کتاب 21: بَابُ: {وَأُمَّهَاتُكُمُ اللاَّتِي أَرْضَعْنَكُمْ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5099
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے عَمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس تھے اور انہوں نے ایک شخص کی آواز سنی جو حضرت حفصہؓ کے گھر میں جانے کی اجازت مانگ رہا تھا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ ایک شخص ہے جو آپؐ کے گھر میں جانے کی اجازت مانگتا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں سمجھتا ہوں کہ فلاں ہے جو حضرت حفصہؓ کا رضاعی چچا تھا۔ حضرت عائشہؓ نے اپنے رضاعی چچا کے متعلق پوچھا: اگر فلاں زندہ ہوتا تو وہ میرے پاس اندر آتا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ رضاعت بھی اُن رشتوں کو معزز کر دیتی ہے جنہیں ولادت معزز کرتی ہے۔
صحیح بخاری 5100
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا: کیا آپؐ حمزہؓ کی بیٹی سے شادی نہیں کر لیتے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ اور بشر بن عمر نے بھی اسی طرح نقل کیا۔ انہوں نے کہا: ہم سے شعبہ نے بیان کیا کہ میں نے قتادہ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے جابر بن زید سے سنا۔
صحیح بخاری 5101
حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے اُنہیں خبر دی کہ حضرت ابوسفیانؓ کی بیٹی حضرت اُمّ حبیبہؓ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ میری بہن سے جو ابوسفیانؓ کی بیٹی ہے نکاح کرلیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس کو پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: ہاں میں آپؐ کے لئے تنہا تو ہوں نہیں، اور پسند کرتی ہوں کہ جو بھلائی میں میری شریک ہو وہ میری بہن ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ میرے لئے جائز نہیں۔ (حضرت ام حبیبہؓ کہتی تھیں) میں نے کہا: ہمیں بتایا جاتا ہے کہ آپؐ ابوسلمہؓ کی بیٹی سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُم سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر وہ میری پرورش میں میری ربیبہ نہ ہوتی تب بھی میرے لئے جائز نہ ہوتی، کیونکہ وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ مجھے اور ابوسلمہؓ کو ثویبہ نے دودھ پلایا تھا۔ اس لئے تم اپنی بیٹیاں مجھ پر پیش نہ کیا کرو اور نہ ہی اپنی بہنیں۔ عروہ نے کہا: اور ثویبہ ابولہب کی لونڈی تھی۔ ابولہب نے اُسے آزاد کر دیا تھا۔ اور اُس نے نبی ﷺ کو دودھ پلایا تھا۔ جب ابولہب مر گیا تو اُس کے کسی رشتہ دار کو نہایت ہی بُرے حال میں خواب میں دکھایا گیا۔ اس نے اس سے پوچھا: کیسے گزری؟ ابولہب نے کہا: تم سے جدا ہونے کے بعد آرام نہیں پاتا سوائے اس کے کہ ثویبہ کو آزاد کرنے کے عوض میں مجھے کچھ پانی پلادیا جاتا ہے۔