کتاب 18: باب {وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَاتِ أَيْنَمَا تَكُونُوا يَأْتِ بِكُمُ اللَّهُ جَمِيعًا إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَىْءٍ قَدِيرٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4492
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ يحيٰ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ ابواسحاق نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ بیت المقدس کی طرف سولہ یا سترہ مہینے نماز پڑھتے رہے۔ پھر آپؐ نے قبلہ کی طرف منہ پھیرا۔
صحیح بخاری 4570
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک بن انس سے، مالک نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہا۔ میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کی نماز ضرور دیکھوں گا (کیونکر پڑھتے ہیں۔) رسول اللہ ﷺ کے لئے ایک توشک بچھایا گیا۔ رسول اللہ ﷺ اس کی لمبان میں سو گئے۔ (پھر جب آدھی رات گزری تو آپؐ جاگے۔) اپنے چہرہ پر ہاتھ پھیر کر نیند کا اثر دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آلِ عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں۔ جب ختم کیں، اس کے بعد ایک بڑے مشکیزہ سے جو پاس لٹک رہا تھا آپؐ نے اس سے پانی لیا اور وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ میں بھی اٹھا اور جس طرح آپؐ نے کیا تھا میں نے بھی کیا اور پھر آ کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے اپنا ہاتھ میرے سر پر رکھا اور پھر میرا کان پکڑ کر ملنے لگے۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر وتر پڑھا۔
صحیح بخاری 4592
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعد الساعدیؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے مروان بن حکم کو مسجد میں دیکھا۔ (کہتے تھے) میں ان کے پاس آیا اور ان کے پاس آکر بیٹھ گیا تو انہوں نے ہمیں بتایا کہ حضرت زید بن ثابتؓ نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے ان کو یہ آیت یوں لکھائی: مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے برابر نہیں (ہو سکتے)۔ اتنے میں حضرت ابن اُم مکتومؓ آپؐ کے پاس آئے اور آپؐ مجھے یہ آیت لکھا رہے تھے۔ حضرت ابن اُم مکتومؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم اگر میں جہاد کی طاقت رکھتا تو میں بھی ضرور جہاد کرتا، اور وہ نابینا تھے۔ تو اس وقت اللہ نے اپنے رسول ﷺ پر وحی نازل کی۔ اور آپؐ کی ران میری ران پر تھی، مجھے اتنی بوجھل معلوم ہوئی کہ میں ڈر گیا کہ کہیں آپؐ کی ران میری ران کو توڑ نہ دے۔ پھر اس کے بعد آپؐ سے وحی کی حالت جاتی رہی اور اللہ نے یہ الفاظ نازل کئے: یعنی سوائے ان کے جو معذور ہوں۔
صحیح بخاری 4593
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابوالاسحاق نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب آیت یعنی مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے برابر نہیں (ہو سکتے) نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت زیدؓ کو بلایا۔ انہوں نے یہ آیت لکھی اتنے میں حضرت ابن ام مکتومؓ آئے اور انہوں نے اپنی نابینائی کا شکوہ کیا۔ پھر اللہ نے یہ الفاظ نازل کئے: یعنی سوائے ان کے جو معذور ہوں۔
صحیح بخاری 4594
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل (بن یونس) سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براءؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب آیت لَا يَسْتَوِي الْقٰعِدُوْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ نازل ہوئی، نبی ﷺ نے فرمایا: فلاں کو بلاؤ۔ وہ آپؐ کے پاس آیا۔ اس کے ساتھ دوات اور تختی یا شانے کی ہڈی تھی۔ آپؐ نے فرمایا کہ لکھو: لَا يَسْتَوِي الْقٰعِدُوْنَ… یعنی مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے برابر نہیں (ہو سکتے)۔ اور اس وقت نبی ﷺ کے پیچھے حضرت ابن ام مکتومؓ بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میں معذور ہوں تو اس کی جگہ یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی مومنوں میں سے ایسے بیٹھ رہنے والے جو ضرر رسیدہ نہیں ہیں اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے برابر نہیں (ہو سکتے)۔
صحیح بخاری 4595
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ان کو بتایا کہ ابن جریج نے ان کو خبر دی۔ اور اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا) عبدالکریم (جزری) نے مجھے بتایا کہ عبداللہ بن حارث کے غلام مقسم نے ان کو خبر دی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے ان کو بتایا: مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے برابر نہیں (ہو سکتے) سے وہ لوگ مراد ہیں جو غزوہ بدر سے رہ گئے تھے اور وہ جو بدر کے لئے نکلے تھے۔
صحیح بخاری 4677
محمد (بن نضر نیشاپوری) نے مجھ سے بیان کیا کہ احمد بن ابی شعیب نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن اعین نے ہم سے بیان کیا۔ اسحاق بن راشد نے ہمیں بتایا کہ زہری نے اُن سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ (حضرت کعب بن مالکؓ) سے سنا اور وہ اُن تین شخصوں میں سے ایک تھے جن کی توبہ قبول کی گئی تھی۔ وہ رسول ﷺ سے کسی غزوہ میں بھی جس میں آپ نکلے کبھی پیچھے نہ رہے سوائے دو غزوات کے ایک غزوۂ عسرہ اور ایک غزوۂ بدر۔ اُنہوں نے کہا: میں نے یہ پختہ عزم کرلیا کہ میں صبح چاشت کے وقت رسول ﷺ سے سچ سچ بیان کردوں اور کم ہی ہوتا کہ کسی سفر سے جو آپؐ نے کیا ہوتا چاشت کے وقت نہ آتے ہوں اور آپؐ پہلے مسجد میں آتے اور آپؐ وہاں دو رکعتیں پڑھتے اور نبی ﷺ نے میرے اور میرے دونوں ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے روک دیا اور ہمارے سوا جو اور پیچھے رہنے والے تھے ان میں سے کسی کے ساتھ بھی بات کرنے سے آپؐ نے نہیں روکا۔ اس لئے لوگ ہمارے ساتھ بات کرنے سے بچتے رہے۔ میں اسی حالت میں رہا، یہاں تک کہ یہ معاملہ اتنا لمبا ہوگیا کہ زندگی مجھ پر دوبھر ہونے لگی اور کوئی بات بھی مجھے اس سے بڑھ کر فکر میں ڈالنے والی نہ تھی کہ میں مرجاؤں اور نبی ﷺ میرے لئے دعائے رحمت نہ کریں یا رسول اللہ ﷺ فوت ہوجائیں اور میں لوگوں میں اسی پست حالت میں رہوں کہ اُن میں سے کوئی بھی میرے ساتھ بات نہ کرے اور نہ ہی میرے لئے دعائے رحمت کرے کہ آخر اللہ نے اپنے رسول پر ہماری توبہ سے متعلق اس وقت وحی نازل کی جبکہ رات کی آخری تہائی رہتی تھی اور رسول اللہ ﷺ حضرت ام سلمہؓ کے پاس تھے اور حضرت ام سلمہؓ میرے معاملہ میں اچھا رویّہ رکھتی تھیں اور میرے متعلق فکر مند تھیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ام سلمہؓ! کعب کی توبہ قبول ہوگئی ہے۔ کہنے لگیں: کیا میں اُس کے پاس آدمی بھیج کر اسے بشارت نہ دوں۔ آپؐ نے فرمایا: لوگ تمہارے پاس آکر تمہیں تھکا دیں گے اور ساری رات تمہیں سونے نہ دیں گے۔ جب رسول اللہ ﷺ نے صبح کی نماز پڑھائی تو آپؐ نے اعلان کیا کہ اللہ نے ہماری توبہ قبول کرلی ہے اور آپؐ جب خوش ہوتے تو آپ کا چہرہ چمک اٹھتا ایسا کہ جیسے وہ چاند کا ٹکڑا ہے اور ہم تین آدمی وہ تھے جن کا معاملہ مؤخر کیا گیا تھا اُن لوگوں سے جنہوں نے بہانے بنائے، جو قبول کرلیے گئے۔ جس وقت اللہ نے ہماری توبہ کی بابت وحی نازل کی اور جب پیچھے رہنے والوں میں سے اُن لوگوں کا ذکر کیا جنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے جھوٹ بولا تھا اور باطل عذر پیش کیے تھے تو اُن کا ذکر نہایت ہی بُرا کیا گیا جو کبھی کسی کا کیا گیا ہو۔ یعنی اللہ سبحانہ نے فرمایا: جب تم اُن کی طرف لوٹو گے تو تمہارے پاس عذر کریں گے۔ تو کہہ عذر نہ کرو، ہم تمہاری ہرگز نہیں مانیں گے۔ اللہ نے ہمیں تمہارے اندرونے سے آگاہ کردیا ہے اور عنقریب اللہ اور اس کا رسول تمہارے عمل دیکھ لے گا۔