باب 33: باب عَرْضِ الْمَرْأَةِ نَفْسَهَا عَلَى الرَّجُلِ الصَّالِحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5120
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ مرحوم (بن عبدالعزیز بصری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ثابت بنانی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں حضرت انسؓ کے پاس تھا۔ اس وقت اُن کے پاس ان کی ایک بیٹی بھی بیٹھی تھی۔ حضرت انسؓ نے کہا: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی کہ اپنے تئیں آپؐ کو پیش کرے۔ کہنے لگی: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو میری ضرورت ہے؟ حضرت انسؓ کی بیٹی یہ سن کر بولی: کیا ہی بے حیا وہ تھی، کیا ہی عار کی بات کی ہے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: وہ تم سے بہتر تھی جس نے نبی ﷺ کو پسند کیا اور پھر اپنے تئیں آپؐ کو پیش کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5121
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابو غسان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو حازم (سلمہ بن دینار) نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ ایک عورت نے اپنے تئیں نبی ﷺ کے لئے پیش کیا تو ایک شخص نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس سے میرا نکاح کردیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارے پاس کیا ہے؟ اس نے کہا: میرے پاس کچھ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اور کچھ ڈھونڈو، اگرچہ لوہے کی انگوٹھی ہی ہو۔ چنانچہ وہ گیا اور کچھ دیر بعد لوٹ آیا اور کہنے لگا: کچھ نہیں، اللہ کی قسم کچھ نہیں ملا۔ لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں ملی۔ البتہ یہ میرا تہ بند ہے۔ اس کا آدھا اسے دئیے دیتا ہوں۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: اس کے پاس اوپر کی چادر بھی نہ تھی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ تمہارے تہ بند سے کیا کرے گی۔ اگر تو نے پہنا تو اس کے پہننے کے لئے اس میں سے کچھ نہ رہے گا اور اگر اس نے پہنا تو تمہارے پہننے کے لئے کچھ نہ رہے گا۔ وہ شخص بیٹھ گیا اور آخر جب اسے بیٹھے ہوئے بہت دیر ہوگئی تو وہ اُٹھ کر چل پڑا۔ نبی ﷺ نے اس کو جاتے ہوئے دیکھا تو آپؐ نے اس کو بلایا یا (کہا:) اس کو بلا کر (آپؐ کے پاس) لائے۔ آپؐ نے اس سے پوچھا: تمہیں قرآن سے کیا کچھ یاد ہے۔ اس نے چند سورتوں کو گن کر کہا: مجھے فلاں فلاں سورۃ یاد ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہم نے تمہیں یہ قبضے میں دے دی ان سورتوں کے بدلے میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah