کتاب 35: باب الْبُكَاءِ عِنْدَ قِرَاءَةِ الْقُرْآنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5055
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے سلیمان سے، سلیمان نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ یحيٰ (قطان) نے کہا: اس حدیث کا کچھ (حصہ) عمرو بن مرہ سے مروی ہے۔ (حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ نے کہا:) مجھے نبی ﷺ نے فرمایا۔ نیز مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ اعمش نے کہا: اور اس حدیث کا کچھ حصہ عمرو بن مرہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم سے روایت کی۔ اور (سفیان ثوری) نے اپنے باپ (سعید بن مسروق) سے، ان کے باپ نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے قرآن پڑھ کر سناؤ۔ کہتے تھے: میں نے کہا: کیا میں آپؐ کو پڑھ کر سناؤں حالانکہ آپؐ پر نازل کیا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں پسند کرتا ہوں کہ دوسرے سے سنوں۔ کہتے تھے: میں نے سورة النساء پڑھی یہاں تک کہ جب اس آیت پر پہنچا: اور ان کا کیا حال ہو گا جب ہم ہر ایک جماعت میں سے ایک گواہ لائیں گے اور تجھے ان لوگوں کے متعلق (بطور) گواہ لائیں گے۔ آپؐ نے مجھے فرمایا: رُک جاؤ یا (فرمایا:) ٹھہر جاؤ۔ میں نے آپؐ کی آنکھوں کو دیکھا، آنسو بہا رہی تھیں۔
صحیح بخاری 5056
قیس بن حفص (بصری) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ سلمانی سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے نبی ﷺ نے فرمایا: مجھے (قرآن) پڑھ کر سناؤ۔ میں نے کہا: کیا میں آپؐ کو پڑھ کر سناؤں حالانکہ آپؐ پر تو نازل کیا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں پسند کرتا ہوں کہ دوسرے سے سنوں۔