کتاب 26: بَابُ: {وَرَبَائِبُكُمُ اللاَّتِي فِي حُجُورِكُمْ مِنْ نِسَائِكُمُ اللاَّتِي دَخَلْتُمْ بِهِنَّ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5106
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت زینب (بنت ابی سلمہؓ) سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم حبیبہؓ سے روایت کی، وہ کہتی تھیں کہ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو ابوسفیان کی بیٹی (سے شادی) کی خواہش ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میں اسے کیا کروں گا۔ میں نے کہا: آپؐ نکاح کریں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم یہ پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: میں آپؐ کے لئے اکیلی نہیں رہنے کی اور آپؐ میں جو میرا شریک ہو مجھے زیادہ پسند ہے کہ میری بہن ہو۔ آپؐ نے فرمایا: وہ میرے لئے جائز نہیں۔ میں نے کہا: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ آپؐ شادی کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُم سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر وہ میری ربیبہ نہ ہوتی تب بھی وہ میرے لئے جائز نہ تھی، ثویبہ نے مجھے اور اس کے باپ کو دودھ پلایا تھا۔ تم اپنی بیٹیاں مجھے نہ پیش کیا کرو اور نہ اپنی بہنیں۔ لیث (بن سعد) نے کہا کہ ہم سے ہشام نے بیان کیا کہ وہ حضرت دُرّہ بنت اُم سلمہؓ تھیں۔