کتاب 19: باب {وَمِنْ حَيْثُ خَرَجْتَ فَوَلِّ وَجْهَكَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَإِنَّهُ لَلْحَقُّ مِنْ رَبِّكَ وَمَا اللَّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعْمَلُونَ} شَطْرُهُ تِلْقَاؤُهُ.
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4493
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: اس اثنا میں کہ لوگ قباء میں صبح کی نماز میں تھے، ایک شخص ان کے پاس آیا اور اس نے کہا: آج رات قرآن نازل ہوا اور آنحضرت ﷺ کو حکم ہوا ہے کہ وہ کعبہ کو قبلہ بنائیں۔ اس لئے تم بھی اس کو قبلہ بناؤ اور وہ جیسے تھے اسی حالت میں پھر گئے اور انہوں نے کعبہ کی طرف منہ کر لیا اور اس وقت لوگوں کا منہ شام کی طرف تھا۔
صحیح بخاری 4571
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا۔ معن بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ مالک سے روایت ہے۔ انہوں نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان سے بیان کیا: وہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہے اور وہ ان کی خالہ تھیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں تو شک کی چوڑائی میں لیٹ گیا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی زوجہؓ اس کی لمبان میں لیٹ گئے۔ رسول اللہ ﷺ سو گئے۔ جب رات آدھی ہوئی، اس سے کچھ پہلے یا اس سے کچھ بعد کا وقت ہوگا، تو رسول اللہﷺ جاگے اور اپنے چہرہ پر ہاتھ پھیر کر نیند کا اثر دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آلِ عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں اور اٹھ کر ایک پرانے مشکیزہ کی طرف گئے جو لٹک رہا تھا۔ آپؐ نے اس سے وضو کیا اور اچھی طرح وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ (یہ دیکھ کر) میں نے بھی ویسے ہی کیا جو آپؐ نے کیا تھا۔ پھر جا کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا دایاں ہاتھ میرے سر پر رکھا اور میرے دائیں کان کو ملنے لگے۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر اس کے بعد وتر پڑھا، پھر لیٹ گئے۔ یہاں تک کہ مؤذن آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ اٹھے اور آپؐ نے دو ہلکی سی رکعتیں پڑھیں۔ پھر باہر گئے اور جا کر صبح کی نماز پڑھائی۔
صحیح بخاری 4596
عبداللہ بن یزید مقرئ نے ہم سے بیان کیا کہ حیوہ (بن شریح) اور ان کے علاوہ ایک اور شخص نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: محمد بن عبدالرحمٰن ابوالاسود (اسدی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مدینہ والوں کے متعلق بھی (اہل شام کے مقابل) ایک فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فوج میں میرا نام بھی لکھا گیا۔ میں حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام عکرمہ سے ملا اور میں نے ان کو بتایا۔ انہوں نے مجھے سختی سے روکا کہ اس میں شامل نہ ہوں۔ پھر انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھے بتایا کہ مسلمانوں میں سے کچھ لوگ مشرکوں کے ساتھ ہو جاتے تھے، وہ رسول اللہ ﷺ کے خلاف مشرکوں کی تعداد بڑھاتے تھے۔ لڑائی میں تیر جو مارا جاتا وہ آتا اور ان میں سے کسی کو لگتا اور اس کو مار ڈالتا یا تلوار ماری جاتی اور وہ اس سے قتل ہو جاتا۔ اس لئے اللہ نے یہ آیت نازل کی: ملائکہ نے جن کو ایسی حالت میں وفات دی کہ وہ اپنے نفسوں پر ظلم کرنے والے تھے…۔ لیث نے یہ بات ابوالاسود سے روایت کی۔
صحیح بخاری 4678
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا۔ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن کعب بن مالک سے روایت کی کہ عبداللہ بن کعب بن مالک نے کہا: اور وہ حضرت کعب بن مالکؓ کو (بوجہ نابینائی کے) پکڑ کر لے جایا کرتے تھے کہ میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے سنا وہ واقعہ تبوک سے متعلق جبکہ وہ پیچھے رہ گئے تھے بیان کرتے تھے کہ اللہ کی قسم! میں کسی کو نہیں جانتا کہ اللہ نے اس کو سچ بیان کرنے کی وجہ سے اس خوبی سے آزمایا ہو جیسا کہ اس نے مجھے آزمایا۔ جب سے میں نے رسول اللہ ﷺ سے یہ واقعہ بیان کیا، آج کے دن تک میں نے عمداً جھوٹ نہیں بولا اور اللہ عز و جل نے اپنے رسول ﷺ پر یہ وحی نازل کی: اللہ نے نبی اور مہاجرین اور انصار پر بڑا فضل کیا ہے (یعنی ان لوگوں پر) جنہوں نے اس (نبی) کی تکلیف کی گھڑی میں جبکہ ان میں سے ایک گروہ کے دل کسی قدر شک میں پڑ گئے تھے اتباع کی پھر اس نے ان (کمزوروں) پر بھی فضل کر دیا وہ ان (مومنوں) سے یقیناً محبت کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اسی طرح اُن تینوں پر بھی (اس نے فضل کیا) جو کہ پیچھے چھوڑے گئے تھے یہاں تک کہ جب زمین باوجود فراخی کے اُن پر تنگ ہو گئی اور اُن کے اپنے نفس بھی ان پر بار بن گئے اور اُنہوں نے خیال کیا کہ اللہ کے غضب سے بچنے کے لیے سوائے اس کے اور کوئی پناہ نہیں تو ان کی حالت دیکھ کر اللہ نے ان پر فضل کیا تاکہ وہ بھی توبہ کریں اللہ یقیناً بار بار توبہ قبول کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اے مومنو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور صادقوں (کی جماعت) کے ساتھ شامل ہو جاؤ۔