کتاب 8: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّبَتُّلِ وَالْخِصَاءِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5073

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ أَخْبَرَنَا ابْنُ شِهَابٍ سَمِعَ سَعِيدَ بْنَ الْمُسَيَّبِ يَقُولُ سَمِعْتُ سَعْدَ بْنَ أَبِي وَقَّاصٍ يَقُولُ رَدَّ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى عُثْمَانَ بْنِ مَظْعُونٍ التَّبَتُّلَ وَلَوْ أَذِنَ لَهُ لاَخْتَصَيْنَا.

احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے سعید بن مسیب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو کہتے سنا: رسول اللہ ﷺ نے حضرت عثمان بن مظعونؓ کو مجرد رہنے کی اجازت نہ دی اور اگر آپؐ انہیں اجازت دیتے تو ہم ضرور خصی ہو جاتے۔

صحیح بخاری 5074

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ أَنَّهُ سَمِعَ سَعْدَ بْنَ أَبِي وَقَّاصٍ يَقُولُ لَقَدْ رَدَّ ذَلِكَ ـ يَعْنِي النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم ـ عَلَى عُثْمَانَ وَلَوْ أَجَازَ لَهُ التَّبَتُّلَ لاَخْتَصَيْنَا.

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ کہا: سعید بن مسیب نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے حضرت سعد بن ابی وقاصؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: آپؐ نے اسے ردّ کردیا۔ یعنی نبی ﷺ نے حضرت عثمان بن مظعونؓ کو اجازت نہیں دی۔ اور اگر آپؐ ان کو مجرد رہنے کی اجازت دیتے تو ہم خصی ہی ہو جاتے۔

صحیح بخاری 5075

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنْ إِسْمَاعِيلَ عَنْ قَيْسٍ قَالَ قَالَ عَبْدُ اللَّهِ كُنَّا نَغْزُو مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَلَيْسَ لَنَا شَىْءٌ فَقُلْنَا أَلاَ نَسْتَخْصِي فَنَهَانَا عَنْ ذَلِكَ ثُمَّ رَخَّصَ لَنَا أَنْ نَنْكِحَ الْمَرْأَةَ بِالثَّوْبِ ثُمَّ قَرَأَ عَلَيْنَا {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لاَ تُحَرِّمُوا طَيِّبَاتِ مَا أَحَلَّ اللَّهُ لَكُمْ وَلاَ تَعْتَدُوا إِنَّ اللَّهَ لاَ يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ}.

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد بجلی) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ کہتے تھے کہ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جنگ کے لئے نکلا کرتے تھے اور ہمارے پاس کچھ نہ ہوتا۔ ہم نے کہا: کیا ہم خصی نہ ہو جائیں؟ آپؐ نے ہم کو اس سے روکا۔ پھر آپؐ نے ہمارے لئے آسان کردیا کہ ہم عورت سے کپڑے کے عوض میں نکاح کر لیں۔ پھر آپؐ نے ہمارے سامنے یہ آیت پڑھی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ … یعنی اے وہ جو ایمان لائے ہو! پاکیزہ چیزیں جو اللہ نے تمہارے لئے جائز قرار دی ہیں حرام قرار نہ دو، حد سے نہ بڑھو، اللہ حد سے بڑھنے والوں سے محبت نہیں رکھتا۔

صحیح بخاری 5076

وَقَالَ أَصْبَغُ أَخْبَرَنِي ابْنُ وَهْبٍ عَنْ يُونُسَ بْنِ يَزِيدَ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي رَجُلٌ شَابٌّ وَأَنَا أَخَافُ عَلَى نَفْسِي الْعَنَتَ وَلاَ أَجِدُ مَا أَتَزَوَّجُ بِهِ النِّسَاءَ فَسَكَتَ عَنِّي ثُمَّ قُلْتُ مِثْلَ ذَلِكَ فَسَكَتَ عَنِّي ثُمَّ قُلْتُ مِثْلَ ذَلِكَ فَسَكَتَ عَنِّي ثُمَّ قُلْتُ مِثْلَ ذَلِكَ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " يَا أَبَا هُرَيْرَةَ جَفَّ الْقَلَمُ بِمَا أَنْتَ لاَقٍ فَاخْتَصِ عَلَى ذَلِكَ أَوْ ذَرْ ".

اور اصبغ (بن فرج) نے کہا: (عبداللہ) ابن وہب نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے یونس بن یزید (ایلی) سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ (عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نے عرض كيا: یا رسول اللہ! میں جوان مرد ہوں اور میں اپنے متعلق ڈرتا ہوں کہ کہیں گناہ نہ کر بیٹھوں اور میں اتنی استطاعت بھی نہیں رکھتا کہ جس سے عورتوں سے شادی کروں۔ آپؐ میری بات سن کر خاموش ہو رہے۔ پھر میں نے ویسے ہی کہا۔ آپؐ پھر خاموش رہے۔ پھر میں نے ویسے ہی کہا۔ تب بھی آپؐ خاموش رہے۔ پھر میں نے ویسے ہی کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوہریرہؓ! جو تمہیں ملنا تھا اُس کو لکھ کر قلم خشک ہوگئی۔ اس تقدیر کے ہوتے ہوئے اب خصی کرو یا نہ کرو۔

10 von 10 heute frei