کتاب 7: باب كَانَ جِبْرِيلُ يَعْرِضُ الْقُرْآنَ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4997
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بھلائی پہنچانے میں تمام لوگوں سے زیادہ سخی تھے اور زیادہ سخی جو ہوتے تو آپؐ ماہِ رمضان میں ہوتے۔ کیونکہ جبریلؑ رمضان کے مہینہ میں ہر رات کو آپؐ سے ملاقات کرتے یہاں تک کہ وہ مہینہ گزر جاتا۔ رسول اللہ ﷺ ان کو قرآن سنایا کرتے تھے اس لئے جب جبریلؑ آپؐ سے ملتے تو آپؐ بھلائی پہنچانے میں بادِ بہار سے بھی زیادہ سخی ہوتے۔
صحیح بخاری 4998
خالد بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ذکوان (ابوصالح) سے، ذکوان نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (حضرت جبریلؑ) نبی ﷺ کے ساتھ ہر سال ایک دفعہ قرآن کا دَور کیا کرتے تھے۔ جس سال آپؐ نے وفات پائی آپؐ کے ساتھ انہوں نے دو دفعہ دَور کیا اور ہر سال آپؐ دس دن اعتکاف بیٹھا کرتے تھے مگر جس سال آپؐ نے وفات پائی اس سال آپؐ بیس (۲۰) دن اعتکاف بیٹھے۔