کتاب 17: باب فَضْلِ الْقُرْآنِ عَلَى سَائِرِ الْكَلاَمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5020
ہدبہ بن خالد ابو خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ سے، حضرت ابو موسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اس شخص کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج (نارنگی) کی سی ہے۔ اس کا مزہ بھی اچھا ہے اور خوشبو بھی اچھی۔ اور جو (مومن) قرآن نہیں پڑھتا اس کی مثال کھجور کی سی ہے، مزہ تو اس کا اچھا ہے لیکن اس میں خوشبو نہیں۔ اور اس بدکار کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے نیاز بو کی سی ہے جس کی خوشبو اچھی ہے اور مزہ کڑوا ہے۔ اور اس بدکار کی مثال جو قرآن نہیں پڑھتا حنظل کی سی ہے جس کا مزہ بھی کڑوا ہے اور خوشبو بھی نہیں۔
صحیح بخاری 5021
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ مجھ سے عبداللہ بن دینار نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری عمر اُن امتوں کی عمر کے مقابل میں جو گزرچکیں اتنی ہی ہے جو عصر کی نماز اور سورج کے ڈوبنے کے درمیان ہے، اور تمہاری مثال اور یہود و نصارٰی کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص نے چند مزدوروں کو کام پر لگایا اور کہا: میرے لئے ایک ایک قیراط پر دوپہر تک کون کام کرتا ہے تو یہود نے کیا۔ پھر اس نے پوچھا: میرے لئے دوپہر سے عصر تک کون کام کرے گا تو نصاریٰ نے کیا۔ پھر اب تم ہو جو عصر سے مغرب تک دو دو قیراط پر کام کرو گے۔ یہود و نصارٰی نے کہا: ہم کام تو زیادہ کریں اور دئیے جائیں تھوڑا۔ تو اس نے کہا: کیا میں نے تمہیں تمہارے حق سے کم دیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ تو اس نے کہا: پھر یہ میرا انعام ہے جس کو چاہوں دوں۔