کتاب 21: باب قَوْلِهِ {إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِنْ شَعَائِرِ اللَّهِ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ أَوِ اعْتَمَرَ فَلاَ جُنَاحَ عَلَيْهِ أَنْ يَطَّوَّفَ بِهِمَا وَمَنْ تَطَوَّعَ خَيْرًا فَإِنَّ اللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4495
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ سے پوچھا اور میں ان دنوں کم سن تھا، بتلائیں: اللہ تعالیٰ نے (یہ جو) فرمایا ہے صفا اور مروَہ بھی اللہ کے نشانوں میں سے ہیں۔ جس نے بیت اللہ کا حج یا عمرہ کیا اس پر کوئی گناہ نہیں کہ ان دونوں کے درمیان چکر لگائے۔ میرے نزدیک کچھ (بھی حرج) نہیں اگر کوئی ان کا طواف نہ کرے۔ حضرت عائشہؓ نے (یہ سُن کر) فرمایا: (ایسا) ہرگز نہیں اگر (یہ بات) ہوتی، جیسا کہ تم کہتے ہو تو یہ (آیت یوں) ہوتی: اُس پر کوئی گناہ نہیں اگر وہ ان کا طواف نہ کرے۔ دراصل یہ آیت انصار کے بارے میں نازل کی گئی تھی۔ (مشرک) لوگ احرام باندھتے وقت مناة کے نام پر لبیک پکارتے اور مناة (بت) قُدَید کے مقابل پر رکھا ہوا تھا اور انصار گناہ سمجھتے تھے کہ صفا و مروَہ کے درمیان چکر لگائیں۔ جب اسلام آیا، انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کی بابت پوچھا۔ تب اللہ نے (یہ آیت) نازل کی: صفا ومروَہ اللہ کے نشانوں میں سے ہیں۔ سو جس نے بیت اللہ کا حج یا عمرہ کیا اس پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ ان پر بھی چکر لگائے۔
صحیح بخاری 4496
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم بن سلیمان سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے صفا و مروہ سے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: ہم سمجھتے تھے کہ ان دونوں میں پھیرے لگانا جاہلیت کی ایک رسم ہے۔ جب اسلام آیا تو ہم ان (میں پھیرے لگانے) سے رُک گئے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے (یہ آیت) نازل کی: صفا و مروہ اللہ کے نشانوں میں سے ہیں۔ سو جس نے بیت اللہ کا حج یا عمرہ کیا اس پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ ان پر بھی چکر لگائے۔
صحیح بخاری 4598
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک بار رسول اللہ ﷺ عشاء کی نماز پڑھا رہے تھے کہ آپؐ نے سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَہُ کہا۔ پھر سجدہ کرنے سے پہلے یوں دعا کی: اے اللہ! عیاش بن ابی ربیعہ کو نجات دے۔ اے اللہ! سلمہ بن ہشام کو نجات دے۔ اے اللہ! ولید بن ولید کو نجات دے۔ اے اللہ! مومنوں میں سے جو کمزور سمجھے جاتے ہیں ان کو نجات دے۔ اے اللہ! مضر کو سختی سے لتاڑ۔ اے اللہ! ان کے سالوں کو ویسے ہی کردے جیسے یوسف کے سال۔