کتاب 13: باب اتِّخَاذِ السَّرَارِيِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5083
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ صالح بن صالح ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ (عمر) شعبی نے ہمیں بتایا کہ ابوبُردہ (بن ابی موسیٰ اشعری) نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس لونڈی ہو اور وہ اُس کو تعلیم دے اور اچھی تعلیم دے اور اُس کو ادب سکھائے اور اچھا ادب سکھائے اور پھر اُس کو آزاد کر دے اور اس سے شادی کر لے تو اُس کو دو ثواب ملیں گے۔ اور اہل کتاب میں سے جو شخص بھی اپنے نبی پر ایمان لایا اور مجھ پر بھی ایمان لایا اُس کو بھی دو ثواب ملیں گے۔ اور جس غلام نے اپنے مالکوں کا اور اپنے ربّ کا حق ادا کیا اُس کو بھی دو اجر ملیں گے۔ (عمر) شعبی نے کہا: اس حدیث کو یونہی مفت لے لو۔ آدمی اس سے ادنیٰ بات کے لئے مدینہ سوار ہو کر جایا کرتا تھا۔ اور ابوبکر (بن عیاش) نے بھی اس حدیث کو ابوحَصین سے نقل کیا۔ ابوحصین نے ابوبُردہ سے، ابوبردہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (اس میں یہ الفاظ ہیں:) اُس کو آزاد کیا اور اُس کو حق مہر دیا۔
صحیح بخاری 5084
سعید بن تلید نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: جریر بن حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا۔ نیز سلیمان (بن حرب) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حماد بن زید سے، حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ حضرت ابراہیمؑ نے تین باتوں کے سوا خلافِ واقعہ نہیں کہا۔ ایک بار حضرت ابراہیمؑ ایک ظالم بادشاہ کے ملک سے گزرے اور حضرت ابراہیمؑ کے ساتھ حضرت سارہؑ تھیں۔ انہوں نے سارا واقعہ بیان کیا (اور کہا:) بادشاہ نے حضرت سارہؑ کو حضرت ہاجرہؑ دی۔ حضرت سارہؑ نے (حضرت ابراہیمؑ سے) کہا: اللہ نے کافر کا ہاتھ روکا اور آجر خدمت کے لئے دلوائی۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اے آسمان کے پانی کے بیٹو! یہی تمہاری ماں ہے۔
صحیح بخاری 5085
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر اور مدینہ کے درمیان تین دن قیام کیا کہ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو آپؐ کے ہاں رخصت کیا جائے۔ پھر میں نے مسلمانوں کو آپؐ کے ولیمہ کی دعوت دی۔ اس میں نہ روٹی تھی نہ گوشت۔ چمڑے کے دستر خوان بچھانے کا حکم دیا گیا اور اس پر آپؐ نے کھجور، پنیر اور گھی رکھ دیا اور یہی آپؐ کا ولیمہ تھا۔ مسلمان کہنے لگے: کیا یہ اُمہات المؤمنین میں سے ایک ہیں یا اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ لوگوں نے کہا: اگر آپؐ نے اُن کو پردہ میں رکھا تو وہ اُمہات المؤمنین میں سے ہیں اور اگر اُن کو پردے میں نہ رکھا تو وہ اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ جب آپؐ نے کوچ کیا تو آپؐ نے حضرت صفیہؓ کے لئے اپنے پیچھے بیٹھنے کی جگہ درست کی اور اُن کے اور لوگوں کے درمیان پردہ تان دیا۔