کتاب 27: باب مَنْ لَمْ يَرَ بَأْسًا أَنْ يَقُولَ سُورَةُ الْبَقَرَةِ وَسُورَةُ كَذَا وَكَذَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5040
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہمیں بتاتے ہوئے کہا کہ ابراہیم (نخعی) نے مجھ سے بیان کیا۔ ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) اور عبدالرحمٰن بن یزید سے، انہوں نے حضرت ابومسعود انصاریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: سورة البقرہ کے آخر میں دو آیتیں ہیں جس شخص نے ان کو رات کے وقت پڑھا وہ اُس (کو ہر شر سے بچانے) کے لیے کافی ہیں۔
صحیح بخاری 5041
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا انہوں نے زہری سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے عروہ بن زبیر نے مسور بن مخرمہ اور عبد الرحمٰن بن عبد القاری کی حدیث کے متعلق خبر دی۔ ان دونوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے ہشام بن حکیم بن حزامؓ کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں سورۂ فرقان پڑھتے سنا۔ میں نے ان کی قراءت کو جو غور سے سنا تو کیا معلوم ہوا کہ وہ اس سورۃ کو بہت سی ایسی طرزوں سے پڑھتے ہیں کہ جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا میں نماز میں ہی ان پر لپکتا مگر میں نے انتظار کیا، جب انہوں نے سلام پھیرا تو میں نے انہیں گریبان سے پکڑ لیا۔ میں نے کہا: تمہیں کس نے یہ سورة پڑھائی جو میں نے تمہیں ابھی پڑھتے ہوئے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے یہ سورة پڑھائی ہے۔ میں نے ان سے کہا: تم نے غلط کہا۔ اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے ہی مجھے یہ سورة پڑھائی جو میں نے تم سے سنی۔ میں ان کو کھینچتے ہوئے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے ان کو سورة الفرقان ایسی طرزوں سے پڑھتے سنا ہے جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائی۔ حالانکہ آپؐ ہی نے مجھے سورة الفرقان پڑھائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ہشامؓ اسے پڑھو۔ انہوں نے اس کو اسی قراءت سے پڑھا جو میں نے ان سے سنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر فرمایا: عمرؓ تم پڑھو۔ چنانچہ میں نے اس کو اسی قراءت سے پڑھا جو آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قرآن سات طرزوں پر نازل کیا گیا اس لیے جو اُن میں سے آسان ہو تم پڑھو۔
صحیح بخاری 5042
بشر بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں خبر دی کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے رات کو مسجد میں کسی قاری کو قرآن پڑھتے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے اس نے تو مجھے فلاں فلاں آیت یاد دلا دی جو میں نے فلاں فلاں سورة میں سے (بھول کر) چھوڑ دی تھی۔