لوگوں کے نگران بنو اور یہ رسول تم پر نگران ہو اور الْوَسَطُ کے معنی ہیں الْعَدْلُ (یعنی اعلیٰ درجہ کا)۔
صحیح بخاری 4563
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا۔ میں سمجھتا ہوں انہوں نے یہ کہا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین (عثمان بن عاصم) سے، انہوں نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ ’’اللہ ہی ہمارے لیے کافی ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔‘‘ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا تھا جس وقت وہ آگ میں ڈالے گئے اور محمد ﷺ نے بھی یہی کہا تھا جس وقت لوگوں نے کہا: ان لوگوں نے تمہارے لئے بڑی تیاری کی ہے اس لئے ان سے ڈرو۔ تو اس بات نے ان کو ایمان میں اور بڑھا دیا اور انہوں نے کہا: اللہ ہی ہمارے لیے کافی ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔
صحیح بخاری 4564
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین سے، ابو حصین نے ابو الضحیٰ سے، ابو الضحیٰ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابراہیمؑ کی آخری بات جب وہ آگ میں ڈالے گئے یہ تھی: اللہ ہی مجھے بس ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔
صحیح بخاری 4586
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعد بن ابراہیم) سے، انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو نبی بیمار ہوتا ہے تو اس کو دنیا اور آخرت کے بارے میں اختیار دیا جاتا ہے اور آپؐ کو اس بیماری میں جس میں آپؐ اٹھائے گئے تھے۔ آپؐ کا گلا سخت بیٹھ گیا تھا۔ میں نے آپؐ کو سنا، فرماتے تھے: وہ ان لوگوں میں شامل ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا ہے۔ یعنی انبیاء اور صدیقین اور شہداء اور صالحین (میں)، تو میں اس سے سمجھ گئی کہ آپؐ کو اختیار دیا گیا ہے۔
صحیح بخاری 4623
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بحیرہ وہ (دودھیل جانور) ہے جس کا دودھ معبودانِ باطلہ کے لئے روک لیا جائے اور لوگوں میں سے کوئی بھی اس کو نہ دوہے اور سائبہ وہ جانور ہے جس کو مشرک اپنے معبودوں کی خاطر چھوڑ دیا کرتے تھے۔ اس پر کچھ نہ لادا جاتا۔ سعید کہتے تھے: اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے عمرو بن عامر خزاعی کو دیکھا کہ وہ آگ میں اپنی انتڑیاں گھسیٹ رہا ہے۔ وہ پہلا شخص تھا جس نے سائبہ جانور چھوڑے تھے اور وصیلہ وہ باکرہ اونٹنی ہے جو پہلا مادہ بچہ جنے پھر اس کے بعد دوبارہ مادہ جنے اور وہ ایسی اونٹنیاں بھی اپنے معبودانِ باطلہ کے لئے چھوڑ دیا کرتے تھے، جب وہ یکے بعد دیگرے دو مادہ بچے جنے جن کے درمیان کوئی نر نہ ہو اور حام وہ نر اونٹ ہے جو مادہ پر چند گنتی کی جستیں کرتا۔ جب وہ اپنی جستیں کر چکتا تو اس کو معبودانِ باطلہ کے لئے چھوڑ دیتے اور اس کو باربرداری سے مستثنیٰ کر دیتے۔ پھر اس پر کچھ نہ لادا جاتا اور اس کا نام حام رکھا جاتا۔ اور ابوالیمان نے مجھ سے کہا: شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ میں نے سعید (بن مسیب) سے سنا، وہ ان سے یہی بات بیان کرتے تھے۔ سعید نے کہا: اور حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ میں نے نبی ﷺ سے اسی طرح سنا۔ (یعنی عمرو بن عامر کا واقعہ) اور (یزید بن عبداللہ) بن الہاد نے بھی اِسے روایت کیا ہے۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے یہ نقل کیا ہے کہ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔
صحیح بخاری 4624
محمد بن ابی یعقوب ابوعبداللہ کرمانی نے مجھے بتایا کہ حسان بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی تھیں : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے جہنم کو دیکھا کہ اس کا ایک حصہ دوسرے کو بھسم کر رہا تھا اور میں نے عمرو (بن عامر) کو دیکھا کہ وہ اپنی آنتیں گھسیٹ رہا تھا اور وہ پہلا شخص ہے جس نے سائبہ بنانے کی رسم جاری کی۔
صحیح بخاری 4672
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبید اللہ (بن عمر بن حفص) سے، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب عبداللہ بن اُبَیّ مر گیا تو اس کا بیٹا عبداللہ بن عبداللہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے اس کو اپنی قمیص عطا کی اور اس سے فرمایا کہ اس کو اس میں کفنا دے۔ پھر آپؐ اس کا جنازہ پڑھنے کو کھڑے ہوئے تو حضرت عمر بن خطابؓ نے آپ کا کپڑا پکڑ لیا اور کہا: آپؐ اس پر نماز جنازہ پڑھتے ہیں حالانکہ وہ منافق تھا اور اللہ نے بھی آپؐ کو اُن منافقوں کے لئے دعائے مغفرت کرنے سے روکا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے تو صرف اللہ نے اختیار دیا ہے یا فرمایا: خبر دی ہے اور فرمایا ہے کہ تو اُن کے لئے استغفار کرے یا نہ کرے اگر تو اُن کے لئے ستر بار بھی استغفار کرے تو بھی اللہ اُن کو بخشنے کا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں ستر سے بھی زیادہ دعائے مغفرت کروں گا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اس کی نماز جنازہ پڑھی اور ہم نے بھی آپ کے ساتھ پڑھی۔ پھر اِس کے بعد اللہ نے آپؐ پر یہ وحی نازل کی۔ اور ان میں سے اگر کوئی مر جائے تو اس پر نماز (جنازہ) نہ پڑھا کر اور نہ اس کى قبر پر (دعا کے لئے) کھڑا ہوا کر کیونکہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کا انکار کیا اور ایسی حالت میں مرے ہیں جبکہ وہ اطاعت سے خارج ہو رہے تھے۔
صحیح بخاری 4721
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابراہیم (نخعی) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار میں نبی ﷺ کے ساتھ ایک کھیتی میں تھا اور آپؐ کھجور کی چھڑی سے سہارا لئے کھڑے تھے کہ اتنے میں کچھ یہودی گزرے۔ انہوں نے ایک دوسرے سے کہا کہ ان (محمد ﷺ) سے روح کی نسبت پوچھیں، تو (ان میں سے) کسی نے کہا کہ تمہیں اس کا خیال کیسے آیا (کہ ان سے یہ بات پوچھی جائے) اور بعض نے کہا: کہیں وہ تم سے ایسی بات نہ کہہ دیں کہ جو تم بُرا مناؤ۔ آخر انہوں نے کہا کہ ان (محمد ﷺ) سے پوچھ لیں۔ چنانچہ انہوں نے آپؐ سے روح کی بابت پوچھا۔ نبی ﷺ خاموش رہے، انہیں جواب نہ دیا۔ میں سمجھا کہ آپؐ کو وحی ہورہی ہے، تو میں اپنی جگہ کھڑا ہو گیا۔ جب وحی نازل ہوچکی تو آپؐ نے فرمایا: اور وہ تجھ سے روح کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ تو کہہ کہ روح میرے ربّ کے امر سے وجود پذیر ہے اور تمہیں علم میں سے بہت ہی تھوڑا دیا گیا ہے۔ (کہ اس کی حقیقت سمجھ سکو)