کتاب 6: باب تَأْلِيفِ الْقُرْآنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4993
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا؛ اور یوسف بن ماہک نے بھی مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہ امّ المؤمنین رضی اللہ عنہا کے پاس تھا کہ اُن کے پاس ایک عراقی آیا اور اس نے پوچھا: کونسا کفن بہتر ہوتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: تم پر افسوس اور تجھے کیا نقصان دے گا (جو بھی ہو؟) اُس نے کہا: ام المؤمنین! مجھے اپنا مصحف دکھائیں۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: کیوں؟ اس نے کہا: تا کہ میں اُس کے مطابق قرآن کو ترتیب دے دوں کیونکہ وہ بغیر ترتیب کے ہی پڑھا جاتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: اور تمہیں اس سے کیا نقصان جو حصہ اس میں سے پہلے پڑھ لے؟ کیونکہ پہلی سورۃ جو قرآن (کی سورتوں میں) سے نازل ہوئی وہ مفصل کی ایک سورۃ تھی جس میں جنت اور آگ کا ذکر ہے۔ جب لوگوں نے اسلام کی طرف رجوع کیا حلال اور حرام کے احکام نازل ہوئے اگر پہلے یہی نازل ہوتا کہ شراب نہ پیو تو لوگ ضرور کہتے ہم تو شراب کبھی نہیں چھوڑیں گے اور اگر یہی پہلے اترتا کہ زنا نہ کرو تو وہ کہتے ہم تو زنا کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ محمد ﷺ پر مکہ میں یہ آیت نازل ہوئی بَلِ السَّاعَةُ مَوْعِدُهُمْ وَ السَّاعَةُ اَدْهٰى وَ اَمَرُّ اور میں اس وقت ابھی چھوٹی بچی ہی تھی جو کھیلا کرتی تھی اور سورۃ البقرہ اور سورۃ النساء اس وقت نازل ہوئیں جب میں آپؐ کے پاس تھی۔ یوسف بن ماہک کہتے تھے: پھر حضرت عائشہؓ نے اس کے لیے مصحف نکالا اور اس کو ہر سورۃ کی آیتیں لکھوا دیں۔
صحیح بخاری 4994
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبد الرحمٰن بن یزید سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے (حضرت عبد اللہ) بن مسعودؓ سے سنا۔ سورۃ بنی اسرائیل، سورۃ الکہف، سورۃ مریم، سورۃ طٰہٰ اور سورۃ الانبیاء کے متعلق وہ کہتے تھے کہ وہ پہلی اعلیٰ درجے کی فصیح سورتوں میں سے ہیں اور وہ میری پرانی یاد کی ہوئی ہیں۔
صحیح بخاری 4995
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: نبی ﷺ کے (مدینہ) آنے سے پہلے میں نے سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى سیکھ لی تھی۔
صحیح بخاری 4996
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) کہتے تھے: ایک دوسرے سے ملتی جلتی (ان سورتوں) کو خوب جانتا ہوں جن کو نبی ﷺ دو دو کرکے ہر رکعت میں پڑھا کرتے تھے۔ یہ کہہ کر حضرت عبداللہؓ اٹھ کر چلے گئے اور علقمہ بھی ان کے ساتھ اندر گئے۔ پھر علقمہ باہر آگئے۔ ہم نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: حضرت ابن مسعودؓ کی ترتیب کے مطابق مفصل کی ابتدائی بیس سورتیں ہیں (ان کے نزدیک) ان میں سے آخری (سورتیں) وہ ہیں جو حٰم سے شروع ہوتی ہیں۔ حٰم، الدخان اور عَمَّ يَتَسَآءَلُوْنَ۠ بھی (ان میں سے) ہیں۔