کتاب 35: باب {ثُمَّ أَفِيضُوا مِنْ حَيْثُ أَفَاضَ النَّاسُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4520
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا۔ محمد بن حازم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ قریش اور جو اُن کے طریقہ پر چلتے تھے مزدلفہ میں ٹھہر جاتے اور ان لوگوں کو حُمس (یعنی دین کے پکے) کہا کرتے تھے اور باقی تمام عرب عرفات میں (جاکر) ٹھہرا کرتے تھے۔ جب اسلام آیا تو اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو حکم دیا کہ وہ عرفات میں آئیں اور پھر وہاں ٹھہریں اور پھر وہاں سے لوٹ کر آئیں۔ یہی مراد ہے، اللہ تعالیٰ کے اس قول سے : تم بھی اسی جگہ سے لوٹ کر آیا کرو جہاں سے لوگ لوٹیں۔
صحیح بخاری 4521
محمد بن ابی بکر نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ کریب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: آدمی جب تک بغیر احرام ہو یعنی جب تک حج کی لبیک نہ پکارے بیت اللہ کا طواف کرتا رہے اور جب سوار ہو کر عرفات کو جائے پھر جس کو قربانی میسر ہو، اونٹوں سے یا گائے بیل سے یا بکریوں سے جو بھی اس کو میسر ہو اور جسے چاہے اس کی قربانی کر دے۔ لیکن اگر اس کو میسر نہ ہو تو اس کو تین روزے حج میں رکھنے چاہئیں اور یہ عرفات کے دن سے پہلے ہیں۔ اور اگر ان تین روزوں میں سے آخری روزہ عرفات کے دن ہو تب بھی اس پر کوئی حرج نہیں۔ پھر (مکہ سے) چل دے اور آ کر عرفات میں عصر کی نماز سے لے کر اس وقت تک کہ اندھیرا ہو جائے ٹھہرے، پھر چاہئے کہ لوگ عرفات سے لوٹیں۔ پھر جب وہ وہاں سے لوٹ پڑیں یہاں تک کہ مزدلفہ میں پہنچ جائیں جہاں وہ رات گزارتے ہیں۔ پھر چاہئے کہ وہ ذکر الٰہی میں بہت مشغول رہیں۔ یا (کہا:) تم صبح ہونے سے پہلے تکبیر اور تہلیل کثرت سے کرو۔ پھر وہاں سے لَوٹو۔ کیونکہ لوگ وہیں سے لوٹتے تھے اور اللہ تعالیٰ نے بھی فرمایا ہے: اور جہاں سے لوگ (واپس) لوٹتے رہے ہیں وہاں سے تم بھی (واپس) لوٹو۔ اور اللہ سے مغفرت طلب کرو۔ اللہ یقینا ً بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ یعنی رمی جمار تک (استغفار میں مشغول رہو۔)