کتاب 14: باب قَوْلِهِ {وَمَا جَعَلْنَا الْقِبْلَةَ الَّتِي كُنْتَ عَلَيْهَا إِلاَّ لِنَعْلَمَ مَنْ يَتَّبِعُ الرَّسُولَ مِمَّنْ يَنْقَلِبُ عَلَى عَقِبَيْهِ وَإِنْ كَانَتْ لَكَبِيرَةً إِلاَّ عَلَى الَّذِينَ هَدَى اللَّهُ وَمَا كَانَ اللَّهُ لِيُضِيعَ إِيمَانَكُمْ إِنَّ اللَّهَ بِالنَّاسِ لَرَءُوفٌ رَحِيمٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4488
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ يحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اس اثنا میں کہ لوگ مسجد قباء میں صبح کی نماز پڑھ رہے تھے، ایک شخص آیا اور اس نے کہا: اللہ نے نبی ﷺ پر قرآن نازل کیا ہے کہ وہ کعبہ کو قبلہ بنائیں۔ اس لئے تم بھی اس کو قبلہ بناؤ تو (یہ سُن کر) انہوں نے کعبہ کی طرف منہ کر لیا۔
صحیح بخاری 4565
عبداللہ بن منیر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابونضر (ہاشم بن قاسم) سے سنا کہ عبدالرحمٰن نے جو کہ عبداللہ بن دینار کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو اللہ نے مال دیا ہو اور پھر وہ اس کی زکوٰة نہ دے تو اس کا مال اس کے سامنے قیامت کے دن گنجے سانپ کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ جس کی آنکھوں پر دو کالے نقطے ہوں گے۔ وہ اپنی دونوں باچھوں سے پکڑ کر کہے گا: میں تمہارا مال ہوں، میں تمہارا خزانہ ہوں۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: اور جو لوگ اس (مال کے دینے) میں جو اللہ نے ان کو اپنے فضل سے دیا ہے بخل کرتے ہیں۔ وہ اپنے لئے (اس کو) ہر گز اچھا نہ سمجھیں (اچھا نہیں) بلکہ وہ ان کے لئے بُرا ہے جن مالوں میں وہ بخل سے کام لیتے ہیں قیامت کے دن یقیناً ان کا طوق بنایا جائے گا (اور ان کے گلوں میں ڈالا جائے گا) اور آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ ہی کے لئے ہے اور جو (کچھ) تم کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔
صحیح بخاری 4587
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (بن ابی یزید مکی) سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں اور میری ماں ان لوگوں میں سے تھے جنہیں کمزور سمجھا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 4588
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت پڑھی: ان مردوں اور عورتوں اور بچوں کے سوا جنہیں کمزور سمجھا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا: میں اور میری ماں بھی انہی لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ نے معذور رکھا۔ اور حضرت ابن عباسؓ سے منقول ہے: حَصِرَتْ صُدُوْرُهُمْ کے معنی ہیں ان کے سینے تنگ ہو گئے۔ تَلْوُوا أَلْسِنَتَكُمْ سے یہ مراد ہے کہ شہادت دیتے وقت وہ اپنی زبانیں ہیر پھیر کر بات کرتے ہیں اور (حضرت ابن عباسؓ کے سوا) ایک اور شخص نے کہا: الْمُرَاغَمُ کے معنی ہیں وہ جگہ جہاں ہجرت کی جائے۔ رَاغَمْتُ قَوْمِي: میں اپنے لوگوں کو چھوڑ کر کسی دوسری جگہ چلا گیا۔ مَوْقُوتًا کے معنی ہیں مقررہ وقت پر۔ وَقَّتَهُ عَلَيْهِمْ۔ یعنی اللہ نے ان کے لئے اس (نماز) کو خاص وقت پر ادا کرنے کے لئے مقرر کیا۔
صحیح بخاری 4625
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ مغیرہ بن نعمان نے ہمیں خبر دی، اُنہوں نے کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا، وہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: اے لوگو ! تم اللہ کے پاس اکٹھے کئے جاؤ گے ننگے پاؤں، ننگے بدن، بے ختنہ۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: جیسے ہم نے پہلی پیدائش کو شروع کیا اسی طرح ہم اس کو دوبارہ پیدا کریں گے۔ ہمارے ذمہ یہ ایک وعدہ ہے۔ ہم ضرور ایسا کرنے والے ہیں۔ یہ آیت پڑھ کر آپؐ نے فرمایا: سنو! تمام مخلوقات میں سے قیامت کے دن جس کو پہلے پہل لباس پہنایا جائے گا وہ ابراہیمؑ ہیں۔ سنو ! اور میری امت میں سے کچھ آدمی لائے جائیں گے، پھر انہیں بائیں جانب لے جائیں گے۔ اس وقت میں کہوں گا: اے میرے ربّ! یہ تو میرے ساتھی ہیں، (یہ تو میرے ساتھی ہیں۔) جواب دیا جائے گا: تو نہیں جانتا کہ انہوں نے تیرے بعد کیا کیا نئی باتیں کیں، تو میں اسی طرح کہوں گا جس طرح اس نیک بندے نے کہا تھا: اور میں ان کا نگران تھا جب تک کہ میں ان میں رہا جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تُو ہی ان کا دیکھنے بھالنے والا تھا۔ اِس پر جواب دیا جائے گا: یہ لوگ تو جب سے تُو ان سے جدا ہوا، اپنی ایڑیوں کے بل پھرے رہے۔
صحیح بخاری 4673
یحيٰ (بن عبداللہ بن بکیر) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ سے روایت کی کہ عبداللہ بن کعب (بن مالک) کہتے تھے کہ میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے جبکہ وہ جنگ تبوک سے پیچھے رہ گئے تھے، سنا: اللہ کی قسم! اللہ نے مجھے ہدایت دینے کے بعد کوئی نعمت اس سے بڑھ کر مجھ پر نہیں کی کہ میں نے رسول اللہﷺ سے سچ سچ بیان کردیا۔ آپ سے جھوٹ نہیں بولا۔ ورنہ میں بھی اسی طرح ہلاک ہو جاتا جس طرح کہ وہ ہلاک ہوئے جنہوں نے جھوٹ بولا کیونکہ یہ وحی نازل ہوئی: جب تم ان کی طرف لوٹو گے تو وہ تمہارے سامنے اللہ کی قسمیں کھائیں گے تا تم اُن سے درگذر کرو (سو ہم بھی تم سے کہتے ہیں کہ) ان سے درگذر ہی کرو کیونکہ وہ گندے ہیں اور ان کا ٹھکانہ ان کے اعمال کے بدلہ میں پہلے ہی سے جہنم مقرر ہو چکا ہے وہ تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے کہ تم ان سے راضی ہو جاؤ پس اگر تم ان سے راضی بھی ہو جاؤ تو اللہ اطاعت سے نکل جانے والے لوگوں سے راضی نہیں ہوگا۔
صحیح بخاری 4722
یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشیم (بن بشیر) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا) ابوبشر نے ہمیں خبر دی کہ سعید بن جبیر سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے قول وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا (یعنی تو اپنی نماز بلند آواز سے نہ پڑھ اور نہ بالکل خاموشی سے) کی نسبت فرمایا کہ یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب رسول اللہ ﷺ پوشیدہ طور پر مکہ میں رہتے تھے۔ جس وقت آپؐ اپنے ساتھیوں کو نماز پڑھاتے، قرآن پڑھنے میں اپنی آواز بلند کرتے۔ اور جب مشرک سنتے تو قرآن کو گالیاں دیتے اور اس ذات کو بھی جس نے یہ نازل کیا اور اس کو بھی جو لے کر آیا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ سے کہا کہ اپنی نماز بلند آواز سے نہ پڑھ۔ یعنی اپنی قراءت کو اونچا نہ کرو مبادا مشرک سن پائیں اور قرآن کو گالیاں دیں۔ اور نہ اس میں اپنے ساتھیوں سے آواز اتنی دھیمی کر کہ تو ان کو سنا نہ سکے۔ اور اس کی درمیانی راہ اختیار کر۔
صحیح بخاری 4723
طلق بن غنام نے ہم سے بیان کیا کہ زائدہ (بن قدامہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ فرماتی تھیں کہ یہ آیت دعا کے بارے میں نازل ہوئی تھی۔