کتاب 16: باب الأَكْفَاءِ فِي الدِّينِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5088
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ بن ربیعہ بن عبد شمس نے، اور وہ اُن لوگوں میں سے تھے جو نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے، سالمؓ (بن معقل) کو اپنا بیٹا بنایا اور اُن سے اپنی بھتیجی ہندؓ کی شادی کر دی جو ولید بن عتبہ بن ربیعہ کی بیٹی تھیں۔ اور یہ (سالمؓ) ایک انصاری عورت کے (آزاد کردہ) غلام تھے۔ انہوں نے اس کو اُسی طرح بیٹا بنایا جیسے نبی ﷺ نے حضرت زیدؓ کو بیٹا بنایا تھا۔ اور جاہلیت میں جو کسی شخص کو اپنا بیٹا بناتا تو لوگ اس کو اسی کی طرف منسوب کرکے پکارتے اور وہ اُس کی وراثت کا وارث ہوتا۔ (یہی حال رہا) یہاں تک کہ اللہ نے یہ حکم نازل کیا: یعنی (چاہیئے کہ) اُن (لے پالکوں) کو اُن کے باپوں کا بیٹا کہہ کر پکارو۔ یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ فعل ہے۔ اور اگر تم کو معلوم نہ ہو کہ اُن کے باپ کون ہیں تو (بہر حال) وہ تمہارے دینی بھائی ہیں اور دینی دوست ہیں، اس لئے وہ پھر اُن کے باپوں کی طرف ہی منسوب کئے جانے لگے۔ جس کا باپ معلوم نہ ہوتا وہ مولیٰ اور دینی بھائی کے نام سے پکارا جاتا۔ حضرت سہلہؓ بنت سہیل بن عمرو قریشی عامری جو کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ کی بیوی تھیں نبی ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! ہم سالم کو بیٹا سمجھا کرتے تھے اور اب اللہ نے اس کے متعلق وہ کچھ حکم نازل کیا ہے جو آپؐ جانتے ہی ہیں۔ پھر انہوں نے ساری حدیث کا ذکر کیا۔
صحیح بخاری 5089
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ حضرت ضباعہ بنت زبیرؓ کے پاس آئے۔ آپؐ نے اس سے پوچھا: شاید تو حج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس نے کہا: بخدا میں تو اپنے تئیں بیمار ہی پاتی ہوں۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: حج کا احرام باندھ لو اور مشروط کر دو اور کہو: اے اللہ! میں وہیں احرام کھول دوں گی جہاں بھی تو نے مجھے روک دیا۔ اور یہ حضرت مقداد بن اسودؓ کی بیوی تھی۔
صحیح بخاری 5090
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ (عبیداللہ نے) کہا: سعید بن ابی سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چار غرضوں سے عورت سے نکاح کیا جاتا ہے۔ اس کے مال کی وجہ سے، اس کے حسب نسب کی وجہ سے، اور اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کی دین داری کی وجہ سے۔ دین دار عورت کو غنیمت سمجھو۔ ورنہ تمہارے ہاتھ خاک آلودہ ہوں گے۔
صحیح بخاری 5091
ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالعزیز) ابن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہلؓ (بن سعد ساعدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے سامنے سے گزرا۔ آپؐ نے پوچھا: تم اس شخص کے متعلق کیا کہتے ہو؟ انہوں نے کہا: اس شان کا ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو اِس کا نکاح کردیا جائے اور اگر وہ سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول ہو اور اگر وہ بات کرے تو اس کی بات توجہ سے سنی جائے۔ (سہلؓ) کہتے تھے: یہ سن کر آپؐ خاموش ہوگئے۔ پھر غریب مسلمانوں میں سے ایک شخص گزرا۔ آپؐ نے پوچھا: اس کے متعلق تم کیا کہتے ہو؟ انہوں نے کہا: یہ اس قابل ہے کہ اگر شادی کا پیغام بھیجے تو اس کا کہیں بھی نکاح نہ کیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول نہ ہو اور اگر بات کرے تو توجہ سے نہ سنی جائے۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ شخص ایسا ہے کہ اگر پہلے شخص جیسے انسانوں سے زمین بھر بھی جائے تو بھی یہ ان سے بہتر ہے۔