کتاب 15: بَابُ تَزْوِيجِ الْمُعْسِرِ لِقَوْلِهِ تَعَالَى: {إِنْ يَكُونُوا فُقَرَاءَ يُغْنِهِمُ اللَّهُ مِنْ فَضْلِهِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5087
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سلمہ بن دینار) سے، انہوں نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں اس لئے آئی ہوں کہ اپنے تئیں آپؐ کو ہبہ کر لوں۔ (حضرت سہلؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس کو نظر اُٹھا کر دیکھا اور اس کو اُوپر تلے غور سے دیکھا اور نظر نیچے کر لی۔ پھر آپؐ نے اپنا سر جھکا لیا۔ جب اُس عورت نے دیکھا کہ آپؐ نے اس کے متعلق کچھ فیصلہ نہیں کیا وہ بیٹھ گئی۔ آپؐ کے ساتھیوں میں سے ایک شخص اُٹھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ کو اس عورت کی ضرورت نہیں تو آپؐ مجھ سے ہی اس کی شادی کر دیں۔ آپؐ نے پوچھا: اور کیا تمہارے پاس کچھ ہے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے رشتہ داروں کے پاس جاؤ اور دیکھو کیا تمہیں کوئی چیز مل سکتی ہے۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: بخدا! مجھے کچھ نہیں ملا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو ایک لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں ملا۔ لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ یہ میرا تہ بند ہے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: اس کے پاس (اُوپر اوڑھنے کی) چادر بھی نہ تھی۔ (وہ کہنے لگا: یہ تہ بند) آدھا اس کو دے دیتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ تمہارے تہ بند سے کیا کرے گی۔ اگر تم نے اِس کو پہنا تو اِس میں سے اُس پر کچھ نہ رہے گا اور اگر اُس نے لیا تو تم پر اس میں سے کچھ نہ رہے گا۔ (یہ سن کر) وہ شخص بیٹھ گیا یہاں تک کہ بہت دیر تک بیٹھے بیٹھے آخر کھڑا ہو کر چل دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اُس کو پیٹھ موڑ کر جاتے ہوئے دیکھا۔ آپؐ نے اُس کو بلوانے کے لئے فرمایا اور اُسے بلایا گیا۔ جب وہ آیا آپؐ نے پوچھا: تمہیں قرآن سے کیا یاد ہے؟ اس نے کہا: مجھے فلاں فلاں سورة یاد ہے۔ اُس نے ان کو شمار کیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم انہیں زبانی پڑھا کرتے ہو۔ اس نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ، میں نے اُن سورتوں کے بدلہ میں جو تمہیں یاد ہیں یہ عورت تمہارے قبضہ میں کر دی۔