کتاب 14: باب فَضْلِ الْمُعَوِّذَاتِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5016
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی: رسول اللہ ﷺ جب بیمار ہوتے تو معوذات پڑھ کر اپنے اوپر پھونکتے۔ جب آپؐ کی بیماری بڑھ گئی تو میں آپؐ پر یہ سورتیں پڑھتی اور آپؐ کا ہاتھ آپؐ کے بدن پر پھیرتی اس امید سے کہ ان کی برکت سے شفا ہوگی۔
صحیح بخاری 5017
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ مفضل بن فضالہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل (بن خالد) سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ نبی ﷺ جب اپنے بستر پر ہر رات لیٹتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو ملا کر ان میں پھونکتے اور یہ سورتیں پڑھتے قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ، قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ۔ پھر اپنے سارے بدن پر جہاں تک ہو سکتا ان ہاتھوں کو پھیرتے، اپنے سر اور منہ سے شروع کرتے اور پھر اپنے بدن کے سامنے کے حصے پر پھیرتے۔ تین دفعہ ایسا ہی کرتے۔