کتاب 42: باب {حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلاَةِ الْوُسْطَى}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4530
امیہ بن بسطام نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُریع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب (بن شہید) سے، حبیب نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی کہ (حضرت عبداللہ) بن زبیرؓ نے کہا: میں نے حضرت عثمان بن عفانؓ سے وَ الَّذِيْنَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَ يَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا سے متعلق پوچھا۔ (ابن زبیرؓ نے) کہا: اس کو دوسری آیت نے منسوخ کر دیا ہے۔ پھر آپؓ نے اس کو لکھوایا کیوں ہے یا رہنے کیوں دیا ہے؟ (حضرت عثمانؓ نے) فرمایا: میرے بھتیجے! میں قرآن سے کچھ بھی اس کی اپنی جگہ سے نہیں بدلوں گا۔
صحیح بخاری 4531
اسحاق (بن راہویہ) نے ہمیں بتایا۔ رَوح (بن عبادہ) نے ہم سے بیان کیا کہ شبل (بن عباد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: وَ الَّذِيْنَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ…(میں جس عدت کا ذکر ہے) یہ وہ عدت ہے جو عورت کے لیے اپنے خاوند کے رشتہ داروں کے پاس گزارنا ضروری تھی اس لیے اللہ نے یہ آیت نازل کی: اور تم میں سے جو لوگ وفات پا جائیں اور بیویاں چھوڑ جائیں۔ وہ اپنی بیویوں کے حق میں ایک سال تک فائدہ پہنچانے یعنی اُن کو (گھروں سے) نہ نکالنے کی وصیت کر جائیں، لیکن اگر وہ (خود بخود) چلی جائیں تو وہ اپنے متعلق جو پسندیدہ بات کریں اُس کا تمہیں کوئی گناہ نہیں۔ مجاہد نے کہا: اللہ تعالیٰ نے (اس آیت میں) عورت کے لئے سال پورا کر دیا ہے سات مہینوں اور بیس راتوں کی وصیت کر کے۔ اگر چاہے تو اس وصیت کے مطابق رہے اور اگر چاہے تو چلی جائے اور یہی اللہ تعالیٰ کے اس قول سے مراد ہے کہ ان کو نہ نکالا جائے اور اگر وہ خود نکلیں تو تم پر کوئی گناہ نہیں، مگر عدت جتنی ہے وہ عورت پر واجب ہے۔ (شبل نے کہا کہ ابن ابی نجیح نے) مجاہد سے یہی روایت کی۔ اور عطاء کہتے تھے: حضرت ابن عباسؓ نے کہا: اس آیت نے عورت کی وہ عدت (کی سابقہ رسم) منسوخ کردی جو وہ اپنے گھروالوں کے پاس پورا کرتی تھی۔ اب جہاں چاہے عدت پوری کرے اور یہی ہے جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ان کو نہ نکالا جائے۔ عطاء کہتے تھے: اگر وہ چاہے تو اپنے گھروالوں کے پاس عدت گزارے اور اپنی وصیت کے مطابق رہے اور اگر چاہے، نکل جائے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم پر کوئی گناہ نہیں، اس امر میں جو انہوں نے کیا۔ عطاء کہتے تھے: اس کے بعد میراث کا حکم نازل ہوا اَور اس نے سکونت کے دستور کو منسوخ کیا۔ اس لئے اب جہاں چاہے عدت گزارے اور اس کے لئے خاوند کے گھر میں رہنا ضروری نہیں۔ اور محمد بن یوسف (فریابی) سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) ورقاء (بن عمر) نے ابن ابی نجیح سے بروایت مجاہد ہمیں یہی بتایا۔ اور ابن ابی نجیح سے یہی مروی ہے کہ انہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے یوں کہا: اس آیت نے عورت کی اس عدت کو منسوخ کردیا جو وہ اپنے گھر والوں میں گزارا کرتی تھی۔ اب جہاں چاہے عدت گزارے۔ کیونکہ اللہ نے فرمایا ہے: نہ نکالا جائے۔
صحیح بخاری 4532
حبان (بن موسیٰ السلمی) نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عون نے ہمیں بتایا کہ محمد بن سیرین سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں ایک مجلس میں بیٹھا جہاں بڑے بڑے انصاری تھے اور ان میں عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ بھی تھے۔ میں نے عبداللہ بن عتبہ کی اس حدیث کا ذکر کیا جو حضرت سُبَیعہ بنت حارثؓ سے متعلق ہے۔ عبدالرحمٰن نے کہا: لیکن عبداللہ بن عتبہ کے چچا تو یوں نہیں کہتے تھے۔ میں نے کہا: میں تو پھر بڑا ہی دلیر ہوں اگر میں نے ایسے شخص کی بابت جھوٹ کہا ہے جو کوفہ کے ایک کونے میں رہتا ہے اور انہوں نے اپنی آواز بلند کی۔ محمد بن سیرین کہتے تھے: یہ کہہ کر میں باہر چلا گیا اور پھر مالک بن عامر یا مالک بن عوف سے ملا۔ میں نے پوچھا کہ حضرت ابن مسعودؓ کا کیا قول تھا؟ اس عورت کے بارے میں جس کا خاوند وفات پا (کر اُس کو چھوڑ) جائے اور وہ حاملہ ہو۔ انہوں نے کہا حضرت ابن مسعودؓ کہتے تھے: تم حاملہ پر سختی تو کرتے ہو اور اس کے لیے آسانی نہیں کرتے۔ حالانکہ عورتوں کے متعلق چھوٹی سورۃ (یعنی سورۃ الطلاق) تو لمبی (یعنی سورۃ البقرۃ) کے بعد اُتری۔ اور ایوب (سختیانی) نے محمد (بن سیرین) سے یوں نقل کیا کہ میں ابو عطیہ مالک بن عامر سے ملا۔
صحیح بخاری 4533
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ یزید نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن حسان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے عبیدہ (بن عمرو) سے، عبیدہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا۔ اور عبدالرحمٰن (بن بشر بن حکم) نے مجھ سے بیان کیا کہ يحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا کہ ہشام نے کہا: محمد (بن سیرین) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیدہ (بن عمرو سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے غزوہ خندق کے ایام میں فرمایا: انہوں نے ہمیں درمیانی نماز سے روکے رکھا یہاں تک کہ سورج بھی ڈوب گیا۔ اللہ ان کی قبروں اور ان کے گھروں کو یا اُن کے پیٹوں کو آگ سے بھرے۔ يحيٰ (راوی) نے (بُيُوتَهُمْ یا أَجْوَافَهُمْ کے متعلق) شک کیا (کہ یہ لفظ فرمایا یا وہ۔)