کتاب 24: باب شَهَادَةِ الْمُرْضِعَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5104
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ایوب (سختیانی) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھ سے عبید بن ابی مریم نے بیان کیا۔ وہ حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کرتے تھے۔ (عبداللہ بن ابی ملیکہ نے) کہا: اور میں نے بھی یہ حدیث خود حضرت عقبہؓ سے سنی مگر عبید کی حدیث مجھے زیادہ یاد ہے۔ (حضرت عقبہؓ نے) کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی۔ اتنے میں ایک سیاہ فام عورت آئی، وہ کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا تھا۔ یہ سن کر میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: میں نے فلاں عورت سے جو فلاں کی بیٹی ہے شادی کی۔ پھر ایک سیاہ فام عورت ہمارے پاس آئی اور اس نے مجھے کہا: میں نے تو تم دونوں کو دودھ پلایا تھا حالانکہ وہ جھوٹی ہے۔ آپؐ نے مجھ سے منہ پھیر لیا۔ میں آپؐ کے سامنے اس طرف سے آیا جس طرف آپؐ کا منہ تھا۔ میں نے کہا وہ جھوٹی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اب تم اس کے ساتھ کیسے رہ سکتے ہو جبکہ وہ عورت یہ کہتی ہے کہ اس نے تم دونوں کو دودھ پلایا تھا۔ اس عورت کو علیٰحدہ کر دو۔ اور اسماعیل نے اپنی دونوں انگلیوں یعنی سبابہ اور درمیانی انگلی سے اشارہ کیا کہ ایوب نے اس طرح اشارہ کیا تھا۔