کتاب 25: باب مَا يَحِلُّ مِنَ النِّسَاءِ وَمَا يَحْرُمُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5105
اور احمد بن حنبل نے ہم سے کہا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ حبیب (بن ابی ثابت) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ خاندانی رشتوں میں سے سات حرام ہیں اور دامادی رشتوں میں سے بھی سات حرام ہیں۔ یہ کہہ کر اُنہوں نے یہ آیت پڑھی: حُرِّمَتْ عَلَيْكُمْ اُمَّهٰتُكُمْ۔ اور حضرت عبداللہ بن جعفر (بن ابی طالبؓ) نے حضرت علیؓ کی بیٹی اور حضرت علیؓ کی بیوی دونوں کو ایک وقت میں اپنے نکاح میں رکھا۔ اور ابن سیرین نے کہا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور حسن (بصری) نے ایک دفعہ اسے بُرا منایا اور پھر کہا: اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور حسن بن حسن بن علی نے ایک ہی رات میں اپنے چچا کی دو بیٹیوں سے شادی کی۔ اور جابر بن زید نے اسے بُرا منایا، اس لئے کہ (بہنوں میں) ناچاقی ہوتی ہے، اور اس میں حرمت نہیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَ اُحِلَّ لَكُمْ… یعنی ان کے سوا تمہارے لئے حلال کی گئیں۔ اور عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا: اگر اپنی بیوی کی بہن سے زنا کرے تو اس کی بیوی اس پر حرام نہ ہوگی۔ اور یحيٰ (بن قیس) کندی سے مروی ہے کہ انہوں نے شعبی اور ابوجعفر سے اس شخص کے متعلق روایت کی جو اغلام باز ہو۔ اگر وہ اس کے ساتھ پورے طور پر بدکاری کرے تو اس کی ماں سے نکاح نہ کرے۔ اور یہ یحيٰ راوی غیر معروف ہے، روایت میں کسی نے اس کی پیروی نہیں کی۔ اور عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا: اگر کسی نے اپنی خوشدامن سے زنا کیا تو اس کی بیوی اس پر حرام نہ ہوگی۔ اور ابونصر سے بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت ابن عباسؓ نے اس کو حرام قرار دیا۔ اور یہ ابونصر ایسا شخص ہے اس کے متعلق معلوم نہیں ہوا کہ اس نے یہ روایت حضرت ابن عباسؓ سے سنی۔ اور حضرت عمران بن حصینؓ اور جابر بن زید اور حسن (بصری) اور بعض اہل عراق سے مروی ہے کہ وہ اس پر حرام ہوجائے گی۔ اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ جب تک اس کو زمین پر چت نہ لگادے وہ حرام نہ ہوگی۔ اور (سعید) بن مسیب، عروہ اور زُہری نے اس کو جائز قرار دیا۔ اور زُہری نے کہا: حضرت علیؓ کہتے تھے کہ حرام نہ ہوگی۔ اور یہ روایت مرسل ہے۔