کتاب 15: باب قَوْلِهِ {قَدْ نَرَى تَقَلُّبَ وَجْهِكَ فِي السَّمَاءِ} إِلَى {يعْمَلُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4489
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ان لوگوں میں سے جنہوں نے دونوں قبلوں کی طرف نماز پڑھی میرے سوا کوئی نہیں رہا۔
صحیح بخاری 4566
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر فدک کی بنی ہوئی کملی ڈالی ہوئی تھی اور آپؐ نے حضرت اسامہ بن زیدؓ کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے جو بنو حارث بن خزرج کے محلہ میں تھے۔ یہ واقعہ غزوہ بدر سے پہلے کا ہے۔ حضرت اسامہؓ کہتے تھے: چلتے چلتے آپؐ ایک ایسی مجلس کے پاس سے گزرے جس میں عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول تھا اور یہ اس وقت کا واقعہ ہے کہ عبداللہ بن اُبَیّ ابھی مسلمان نہیں ہوا تھا۔ اس مجلس میں کچھ مشرک یعنی بت پرست اور کچھ یہودی اور کچھ مسلمان ملے جلے لوگ تھے، اور مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب اس جانور کی گرد مجلس پر پڑی تو عبداللہ بن اُبَیّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک ڈھانکی اور کہنے لگا: ہم پر گرد نہ اڑاؤ۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کو السلام علیکم کہا اور ٹھہر گئے اور گدھے سے اترے۔ آپؐ نے ان کو اللہ کی طرف بلایا اور انہیں قرآن پڑھ کر سنایا۔ عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول نے کہا: اے مرد! بات جو تم کہتے ہو اس سے اچھی کوئی اور بات نہیں۔ اگر یہ سچ ہے تو ہماری مجلس میں آکر اس سے تکلیف نہ دیا کرو۔ اپنے ٹھکانے پر ہی واپس جاؤ۔ پھر جو تمہارے پاس آئے اس سے یہ بیان کیا کرو۔ حضرت عبداللہ بن رواحہؓ نے یہ سن کر کہا: نہیں، یا رسول اللہ۔ ہماری ان مجلسوں ہی میں آکر ہمیں آپؐ پڑھ کر سنایا کریں۔ ہمیں تو یہ بات پسند ہے۔ اس پر مسلمان، مشرک اور یہودی ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنے لگے۔ قریب تھا کہ وہ ایک دوسرے پر حملہ کرتے، مگر نبی ﷺ جوش دباتے رہے۔ آخر وہ رک گئے۔ پھر اس کے بعد نبی ﷺ اپنے جانور پر سوار ہوکر چلے گئے یہاں تک کہ حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس آئے۔ نبی ﷺ نے ان سے کہا: سعد! کیا تم نے نہیں سنا جو ابو حباب نے کہا؟ آپؐ کی مراد عبداللہ بن اُبَیّ سے تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے (مجھے) یوں یوں کہا ہے۔ حضرت سعد بن عبادہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کر دیں اور اس سے درگزر کیجئے۔ اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ پر کتاب نازل فرمائی ہے، اللہ اب وہ حق یہاں لے آیا ہے جس کو اس نے آپؐ پر نازل کیا۔ اس بستی والوں نے تو یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس (عبداللہ بن اُبَیّ) کو سرداری کا تاج پہنا کر عمامہ اس کے سر پر باندھیں۔ جب اللہ نے اس حق کی وجہ سے جو اللہ نے آپؐ کو عطا کیا ہے یہ منظور نہ کیا۔ تو وہ حسد کی آگ میں جل گیا۔ اس لئے اس نے وہ کچھ کیا جو آپؐ نے دیکھا۔ یہ سن کر نبی ﷺ نے اس سے درگزر کیا اور نبیﷺ اور آپؐ کے صحابہ مشرکوں اور اہل کتاب سے جیسا کہ اللہ نے انہیں حکم دیا درگزر کیا کرتے تھے اور ان کی ایذا دہی پر صبر کیا کرتے تھے۔ اللہ عز و جل نے فرمایا ہے: اور تم ضرور ان لوگوں سے جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی اور ان سے (بھی) جو مشرک ہیں بہت دکھ (دینے والا کلام) سنو گے۔ اور اللہ نے فرمایا: اہل کتاب میں سے بہت سے لوگ بعد اس کے کہ حق ان پر خوب کھل چکا ہے اس حسد کی وجہ سے جو ان کی اپنی ہی جانوں سے (پیدا ہوا) ہے چاہتے ہیں کہ تمہارے ایمان لے آنے کے بعد تمہیں پھر کافر بنا دیں۔ پس تم اس وقت تک کہ اللہ اپنے حکم کو نازل فرمائے انہیں معاف کرو اور (ان سے) درگزر کرو۔ اللہ یقیناً ہر ایک امر پر پورا (پورا) قادر ہے۔ اور نبی ﷺ عفو کو ہی مناسب سمجھتے تھے، جیسا کہ اللہ نے آپؐ کو حکم دیا تھا۔ آخر اللہ نے ان کو اجازت دے دی۔ جب رسول اللہ ﷺ نے بدر کے مقام پر (ان کا) مقابلہ کیا اور اللہ نے اس لڑائی میں کفار قریش کے بڑے بڑے سرغنے مار ڈالے تو (عبداللہ) بن اُبَیّ بن سلول اور جو اس کے ساتھ مشرک اور بت پرست تھے کہنے لگے: اب تو یہ سلسلہ شاندار ہوگیا ہے۔ انہوں نے رسول ﷺ سے اسلام پر قائم رہنے کی بیعت کر لی اور وہ مسلمان ہوگئے۔
صحیح بخاری 4589
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ ہم سے غندر اور عبدالرحمٰن نے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی (بن ثابت) سے، عدی نے عبداللہ بن یزید (خطمی) سے، عبداللہ نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ آیت فَمَا لَكُمْ فِي الْمُنٰفِقِيْنَ فِئَتَيْنِ سے متعلق واقعہ یوں ہے: نبی ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ اُحد سے لوٹ گئے تھے اور لوگ ان کی نسبت دو گروہ ہوگئے۔ ایک گروہ کہتا تھا: ان کو مار ڈالیں اور ایک گروہ کہتا تھا کہ نہیں۔ تو پھر یہ آیت نازل ہوئی: یعنی تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم منافقوں کے بارے میں دو گروہ ہوگئے ہو۔ آپؐ نے اس وقت فرمایا: مدینہ طیبہ ہے۔ میل کچیل کو اس طرح نکال پھینکتا ہے جس طرح کہ آگ چاندی کی میل کچیل۔
صحیح بخاری 4626
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا، سفیان نے ہمیں بتایا کہ مغیرہ بن نعمان نے ہم سے بیان کیا کہا: سعید بن جبیر نے مجھے بتایا: اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا: تم اکٹھے کئے جاؤ گے اور بعض لوگوں کو پکڑ کر بائیں جانب لے جائیں گے اور میں اسی طرح کہوں گا جس طرح اُس نیک بندے نے کہا تھا: اور جب تک میں ان میں (موجود) رہا، میں ان کا نگران رہا، مگر جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تُو ہی اُن پر نگران تھا (میں نہ تھا) اور تو ہر چیز پر نگران ہے۔ اگر تو اُنہیں عذاب دینا چاہے تو وہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو اُنہیں بخشنا چاہے تو تُو بہت غالب (اور) بڑی حکمتوں والا (خدا) ہے۔
صحیح بخاری 4674
مؤمل نے (جو کہ ہشام کے بیٹے ہیں) ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ عوف (بن ابی جمیلہ) نے ہم سے بیان کیا۔ ابورجاء نے ہمیں بتایا (کہا) حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا: آج رات میرے پاس دو آنے والے آئے اور دونوں مجھے نیند سے جگا کر لے گئے اور ہم ایک ایسے شہر کے پاس پہنچے جو سونے چاندی کی اینٹوں سے بنا ہوا تھا تو وہاں ہمیں کچھ آدمی ملے اُن کا آدھا بدن تو نہایت خوبصورت تھا، ایسا کہ جو تو نے کبھی دیکھا ہو اور آدھا نہایت ہی بد شکل تھا کہ جو تو نے کبھی دیکھا ہو۔ اُن دونوں نے اُن لوگوں سے کہا: اس ندی میں داخل ہو جاؤ۔ چنانچہ وہ اس میں داخل ہو گئے۔ پھر ہمارے پاس واپس آ گئے اور اُن کی وہ بد صورتی اُن سے جاتی رہی اور وہ نہایت ہی خوبصورت ہو گئے۔ اُن دونوں نے مجھے کہا: یہ جنت عدن ہے اور وہ آپ کا مکان ہے۔ اُن دونوں نے کہا اور یہ لوگ جن کا آدھا جسم خوبصورت اور آدھا جسم بدصورت تھا یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کچھ بھلے کام اور کچھ بُرے کام ملا جلا کر کیے ہیں اور اللہ نے اُن سے درگزر کیا ہے۔