کتاب 39: باب {نِسَاؤُكُمْ حَرْثٌ لَكُمْ فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ وَقَدِّمُوا لأَنْفُسِكُمْ} الآيَةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4526
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ نضر بن شُمَیل نے ہمیں خبر دی کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا۔ نافع سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما جب قرآن پڑھتے تو جب تک اس سے فارغ نہ ہو لیتے بات نہ کرتے۔ میں نے ایک دن اُن سے قرآن کا سبق لیا۔ انہوں نے سورۂ بقرہ پڑھی۔ یہاں تک کہ جب اس آیت (نِسَآؤُكُمْ حَرْثٌ لَّكُمْ) پر پہنچے (مجھے) کہنے لگے: تم جانتے ہو یہ آیت کس کے بارے میں اُتری؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے فرمایا: فلاں فلاں بات سے متعلق اُتری۔ پھر وہ پڑھنے لگ گئے۔
صحیح بخاری 4527
اور عبدالصمد (بن عبدالوارث) سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ ایوب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) فَاْتُوْا حَرْثَكُمْ اَنّٰى شِئْتُمْ سے مراد یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی سے جماع کرے۔ اس حدیث کو محمد بن یحيٰ بن سعید نے بھی بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 4528
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا کہ (محمد) بن منکدر سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: یہود لوگ خیال کرتے تھے کہ مرد اگر عورت کے پیچھے کی طرف سے جماع کرے تو بچہ بھینگا پیدا ہو گا۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی: تمہاری عورتیں تمہارے لئے ایک کھیتی ہیں اس لئے تم اپنی کھیتی میں آؤ جس طرح چاہو۔