کتاب 21: باب خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5027
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: علقمہ بن مرثد (حضرمی) نے مجھے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) سعد بن عبیدہ سے میں نے سنا۔ انہوں نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے، حضرت عثمانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور اس کو سکھائے۔ (سعد بن عبیدہ) کہتے تھے: اور ابوعبدالرحمٰن حضرت عثمانؓ کی امارت میں قرآن پڑھایا کرتے تھے یہاں تک کہ حجاج (بن یوسف) حاکم ہوا۔ اور (ابوعبدالرحمٰن) کہا کرتے تھے: اور اسی حدیث نے مجھے اس جگہ بٹھایا ہے جہاں بیٹھا ہوں۔
صحیح بخاری 5028
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علقمہ بن مرثد سے، علقمہ نے ابو عبدالرحمٰن سلمی سے، ابو عبدالرحمٰن نے حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے افضل وہ ہے جو قرآن سیکھے اور اسے سکھائے۔
صحیح بخاری 5029
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے سہل بن سعد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی کہ اس نے اپنے آپ کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لئے وقف کر دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے اب عورتوں کی حاجت نہیں۔ ایک شخص بولا: مجھ سے اس کی شادی کردیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو کپڑا دو۔ اس نے کہا: میرے پاس تو نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو دو، گو لوہے کی انگوٹھی ہی۔ پھر اس نے آپؐ سے (یہی) عذر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کچھ قرآن یاد ہے؟ اس نے کہا: فلاں فلاں (سورة مجھے یاد ہے) آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہارا اس سے نکاح انہی (سورتوں) کے عوض میں کر دیا جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔