کتاب 16: باب {وَلَئِنْ أَتَيْتَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ بِكُلِّ آيَةٍ مَا تَبِعُوا قِبْلَتَكَ} إِلَى قَوْلِهِ {إِنَّكَ إِذًا لَمِنَ الظَّالِمِينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4490
خالد بن مخلد نے ہمیں بتایا کہ سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے۔ اس اثنا میں کہ لوگ ایک بار قباء میں صبح کی نماز میں تھے، ان کے پاس ایک شخص آیا۔ اس نے کہا: رسول اللہ ﷺ پر آج رات قرآن نازل ہوا ہے اور آپؐ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ کعبہ کی طرف منہ پھیر لیں۔ سنو! تم بھی اس کو قبلہ بناؤ اور لوگوں کا منہ (اس وقت) شام کی طرف تھا (یہ سُن کر) انہوں نے اپنے منہ کعبہ کی طرف پھیر لئے۔
صحیح بخاری 4567
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی، کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں منافقوں میں سے کچھ آدمی ایسے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ کسی مہم کے وقت نکلتے تو وہ آپؐ سے پیچھے رہ جاتے اور رسول اللہ ﷺ سے پیچھے بیٹھ رہنے پر خوش ہوتے۔ جب رسول اللہ ﷺ (واپس) آتے تو وہ آپؐ سے معذرتیں کرتے اور قسمیں کھاتے اور یہ چاہتے کہ جو کام انہوں نے کیا نہیں اس پر ان کی تعریف کی جائے۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی: تو ان لوگوں کے متعلق جو اپنے کئے پر خوش ہوتے ہیں ہرگز گمان نہ کر۔
صحیح بخاری 4568
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے ان کو بتایا کہ ابن ابی ملیکہ سے روایت ہے کہ علقمہ بن وقاص نے ان سے بیان کیا کہ مروان نے اپنے دربان سے کہا: رافع! حضرت ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو: اگر تو ہر اُس شخص کو سزا دی جائے گی جو عطا کردہ نعمتوں پر اترایا اور چاہا کہ جو اس نے نہیں کیا اس پر اس کی تعریف کی جائے تو یقیناً ہم سبھی کو سزا دی جائے گی۔ حضرت ابن عباسؓ نے یہ سن کر کہا: اس آیت سے تمہارا کیا تعلق۔ واقعہ تو صرف یہ ہوا تھا کہ نبی ﷺ نے یہود کو بلایا اور ان سے کسی بات کا مطلب پوچھا، جو انہوں نے آپؐ سے چھپایا اور انہوں نے آپؐ کو کوئی اور بات بتائی۔ پھر یہ سمجھنے لگے کہ اب وہ آپؐ کے نزدیک قابل تعریف ہوگئے ہیں، اس لئے کہ انہوں نے آپؐ کو وہ بات بتا دی جو آپؐ نے ان سے پوچھی تھی اور جو حکم انہیں دیا گیا تھا اسے چھپا کر وہ خوش ہوگئے۔ پھر (یہ واقعہ بیان کرکے) حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت پڑھی: اور (اس وقت کو یاد کرو) جب اللہ نے ان لوگوں سے جنہیں کتاب دی گئی ہے عہد لیا تھا کہ تم ضرور لوگوں کے پاس اس (کتاب) کو ظاہر کرو گے اور اسے چھپاؤ گے نہیں مگر باوجود اس کے انہوں نے اسے اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا اور اسے چھوڑ کر تھوڑی (سی) قیمت لے لی، جو کچھ وہ لیتے ہیں وہ کیا ہی بُرا ہے۔ تُو ان لوگوں کو جو اپنے کیے پر اتراتے ہیں اور جو (کام) انہوں نے نہیں کیا اس کی بابت (بھی) چاہتے ہیں کہ ان کی تعریف کی جائے…۔ (ہشام بن یوسف کی طرح) عبدالرزاق نے بھی ابن جریج سے یہی روایت بیان کی۔ (محمد) ابن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد) نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج سے روایت ہے کہ ابن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا۔ حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے مروی ہے کہ انہوں نے مروان کا یہ واقعہ بیان کیا۔
صحیح بخاری 4590
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ مغیرہ بن نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: کوفہ والوں نے ایک آیت کے بارے میں اختلاف کیا تو میں اس آیت سے متعلق حضرت ابن عباسؓ کے پاس (پوچھنے) گیا اور میں نے ان سے اس کی بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا: یہ آیت وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ ان آخری آیتوں میں سے ہے جو نازل ہوئیں اور اس کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 4675
اسحاق بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں بتایا اُنہوں نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے اپنے باپ (حضرت مسیب بن حزنؓ) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب ابوطالب کی وفات کا وقت آیا تو اُن کے پاس نبیﷺ گئے۔ اس وقت وہاں ابوجہل اور عبداللہ بن ابی اُمَیّہ تھے۔ نبیﷺ نے فرمایا: چچا! آپ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کریں تا اس بنا پر میں آپ کے لئے اللہ کے پاس چارہ جوئی کروں۔ ابوجہل اور عبداللہ بن ابی اُمَیّہ نے کہا: ابوطالب! آیا عبدالمطلب کے دین سے آپ پھر جائیں گے؟ نبی ﷺ نے فرمایا: میں آپ کے لئے دعائے مغفرت کرتا رہوں گا جب تک کہ مجھے روک نہ دیا جائے۔ تب یہ آیت نازل ہوئی: نبی کو اور وہ لوگ جو مومن ہیں انہیں نہیں چاہیے تھا کہ مشرکوں کے لئے مغفرت کی دعائیں کرتے گو وہ قریبی رشتہ دار ہی ہوں جبکہ اُن پر پورے طور پر واضح ہو چکا کہ وہ جہنم کے مستحق ہیں۔