کتاب 2: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكُمُ الْبَاءَةَ فَلْيَتَزَوَّجْ، لأَنَّهُ أَغَضُّ لِلْبَصَرِ وَأَحْصَنُ لِلْفَرْجِ»، وَهَلْ يَتَزَوَّجُ مَنْ لاَ أَرَبَ لَهُ فِي النِّكَاحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5065
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم (نخعی) نے مجھے بتایا۔ ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے ساتھ تھا۔ حضرت عثمانؓ منیٰ میں اُن سے ملے اور کہنے لگے: ابوعبدالرحمٰنؓ! مجھے تم سے کچھ کام ہے اور وہ دونوں الگ ہوگئے۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: ابوعبدالرحمٰنؓ! کیا تمہیں خواہش ہے کہ ہم تمہاری ایسی کنواری سے شادی کر دیں جو تمہیں جوانی کا زمانہ یاد دلا دے۔ جب حضرت عبداللہؓ نے دیکھا کہ انہیں اس کی کوئی ضرورت نہیں تو انہوں نے مجھے اشارہ کیا اور کہنے لگے: علقمہ! میں ان کے پاس گیا۔ اور وہ (حضرت عثمانؓ سے یہ) کہہ رہے تھے: دیکھیں اگر آپؓ یہ کہتے ہیں تو نبی ﷺ بھی ہم سے یہ فرما چکے ہیں: اے جوانو! جو تم میں سے بیاہ کی طاقت رکھتا ہے تو وہ شادی کرلے اور جو طاقت نہیں رکھتا تو اسے روزے رکھنے چاہیں کیونکہ یہ اس کی شہوت کو کمزور کرنے کا موجب ہوں گے۔