کتاب 4: باب كَثْرَةِ النِّسَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5067
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: عطاء نے مجھے بتایا۔
کہا: ہم سرف میں حضرت ابن عباسؓ کے ساتھ حضرت میمونہؓ کے جنازے میں شریک ہوئے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: یہ نبی ﷺ کی زوجہ ہیں۔ جب تم اِن کا جنازہ اُٹھاؤ تو اِسے ہلاؤ نہیں اور نہ اسے لڑکھڑاؤ اور آہستہ چلو۔ کیونکہ نبی ﷺ کے پاس نَو (ازواج) تھیں۔ آٹھ کے پاس تو باری باری جاتے تھے اور ایک کے لئے باری مقرر نہ کی ہوئی تھی۔
صحیح بخاری 5068
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک ہی رات میں اپنی تمام ازواج کے پاس چکر لگایا کرتے تھے۔ اور اس وقت آپؐ کی نَو اَزواج تھیں۔ اور خلیفہ (بن خیاط) نے مجھے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ نے اُن سے نبی ﷺ کے متعلق یہی روایت بیان کی۔
صحیح بخاری 5069
علی بن الحکم انصاری نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے رقبہ (بن مصقلہ) سے، رقبہ نے طلحہ یامی سے، طلحہ نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت ابن عباسؓ نے پوچھا: کیا تم نے شادی کی ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: شادی کر لو کیونکہ اس امت میں سے جو بہتر تھے اُنہی کی زیادہ بیویاں تھیں۔