کتاب 18: باب مَا يُتَّقَى مِنْ شُؤْمِ الْمَرْأَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5093
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمزہ اور سالم سے جو حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے بیٹے تھے، ان دونوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نحوست عورت اور گھر اور گھوڑے میں (بھی) ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 5094
محمد بن منہال نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا۔ عمر بن محمد عسقلانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: لوگوں نے نبی ﷺ کے پاس نحوست کا ذکر کیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: اگر نحوست کسی چیز میں ہو تو پھر گھر، عورت اور گھوڑے میں ہوگی۔
صحیح بخاری 5095
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد (ساعدیؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر کسی چیز میں ہے تو پھر گھوڑے، عورت اور گھر میں۔
صحیح بخاری 5096
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان (بن طرخان) تیمی سے روایت کی۔ سلیمان نے کہا: میں نے ابوعثمان نہدی سے سنا۔ انہوں نے حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے، حضرت اسامہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مردوں کو نقصان دینے والا کوئی فتنہ عورتوں سے بڑھ کر میں نے اپنے بعد نہ چھوڑا۔